• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

سول ایوارڈ کیلئے نامزدگی پر علی ظفر کا خوشی کا اظہار

شائع August 15, 2020
صدر مملکت نے 184 شخصیات کو سول ایوارڈ کیلئے نامزد کیا ہے— فوٹو: اسکرین شاٹ
صدر مملکت نے 184 شخصیات کو سول ایوارڈ کیلئے نامزد کیا ہے— فوٹو: اسکرین شاٹ

پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر نے حکومت پاکستان کی جانب سے صدارتی تمغہ حسن کارکردگی کے لیے نامزدگی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر علی ظفر نے اپنی ایک تصویر جاری کی اور ساتھ ہی لکھا کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا جانا میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔

مزید پڑھیں: علی ظفر کے کورونا وائرس پر بنائے گانے سے شائقین ناراض

علی ظفر نے مزید لکھا کہ میں اللہ کا بہت شکر گزار ہوں اور ہمیشہ اپنے مداحوں اور حامیوں کا مقروض رہوں گا۔

گلوکار کے اس ٹوئٹ پر شفقت امانت علی اور کرکٹر شعیب اختر نے بھی انہیں مبارک باد دی۔

علی ظفر کے ٹوئٹ پر جواب میں پاکستانی اداکار شان شاہد نے بھی خوشی کا اطہار کیا اور انہیں صدارتی ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہا۔

خیال رہے کہ علی ظفر کا شمار پاکستان کے نامور گلوکاروں میں ہوتا ہے اور وہ اداکاری کے میدان میں بھی قسمت آزما چکے ہیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

علی ظفر نے 2010 میں اپنی پہلی بولی وڈ فلم میں کام کیا تھا اور 7 بولی وڈ فلموں کے بعد انہوں نے 2018 میں پاکستانی فلم انڈسٹری میں 'طیفا ان ٹربل' کے ساتھ ڈیبیو کیا تھا۔

انہوں نے بولی وڈ میں 2010 کی فلم ’تیرے بن لادن‘ سے ڈیبیو کیا تھا جس کے بعد انہوں نے ’میرے برادر کی دلہن‘، ’لندن پیرس نیویارک‘، ’چشمے بددور‘، ’ٹوٹل سیاپا‘، ’کل دل‘ اور ’تیرے بن لادن 2‘ میں کام کیا۔

یہ بھی پڑھیں: علی ظفر نے پی ایس ایل کا گانا ریلیز کرکے ’میلہ لوٹ لیا‘

رواں برس مارچ کو پاکستان سپر لیگ کے لیے ایک گانا جاری کرتے ہوئے واقعی 'میلہ لوٹ لیا' تھا جس کے بعد انہوں نے کورونا وائرس کے لیے بھی ایک گانا جاری کیا تھا۔

انہوں نے ماضی کے مشہور گانے 'کو کو کورینا' کو تبدیل کرتے ہوئے 'کو کو کورونا' گانا تیار کیا تھا اور اس کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر بھی کی تھی۔

علاوہ ازیں علی ظفر نے لاک ڈاؤن کے دوران مداحوں کے لیے ایک غزل لکھی تھی جس کا عنوان انہوں نے ’سکون‘ رکھا تھا۔

گلوکار علی ظفر نے گزشتہ روز کام کام کام کے عنوان سے ایک ترانہ بھی جاری کیا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

خیال رہے کہ تمغہ حسن کارکردگی حکومت پاکستان کی طرف سے ایک شہری اعزاز ہے جو پاکستان میں ادب، فنون، کھیل، طب، سائنس اور دیگر شعبوں میں اعلی کاردکرگی دکھانے والوں کو سال میں ایک دفعہ دیا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ اپنے اپنے شعبوں میں عمدہ کارکردگی اور بہترین خدمات کا مظاہرہ کرنے پر حکومت کی جانب سے سال میں ایک مرتبہ سول ایوارڈ دیا جاتا ہے۔

صدر مملکت نے 14 اگست کو ' یوم آزادی 'کے موقع پر 184 ملکی اور غیر ملکی شخصیات کے لیے سول ایوارڈز کا اعلان کیا تھا جنہیں 23 مارچ کو 'یوم پاکستان' کے موقع پر منعقد کی جانے والے تقریب میں ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔

مزید پڑھیں: لاک ڈاؤن کے دوران علی ظفر کی غزل ’سکون‘

رواں برس صدر مملکت کی جانب سے 24 شخصیات کے لیے ستارہ شجاعت، 27 کے لیے ستارہ امتیاز، 23 کے لیے تمغہ شجاعت، 46 کے لیے تمغہ امتیاز، 7 کے لیے نشان امتیاز، 2 کے لیے ہلال امتیاز، ایک کے لیے ہلال قائد اعظم، 2 کے لیے ستارہ پاکستان، 6 کے لیے ستارہ قائد اعظم، ایک کے لیے ستارہ خدمت، ایک کے لیے تمغہ پاکستان، ایک کے لیے تمغہ قائد اعظم جبکہ 44 شخصیات کے لیے صدارتی تمغہ حسن کارکردگی کا اعلان کیا گیا ہے۔

صدر پاکستان نے جہاں غیر ملکی شخصیات کو ایوارڈز کے لیے نامزد کیا ہے، وہیں صدر مملکت نے میوزک، اداکاری، ادب اور دیگر فنون لطیفہ کے شعبہ جات سے بھی متعدد شخصیات کو ایوارڈز کے لیے نامزد کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024