کینسر کے علاج کے باوجود سنجے دت نے شمشیرا فلم کی شوٹنگ مکمل کرلی
بولی وڈ فلم نگری کے سنجو بابا کے کینسر میں مبتلا ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں اور انہوں نے انڈسٹری سے وفقہ لینے کا اعلان کیا تھا۔
اب سنجے دت نے کینسر کے علاج کے بعد اپنی آنے والی شمشیرا کی شوٹنگ مکمل کروالی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ اداکار کی پہلی کیموتھراپی مکمل ہوگئی ہے اور سنجے دت نے اپنے علاج پر کافی اچھا ردعمل دیا ہے۔
مزید پڑھیں: کینسر کا شکار سنجے دت کی پہلی کیموتھراپی مکمل
رپورٹس میں بتایا گیا تھا سنجے دت کی دوسری کیموتھراپی آئندہ ہفتے 8 یا 9 ستمبر کے قریب شروع ہونے کا امکان ہے۔
تاہم ان کی دوسری کیموتھراپی اب تک شروع نہیں ہوئی بلکہ انہوں نے مختصر وقفے کے بعد اپنی ایک فلم کی شوٹنگ کو مکمل کیا گیا ہے۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ سنجے دت نے شمشیرا فلم کی باقی رہ جانے والے سینز کی شوٹنگ کروالی ہے۔
ذرائع کے مطابق فلم کے لیے رنبیر کپور کی شوٹنگ پہلے ہی مکمل ہوگئی تھی تاہم سنجے دت کا صرف 2 دن کا شوٹ باقی رہتا تھا جو انہوں نے اب مکمل کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں ابتدائی علاج کے بعد سنجے دت کے امریکا جانے کی اطلاعات
اس حوالے سے ذرائع نے مزید بتایا کہ شوٹنگ کے آخری مراحل کے لیے یش راج فلمز کی جانب سے سخت احتیاطی تدابیر اپنائی گئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ شوٹنگ میں موجود ہر شخص نے گھر میں قرنطینہ کیا گیا تھا اور ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ بھی کیا گیا تھا تاکہ سنجے دت کو کسی بھی طریقے سے کوئی خطرہ نہ ہو۔
مزید پڑھیں: سنجے دت کا ابتدائی علاج بھارت میں شروع
ذرائع کا کہنا تھا کہ فلم کی شوٹنگ مکمل کرنے کے لیے انتہائی محفوظ ماحول بنایا گیا تھا۔
گزشتہ روز ای ٹائمز کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ سنجے دت شمشیرا فلم کی شوٹنگ مکمل کروارہے ہیں جو 2 روز تک جاری رہے گی۔
رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ فلم کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد سنجے دت اپنی دوسری کیموتھراپی شروع کروائیں گے۔
علاوہ ازیں سنجے دت کو ممبئی اسٹوڈیو کے باہر گاڑی میں بھی دیکھا گیا تھا۔
شمشیرا فلم میں اداکار رنبیر کپور، سنجے دت اور وانی کپور مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گے، یش راج فلمز کی اس فلم کی ہدایات کرن ملہوترا دے رہے ہیں۔
یہ فلم جولائی میں ریلیز ہونی تھی لیکن اب اسے آئندہ سال ریلیز کیا جائے گا تاہم اس حوالے سے کسی حتمی تاریخ کا اعلان کیا گیا۔
یاد رہے کہ سنجے دت کو ایک ماہ قبل 8 اگست کے دن سانس لینے کی شکایت پر ممبئی کے نجی لیلاوتی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا تاہم ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا تھا اور 2 روز بعد 10 اگست کو انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: طبیعت بہتر ہونے پر سنجے دت ہسپتال سے ڈسچارج
ہسپتال سے ڈسچارج کیے جانے کے ایک دن بعد 11 اگست کو 61 سالہ اداکار نے اعلان کیا تھا کہ وہ علاج کی غرض سے فلمی صنعت سے کچھ عرصے کے لیے وقفہ لے رہے ہیں اور مداحوں کو فکر مند ہونے یا غیر ضروری اطلاعات پھیلانے کی ضرورت نہیں۔
جس کے بعد اسی روز بھارتی میڈیا نے انکشاف کیا تھا کہ سنجو بابا میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور کینسر تیسرے اسٹیج پر ہے اور وہ علاج کے لیے جلد امریکا روانہ ہوجائیں گے۔
ان کی بیماری کے حوالے سے اہلیہ منائتا دت کا بھی بیان سامنے آیا تھا تاہم سنجے یا منائتا دت میں سے کسی نے بھی اداکار کو کینسر کا مرض لاحق ہونے سے متعلق کوئی وضاحت نہیں دی۔
بیماری کی تشخیص کے وقت اداکار سنجے دت کی فلم کے جی ایف ٹو کی شوٹنگ بھی جاری تھی، جس کے بعد ان کی فلم کے جی ایف ٹو کے ایگزیکٹو پروڈیوسر کارتھک گوڈا نے بتایا تھا کہ سنجے دت '3 ماہ بعد' فلم مکمل کریں گے۔
دوسری جانب ان کی فلم 'سڑک 2' کو حال ہی میں ریلیز کیا گیا جس نے ناکامی کا نیا اعزاز اپنے نام کیا تھا اور اس کے ٹریلر کی ویڈیو بھارت میں ناپسند کی جانے والی یوٹیوب کی پہلی ویڈیو بن گئی تھی اور آن لائن ریلیز کے بعد فلم کو کئی شائقین نے خوفناک اور بدترین قرار دیا تھا۔
علاوہ ازیں سنجے دت کے بیمار پڑنے سے کئی فلم سازوں کو اپنی آنے والی فلموں کی فکر پڑ گئی ہے، کیونکہ سنجو بابا کم از کم 6 آنے والی فلموں میں ایکشن میں دکھائی دینے والے تھے اور ان کی فلموں پر مجموعی طور پر فلم سازوں کے 735 کروڑ روپے لگے ہوئے ہیں۔