• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کورونا کے باوجود ’وینس‘ فلم فیسٹیول کا آغاز

شائع September 2, 2020
اس بار فیسٹیول کو محدود کردیا گیا ہے—فوٹو: وینس ویب سائٹ
اس بار فیسٹیول کو محدود کردیا گیا ہے—فوٹو: وینس ویب سائٹ

کورونا کی وبا کے باوجود دنیا کے قدیم ترین اور مقبول ترین فلم فیسٹیولز میں سے ایک ’وینس‘ فیسٹیول کا آغاز کردیا گیا۔

اٹلی کے شہر وینس میں منعقد ہونے والے فلم فیسٹیول کی انتظامیہ نے رواں سال پہلے ہی واضح کردیا تھا کہ وبا کے باوجود میلے کو مقررہ وقت پر منعقد کیا جائے گا۔

بعد ازاں انتظامیہ نے میلے کی حتمی تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اس بار میلا 2 سے 12 ستمبر تک جاری رہے گا، عام طور پر وینس فلم فیسٹیول 2 ہفتوں تک جاری رہتا ہے تاہم اس بار اسے 10 دن تک محدود رکھا گیا ہے۔

’وینس‘ فلم فیسٹیول کی ویب سائٹ کے مطابق میلے کے پہلے دن 2 ستمبر کو 8 فلموں کی نمائش کی جائے گی، جس میں سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ لوگوں کو شرکت کی اجازت ہوگی۔

اسی طرح میلے کے دوسرے دن 14 فلموں کی نمائش ہوگی اور مجموعی طور پر 12 ستمبر تک 5 درجن فلموں کی نمائش کی جائے گی۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق فلم انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ رواں برس فیسٹیول میں پیش کی جانے والی فلموں میں سے مجموعی طور پر 44 فیصد فلمیں خواتین فلم سازوں کی ہوں گی۔

یہ پہلا موقع ہوگا کہ 77 سال میں اتنی زیادہ خواتین فلم سازوں کی فلموں کی نمائش کی جائے گی، اس سے قبل 2017 سے 2019 کے دوران سالانہ محض 4 فیصد خواتین فلم سازوں کی فلمیں پیش کی جاتی تھیں۔

کورونا کی وبا کے باعث جہاں اس سال فیسٹیول کو محدود کیا گیا ہے، وہیں ریڈ کارپٹ بھی نہیں سجایا گیا جب کہ یورپ کے علاوہ دیگر ممالک کے فنکار بھی فیسٹیول میں شریک نہیں ہوسکے۔

یہ بھی پڑھیں: وبا کے باوجود 2 ستمبر سے 'وینس فلم فیسٹیول' منعقد ہوگا

’وینس‘ فلم فیسٹیول یورپ میں رواں سال منعقد ہونے والا پہلا فلمی میلا ہے جو کورونا کی وبا کے باوجود منعقد ہو رہا ہے۔

اس سے قبل امریکا میں کچھ فلمی میلے ہوئے تھے اور وہاں سینما بھی کھول دیے گئے ہیں۔

اگرچہ یورپ کے بھی متعدد ممالک میں سینما کھول دیے گئے ہیں تاہم ’وینس‘ کے علاوہ تاحال وہاں دوسرے فلم فیسٹیول کا انعقاد نہیں کیا گیا۔

تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ ’وینس‘ فیسٹیول کے بعد یورپ بھر میں دیگر فلم فیسٹیول بھی منعقد کیے جائیں گے اور شوبز سرگرمیوں میں مزید تیزی آئے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024