• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

'بلیک پینتھر' کے سیکوئل میں چیڈوک بوسمین کا کردار شامل نہ کرنے کی تصدیق

شائع December 12, 2020
بلیک پینتھر کی دوسری فلم کو 2022 میں ریلیز کیا جائے گا، مارول اسٹوڈیو—فائل فوٹو: رائٹرز
بلیک پینتھر کی دوسری فلم کو 2022 میں ریلیز کیا جائے گا، مارول اسٹوڈیو—فائل فوٹو: رائٹرز

گزشتہ ماہ نومبر کے آخر میں یہ خبریں آئی تھیں کہ ہولی وڈ فلم اسٹوڈیو مارول آئندہ برس جولائی میں اپنی مقبول فلم 'بلیک پینتھر' کے سیکوئل کی شوٹنگ پر کام شروع کرے گا۔

ساتھ ہی یہ چہ مگوئیاں بھی تھیں کہ ممکنہ طور پر 'بلیک پینتھر' کے سیکوئل میں چیڈوک بوسمین کے کردار کو بھی مصنوعی ذہانت کی مدد سے یا پھر نئی کاسٹ کی مدد سے شامل کیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

تاہم اب فلم اسٹوڈیو نے تصدیق کی ہے کہ سیکوئل فلم میں آنجھانی اداکار چیڈوک بوسمین کے کردار کو شامل نہیں کیا جائے گا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز نے مارول اسٹوڈیو کے سربراہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کیون فریج نے تصدیق کی کہ سیکوئل فلم میں چیڈوک بوسمین کے کردار کو شامل نہیں کیا جائے گا۔

چیڈوک بوسمین رواں برس اگست میں بڑی آنت کے کینسر کے باعث 43 برس کی عمر میں چل بسے تھے۔

بلیک پینتھر کو 2018 میں ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ
بلیک پینتھر کو 2018 میں ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ

انہوں نے 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم 'بلیک پینتھر' میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

ان کی موت اور کورونا کی وبا کے باعث 'بلیک پینتھر' کے سیکوئل پر کام کو روک دیا گیا تھا، تاہم نومبر کے آخر میں فلم کی ٹیم نے عندیہ دیا تھا کہ آئندہ سال فلم کی شوٹنگ شروع کردی جائے گی۔

اور اب فلم اسٹوڈیو نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ سیکوئل فلم کو ممکنہ طور پر جولائی 2022 تک ریلیز کیا جائے گا اور جلد ہی اس کی شوٹنگ شروع کردی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: فلم 'بلیک پینتھر' کے اداکار چیڈوک بوسمین کینسر کے باعث انتقال کرگئے

خیال کیا جا رہا ہے کہ 'بلیک پینتھر' میں اب چیڈوک بوسمین کے کردار کو ختم کرکے دوسرے کرداروں کو اہم دکھایا جائے گا اور ممکنہ طور پر پہلی فلم میں ان کی بہن کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ کو اب سب سے اہم کردار میں دکھائے جانے کا امکان ہے۔

سیکوئل فلم میں چیڈوک بوسمین کی نوجوان بہن کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ کو اہم کردار میں دکھائے جانے کا امکان ہے—اسکرین شاٹ
سیکوئل فلم میں چیڈوک بوسمین کی نوجوان بہن کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ کو اہم کردار میں دکھائے جانے کا امکان ہے—اسکرین شاٹ

'بلیک پینتھر' کی پہلی فلم میں لتیشیا رائے نے چیڈوک بوسمین کی جواں سالہ بہن کا کردار ادا کیا تھا اور اب ممکنہ طور پر ان کے کردار کو اہم دکھائے جانے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: 'بلیک پینتھر' کے سیکوئل پر آئندہ برس کام شروع ہونے کا امکان

گزشتہ ماہ نومبر میں شوبز ویب سائٹ ہولی وڈ رپورٹر نے ذرائع سے بتایا تھا کہ فلم کی دیگر کاسٹ تقریبا وہی رکھی جائے گی اور دیگر کرداروں کو بھی مزید اہم کیے جانے کا امکان ہے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

ذرائع کے مطابق سیکوئل میں میکسیکن اداکار تنوج ہرتا کو اہم ولن کے کردار کے لیے کاسٹ کیے جانے بھی امکان ہے، تاہم اس حوالے سے مارول اسٹوڈیو نے کوئی وضاحت نہیں کی، لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں اس حوالے سے اسٹوڈیو وضاحت کرے گا۔

خیال رہے کہ 'بلیک پینتھر' کی پہلی فلم 2018 میں ریلیز کی تھی اور اس نے ریکارڈ کمائی کی تھی،۔ اس فلم کو پہلی سیاہ فام سپر ہیرو فلم بھی کہا گیا، فلم میں افریقی خطے میں ایک خیالی دنیا کو دکھایا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024