• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

پی ٹی وی نے راشد محمود سے معافی مانگنے کے بعد اضافی پیسوں کا چیک جاری کردیا

شائع September 16, 2020
اضافی رقم کا چیک ملنے کے باوجود اداکار کا پی ٹی وی کے لیے کام نہ کرنے کا اعلان—فوٹو: ٹوئٹر
اضافی رقم کا چیک ملنے کے باوجود اداکار کا پی ٹی وی کے لیے کام نہ کرنے کا اعلان—فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) انتظامیہ نے سینئر اداکار و صداکار راشد محمود سے محض 620 روپے کا چیک جاری ہونے پر معافی مانگتے ہوئے انہیں اضافی پیسوں کا چیک دے دیا۔

راشد محمود نے 14 ستمبر کو ڈان نیوز سے بات چیت کے دوان انکشاف کیا تھا کہ پی ٹی وی لاہور سینٹر کی انتظامیہ نے انہیں محرم الحرام کے دوران مرثیہ پڑھنے پر محض 620 روپے کا چیک جاری کیا تھا۔

ایوارڈ یافتہ اداکار نے بتایا تھا کہ ان کی جانب سے مرثیہ ریکارڈ کروایا گیا تھا اور اسے چلے ہوئے بھی دو سال ہوگئے تھے اور انہیں حال ہی میں چیک دیا گیا، جس میں ان کی فیس 275 روپے تھی جبکہ دیگر رقم انہیں ملنے والے صدارتی ایوارڈ پرائڈ آف پرفارمنس کی وجہ سے دی گئی۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ پی ٹی وی پر لوگ 15سے 25 لاکھ روپے تک ماہانہ وصول کر رہے ہیں حالانکہ ان کا شوبز سے کوئی تعلق بھی نہیں۔

انہوں نے انتہائی کم معاوضے کا چیک فراہم کیے جانے کے بعد اعلان کیا تھا کہ وہ احتجاجاً آئندہ پی ٹی وی کے لیے کام نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 620 روپے کا چیک دینے پر راشد محمود کا پی ٹی وی کیلئے کام نہ کرنے کا اعلان

راشد محمود کی جانب سے انتہائی کم معاوضے کا چیک فراہم کیے جانے کے معاملے کو سامنے لانے کے بعد پی ٹی وی انتظامیہ نے اس کا نوٹس لیا تھا اور انتظامیہ نے اداکار سے معذرت بھی کی تھی۔

پی ٹی وی نیوز کی جانب سے 14 ستمبر کو ہی اداکار کی ایک ویڈیو جاری کی گئی، جس میں راشد محمود نے بتایا کہ انہیں 620 روپے کا چیک غلطی سے دیا گیا۔

راشد محمود کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) نے انہیں کم پیسوں کا چیک ملنے کا نوٹس لیا اور ایم ڈی نے بتایا کہ انہیں غلطی کی بنیاد پر چیک جاری کیا۔

راشد محمود نے بتایا کہ ایم ڈی پی ٹی وی نے ان سے معذرت بھی کی۔

راشد محمود کو محض 620 روپے کا چیک ملنے پر وزیر اطلاعات شبلی فراز نے بھی ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا تھا کہ سینئر اداکار کو غلطی کی بنیاد پر چیک جاری ہوا اور مذکورہ غلطی پر پی ٹی وی انتظامیہ نے معذرت بھی کرلی۔

پی ٹی وی انتظامیہ کی جانب سے معافی مانگے جانے کے بعد انتظامیہ نے راشد محمود کو نیا اضافی پیسوں کا چیک بھی جاری کردیا۔

راشد محمود نے پی ٹی وی کی جانب سے اضافی پیسوں کا چیک ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے ٹوئٹ کی کہ ان سے پی ٹی وی نے معذرت کے بعد نیا چیک بھجوادیا۔

اداکار نے پی ٹی وی کی جانب سے بھجوائے گئے نئے 9600 روپے کی چیک کی تصویر بھی شیئر کی۔

ساتھ ہی اداکار نے واضح کیا کہ وہ نیا چیک ملنے کے باوجود پی ٹی وی کے ساتھ کام نہیں کریں گے۔

اداکار کے مطابق انہوں نے پی ٹی وی کی جانب سے بھجوائے گئے دونوں چیک کیش نہیں کروائے اور انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ دونوں چیکس کو ڈرائنگ روم میں سجا کر یادگار کے طور پر رکھیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024