• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am

سشانت سنگھ راجپوت کیس: ریاچکر بورتی نے اپنے خلاف الزمات کو بے بنیاد قرار دے دیا

شائع August 28, 2020
سشانت سنگھ نے 14 جون کو خودکشی کی تھی — فوٹو: کوموئی ڈاٹ کام
سشانت سنگھ نے 14 جون کو خودکشی کی تھی — فوٹو: کوموئی ڈاٹ کام

بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ نے 14 جون کو ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر پنکھے سے لٹک کرخودکشی کی تھی اور پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی ان کی موت کی وجہ بظاہر خودکشی کو قرار دیا گیا تھا۔

تاہم ان کی خودکشی کا معاملہ گزرتے وقت کے ساتھ مزید پیچیدہ ہوتا چلا جارہا ہے اور آئے دن نئے انکشافات سامنے آتے ہیں۔

اب سشانت سنگھ کی موت سے متعلق الزامات اور تحقیقات کا سامنا کرنے والی اداکارہریا چکربورتی نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے مختلف انٹرویوز میں اپنے خلاف الزمات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئےکہا ہے کہ انہوں نے اداکار سے ایک روپیہ بھی نہیں لیا۔

مزید پڑھیں: سی بی آئی کی تفتیش میں سشانت کیس میں کئی نئے پہلو سامنے آگئے

انڈیا ٹوڈے کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ریا چکربورتی نے سشانت سنگھ راجپوت کی موت سے متعلق بات کی اور کہا کہ ان پر لگائے گئے الزامات مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ وہ جاننا چاہیں گی کہ 8 جون سے 14 جون کے درمیان سوشانت سنگھ راجپوت کو کیا ہوا تھا جب وہ ان کے ساتھ نہیں تھیں۔

انہوں نے سشانت سنگھ راجپوت کی بڑی بہن میتو سنگھ سے یہ سوال کیا جو 8 سے 13 جون تک اداکار کے ساتھ تھیں۔   سشانت سنگھ راجپوت کی موت خودکشی کے باعث ہوئی یا یہ کوئی حیلہ بازی ہے تو ریا چکربورتی نے کہا کہ میں بھی جاننا چاہتی ہوں کہ 8 سے 14 جون کے درمیان کیا ہوا تھا، میرا ان کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں تھا میں وہاں نہیں تھی۔

یہ بھی پڑھیں: عدالتی احکامات کے بعد سی بی آئی نے سشانت کیس کی تفتیش تیز کردی

اداکارہ نے کہا کہ سشانت کی بہن میتو وہاں تھیں، میں ان سے جاننا چاہتی ہوں کہ اس دوران کیا ہوا تھا یہ خودکشی تھی یا کچھ اور۔

 ریا چکر بورتی نے کہا کہ یہی وجہ تھی کہ پٹنہ میں ایف آئی آر درج ہونے سے قبل انہوں نے سی بی آئی انکوائری کا مطالبہ کیا تھا۔

— فوٹو:انسٹاگرام
— فوٹو:انسٹاگرام

انہوں نے کہا کہ میں سی بی آئی انکوائری چاہتی تھی کیونکہ میں سشانت کی موت سے ایک ہفتے پہلے سے متعلق غیر واضح ہوں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ یہاں تک کہ میں سشانت کے لیے انصاف چاہتی ہوں لیکن میں الجھن کا شکار ہوں، اسے مذاق بنایا گیا ہے اسی لیے میں سی بی آئی انکوائری چاہتی ہوں۔

ریاچکر بورتی نے سی بی آئی جیسے 'اعلیٰ ادارے' کی جانب سے کیس کی تحقیقات کی حمایت کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ہ ایسا ہونا چاہیے تاکہ سشانت سنگھ راجپوت کی موت سے متعلق سچ سامنے آئے۔

دوسری جانب این ڈی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں اپنے خلاف تحقیقات سے متعلق ریا چکر بورتی نے کہا کہ یہ کسی (سشانت کے والد) کی طرف سے انتہائی تکلیف دہ ہے، میں ان کے بیٹے سے محبت کرتی تھی، اس کی دیکھ بھال کرتی تھی۔

ریا چکر بورتی نے مزید کہا کہ یہ واقعی مشکل ہے، مجھ سمیت میرے پورے خاندان کی اسکروٹنی ہورہی ہے، میرے گھر کے گیٹ کے باہر ہجوم موجود ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ آپ لوگ میرے خاندان کے ساتھ کیا کر رہے ہیں؟ آپ نتائج آنے کا انتظار کیوں نہیں کرسکتے؟

