• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

دلیپ کمار کے بھائی کا کورونا وائرس کے باعث انتقال

شائع August 21, 2020
ان کے دونوں بھائیوں  کو 16 اگست کو کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا— فوٹو: ٹوئٹر
ان کے دونوں بھائیوں کو 16 اگست کو کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا— فوٹو: ٹوئٹر

بولی وڈ کے معروف اور لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کے بھائی اسلم خان کورونا وائرس کے باعث ممبئی کے ہسپتال میں دوران علاج انتقال کرگئے۔

خیال رہے کہ ان کے دونوں بھائیوں احسان خان اور اسلم خان کو 16 اگست کو کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بعدازاں دلیپ کمار کے دونوں بھائیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: دلیپ کمار کے 2 بھائی کورونا کا شکار، ہسپتال میں داخل

اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق دلیپ کمار کے چھوٹے بھائی اسلم خان آج (بروز جمعہ) صبح انتقال کرگئے۔

ہسپتال کے مطابق کورونا وائرس کے علاوہ اسلم خان ذیابیطس، فشار خون اور دل کی بیماری اسکیمک (جس میں ٹشوز کو خون کی سپلائی رک جاتی ہے) کا بھی شکار تھے۔

اس سے قبل ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹر نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا تھا کہ دلیپ کمار کے بھائیوں کی حالت ان کی عمروں اور دیگر بیماریوں کی وجہ سے تشویشناک ہے، ان کے اہم اعضا تشویش کا باعث بن رہے ہیں۔

خیال رہے کہ احسان خان اور اسلم خان کو سانس لینے کی شکایت پیدا ہوئی تھی اور ڈاکٹر نیتن گوکھلے نے انہیں ہسپتال میں داخل ہونے کا مشورہ دیا تھا کیونکہ ان کے جسم میں آکسیجن کی سطح انتہائی کم تھی۔

علاوہ ازیں دلیپ کمار کے دونوں بھائی فشار خون اور امراض قلب کا شکار بھی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دلیپ کمار ہسپتال سے ڈسچارج

دلیپ کمار کے دونوں بھائیوں کو ڈاکٹر جلیل پارکر کی نگرانی میں داخل کیا گیا تھا جہاں گزشتہ دنوں اداکار سنجے دت بھی داخل تھے تاہم ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔

اس حوالے سے جب جلیل پارکر سے رابطہ کیا گیا تھا تو انہوں نے بتایا کہ اسلم خان اور احسان خان نان انویسیو وینٹی لیٹر پر ہیں کیونکہ ان میں آکسیجن کی سطح 94 فیصد سے بھی کم تھی اور دونوں کو بخار اور کھانسی بھی تھی۔

بعدازاں دلیپ کمار کے بھائیوں کی ہسپتال داخل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے سائرہ بانو نے بتایا تھا کہ وہ جلیل پارکر اور کارڈیولوجسٹ نیتن گوکھلے کی نگرانی میں زیر علاج ہیں دعا کریں کہ وہ جلد ٹھیک ہوجائیں۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث دلیپ کمار مارچ کے مہینے میں آئسولیشن میں چلے گئے تھے اور اس حوالے سے انہوں نے ٹوئٹر کے ذریعے آگاہ کیا تھا۔

بعدازاں انہوں نے ایک اور ٹوئٹ بھی کیا تھا جس میں انہوں نے لوگوں سے گھروں میں رہنے اور ڈاکٹرز کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی تھی۔

خیال رہے کہ بولی وڈ کے متعدد اداکار کورونا کا شکار ہوئے تھے جو کئی دن تک ہسپتال میں رہنے کے بعد صحت مند ہوئے۔

مزید پڑھیں: دلیپ کمار کی طبیعت ناساز، ہسپتال منتقل

کورونا وائرس سے متاثر ہونے والی بولی وڈ شخصیات میں امیتابھ بچن، ابھیشیک بچن، ایشوریا رائے اور کرن کمار سمیت دیگر شامل ہیں جو کم از کم 10 دن تک ہسپتال میں رہنے کے بعد صحت یاب ہوئے۔

واضح رہے کہ بھارت کورونا کیسز کے حوالے سے امریکا اور برازیل کے بعد تیسرا بڑا متاثر ملک ہے اور وہاں 21 اگست کی صبح تک متاثرہ افراد کی تعداد29 لاکھ سے زائد ہوچکی تھی جب کہ وہاں اموات کی تعداد بھی 54 ہزار سےتجاوز کرچکی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024