• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:57am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:41am
  • ISB: Fajr 5:23am Sunrise 6:51am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:57am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:41am
  • ISB: Fajr 5:23am Sunrise 6:51am

کیا سنجے دت امریکا کے بجائے ممبئی سے علاج کروائیں گے؟

شائع August 18, 2020
ممبئی کے ہسپتال میں سنجے دت کی کیموتھراپی شروع ہونے کے امکانات ہیں—فوٹو: ڈی این اے انڈیا
ممبئی کے ہسپتال میں سنجے دت کی کیموتھراپی شروع ہونے کے امکانات ہیں—فوٹو: ڈی این اے انڈیا

گزشتہ ہفتے بولی وڈ فلم نگری کے سنجو بابا کو تیسرے یا چوتھے درجے کا کینسر لاحق ہونے کی خبروں کے بعد یہ بھی اطلاعات سامنے آئیں تھیں کہ وہ علاج کے لیے جلد امریکا چلے جائیں گے۔

تاہم اب بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے شہر ممبئی کے ہسپتال میں سنجے دت کی کیموتھراپی شروع ہونے کے امکانات ہیں۔

پنک ولا کی رپورٹ میں میڈیا رپورٹس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخر میں سنجے دت کو 2 مختلف ہسپتالوں میں علاج کی غرض سے منتقل کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: سنجے دت سانس لینے میں مشکلات کی شکایت پر ہسپتال میں داخل

اور 16 اگست کو انہیں ہلکے گلابی رنگ کے کرتے میں لیلاوتی ہسپتال سے باہر جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

انہیں ہلکے گلابی رنگ کے کرتے میں لیلاوتی ہسپتال سے باہر جاتے ہوئے دیکھا گیا—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
انہیں ہلکے گلابی رنگ کے کرتے میں لیلاوتی ہسپتال سے باہر جاتے ہوئے دیکھا گیا—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

رپورٹس کے مطابق سنجے دت کی جانب سے اب ممبئی میں کیموتھراپی شروع کرنے کے امکانات ہیں جبکہ پہلے یہ چہ مگوئیاں تھیں کہ بولی وڈ اداکار علاج کے لیے امریکا یا سنگاپور جائیں گے۔

دوسری جانب ممبئی مرر کی رپورٹ کے مطابق دو روز قبل اتوار کو سنجے دت کو اپنی بہن پریا دت کے ساتھ لیلاوتی ہسپتال میں دیکھا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق وہ اپنی اپائنمنٹ سے کافی وقت پہلے آئے تھے اور ڈاکٹر کی آمد تک اپنی گاڑی ہی میں موجود رہے۔

یہ بھی پڑھیں: سنجے دت کو کیسے پتا چلا کہ انہیں کینسر ہے؟

اداکار کو دوپہر 12 بجے ہسپتال میں دیکھا گیا تھا اور ڈاکٹر جلیل پارکر کے ساتھ تفصیلی مشاورت دوپہر سوا 3 بجے تک جاری رہی تھی جس کے بعد ڈاکٹر اور پریا دت ہسپتال سے چلے گئے تھے۔

تاہم سنجے دت مزید 2 گھنٹے تک ہسپتال میں رہے اور شام 5 بجے کے بعد اپنی گاڑی میں واپس روانہ ہوئے، جس سے ظاہر ہوا کہ بولی وڈ اداکار دوبارہ چیک اپ کروانے کے لیے ہسپتال آئے تھے۔

اس سے ایک روز قبل سنجے دت اور پریا دت، اندھیری میں واقع کوکیلا بین ہسپتال گئے تھے اور ان کا دورہ مختصر دورانیے پر مشتمل تھا۔

رپورٹ کے مطابق اداکار کی جانب سے اس ہسپتال میں جلد کیموتھراپی شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

اداکار 8 اگست کو ہسپتال میں داخل ہوئے تھے—فوٹو:اے ایف پی
اداکار 8 اگست کو ہسپتال میں داخل ہوئے تھے—فوٹو:اے ایف پی

یاد رہے کہ سنجے دت کو 8 اگست کے دن سانس لینے کی شکایت پر ممبئی کے نجی لیلاوتی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا تاہم ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا تھا اور 2 روز بعد 10 اگست کو انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا۔

ہسپتال سے ڈسچارج کیے جانے کے ایک دن بعد 11 اگست کو 61 سالہ اداکار نے اعلان کیا تھا کہ وہ علاج کی غرض سے فلمی صنعت سے کچھ عرصے کے لیے وقفہ لے رہے ہیں اور مداحوں کو فکر مند ہونے یا غیرضروری اطلاعات پھیلانے کی ضرورت نہیں۔

مزید پڑھیں: طبیعت بہتر ہونے پر سنجے دت ہسپتال سے ڈسچارج

جس کے بعد اسی روز بھارتی میڈیا نے انکشاف کیا تھا کہ سنجو بابا میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور کینسر تیسرے اسٹیج پر ہے اور وہ علاج کے لیے جلد امریکا روانہ ہوجائیں گے۔

ان کی بیماری کے حوالے سے اہلیہ منائتا دت کا بھی بیان سامنے آیا تھا تاہم سنجے یا منائتا دت میں سے کسی نے بھی اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں دی۔

سنجے دت کی بیماری کی خبروں کے بعد رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کو سنجے دت کے گھر سے باہر جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

اداکار سنجے دت نے حال ہی میں 61 ویں سالگرہ منائی تھی اور مستقبل قریب میں وہ سڑک 2، بھوج اور تربوز نامی فلموں میں نظر آئیں گے جبکہ ان کی فلم کے جی ایف ٹو کی شوٹنگ بھی جاری تھی۔

—فوٹو: پرومو فوٹو فیس بک
—فوٹو: پرومو فوٹو فیس بک

جس کے بعد ان کی فلم کے جی ایف ٹو کے ایگزیکٹو پروڈیوسر کارتھک گوڈا نے بتایا تھا کہ سنجے دت '3 ماہ بعد' فلم مکمل کریں گے۔

دوسری جانب ان کی فلم ' سڑک 2'کا ٹریلر بھی ریلیز ہوچکا ہے جس نے ناکامی کا نیا اعزاز اپنے نام کرلیا اور اس کے ٹریلر کی ویڈیو بھارت میں ناپسند کی جانے والی یوٹیوب کی پہلی ویڈیو بن گئی۔

علاوہ ازیں سنجے دت کے بیمار پڑنے سے کئی فلم سازوں کو اپنی آنے والی فلموں کی فکر پڑ گئی ہے، کیونکہ سنجو بابا کم از کم 6 آنے والی فلموں میں ایکشن میں دکھائی دینے والے تھے اور ان کی فلموں پر مجموعی طور پر فلم سازوں کے 735 کروڑ روپے لگے ہوئے ہیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024