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں سسٹم پر اعتماد ہے، اسی لیے ہم زندہ ہیں، ورنہ خود کشی کرلیتے، میرے والد نے 25 سال فوج میں خدمات انجام دیں، اس سب سے میرے اہل خانہ کی ذہنی صحت تباہ ہورہی ہے۔

مزید پڑھیں: بھارتی سپریم کورٹ نے سی بی آئی کو سشانت کیس کی تفتیش کی اجازت دے دی

 اپنے خلاف الزامات سے متعلق ریا چکر بورتی نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں کبھی ڈیلر سے بات نہیں کی یا منشیات نہیں لیں، میں بلڈ ٹیسٹ کے لیے تیار ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں جو بھی کہوں گی اسے غلط سمجھا جائے گا، سشانت کے خاندان نے پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ سشانت سنگھ راجپوت چرس لیتے تھے اور میں نے انہیں روکنے کی کوشش کی تھی۔

ریا چکربورتی نے کہا کہ ان کے خلاف الزامات مکمل طور پر بے بنیاد ہیں اور سشانت سنگھ سے کبھی ایک روپیہ بھی نہیں لیا بلکہ ہماری ایک کمپنی تھی جس میں ہم برابر مالک تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مبئی پولیس انتہائی سخت تھی ، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ سخت تھا اور اسی طرح سی بی آئی بھی ہوگی، میں چاہتا ہوں کہ سچائی سامنے آجائے لیکن مجھے نشانہ بناکر نہیں۔  

ریا چکر بورتی کے معاملے پر ٹوئٹر صارفین منقسم

سشانت سنگھ کی موت سے متعلق مذکورہ بیانات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین ریا چکر بورتی کی حمایت اور مخالفت میں تقسیم ہوگئے۔

پنک ولا کی رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر پر ریا چکر بورتی کو گرفتار کرنے اور ان کی حمایت سے متعلق ArrestRheaNow# اور JusticeForRhea# ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرتے رہے۔

ٹوئٹر پر JusticeForRhea# ٹرینڈ استعمال کرنے والے صارفین کی جانب سے ریا چکر بورتی کو ایک موقع دینے اور نتائج پر پہنچنے سے پہلے انہیں سننے کی حمایت کی گئی۔

دوسری جانب دیگر ٹوئٹر صارفین کا کہنا تھا کہ ریا چکر بورتی نے انٹرویو میں جھوٹ کہا۔

ٹوئٹر صارفین نے اس حوالے سے تنقیدی ٹوئٹس بھی کیے۔

تاہم کچھ نے کہا کہ قصوروار ثابت ہونے تک ریا چکر بورتی بے گناہ ہیں۔

علاوہ ازیں سشانت سنگھ راجپوت کی بہن شویتا سنگھ کیرتی نے ریاچکر بورتی کی جانب سے انٹرویو دیے جانے کی مخالفت کی اور انہیں گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔

اس کے ساتھ ہی ٹوئٹر صارفین نے سشانت سنگھ کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا اور اداکارہ پر تنقید بھی کی۔

خیال رہے کہ سشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد بولی وڈ میں ہنگامہ مچ گیا تھا اور ممبئی پولیس نے ان کی موت کے بعد از خود تفتیش شروع کردی تھی اور تاحال پولیس نے 56 افراد کے بیانات قلم بند کیے تھے۔

سشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد زیادہ تر افراد نے ان کی سابق گرل فرینڈ ریا چکربورتی پر الزامات لگائے اور انہیں اداکار کو پریشان اور بلیک میل کرنے کے الزامات لگائے تھے۔

ریا چکربورتی اور سشانت سنگھ کے درمیان گزشتہ چند سال سے تعلقات تھے اور ریا چکربورتی نے ان سے محبت اور ان کے ساتھ رہنے کا اعتراف بھی کیا تاہم انہوں نے اپنے اوپر لگے دیگر الزامات کو مسترد کیا تھا۔

علاوہ ازیں 19 اگست کو بھارتی سپریم کورٹ نے سی بی آئی کو سشانت کیس کی تفتیش کی اجازت دے دی تھی اور اب سینٹرل بیورو انویسٹی گیشن کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ آج (28 اگست کو) ریاچکر بورتی کو ایک مرتبہ پھر پوچھ گچھ کے لیے بھی طلب کیا گیا ہے۔

— فوٹو:انسٹاگرام
— فوٹو:انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024