• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

علی ظفر کے گانے 'بھائی حاضر ہے' کا ٹیزر جاری

شائع December 20, 2020
گلوکار کے ریپ سانگ کا ٹیزر حال ہی میں ان کے یوٹیوب چینل پر جاری کیا گیا ہے— فوٹو:انسٹاگرام
گلوکار کے ریپ سانگ کا ٹیزر حال ہی میں ان کے یوٹیوب چینل پر جاری کیا گیا ہے— فوٹو:انسٹاگرام

پاکستان کے معروف اداکار و گلوکار علی ظفر نے اپنے نئے اور پہلے ریپ گانے 'بھائی حاضر ہے' کا ٹیزر جاری کردیا۔

علی ظفر کے ریپ سانگ کا ٹیزر حال ہی میں ان کے یوٹیوب چینل پر جاری کیا گیا، جس میں وہ ریپ انداز میں گانے کا آغاز اپنے گلوکاری کے کیرئیر سے شروع کرتے ہوئے پاکستان کو اپنی شان قرار دیتے ہوئے ختم کرتے ہیں۔

گلوکار علی ظفر کے اس گانے کے ٹیزر کو مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے۔

علاوہ ازیں گلوکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی یہ ٹیزر جاری کیا جس میں وہ 'بھائی حاضر ہے' گاتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: علی ظفر اور عروج فاطمہ کے سندھی لوگ گیت 'الے، ماروئڑا' کے چرچے

انسٹاگرام پر جاری اس ٹیزر کو اب تک ایک لاکھ 27 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے اور مداحوں کی جانب سے اب یہ گانا ریلیز ہونے کا انتظار کیا جارہا ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

خیال رہے کہ ' بھائی حاضر ہے' گلوکار علی ظفر ہی کی جانب سے پہلی بار استعمال کیا گیا تھا جب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں سیزن کے ترانے پر صارفین نے تنقید کی تھی۔

تاہم صارفین کی تنقید کے بعد علی عظمت نے اپنے انٹرویو میں بغیر نام لیے دعویٰ کیا تھا کہ پی ایس ایل کے ترانے گانے والے گلوکار نے کچھ بلاگرز کو خرید کر ان کے گانے 'تیار ہو' پر تنقید کروائی۔

یہ بھی پڑھیں: علی ظفر نے پی ایس ایل کا گانا ریلیز کرکے ’میلہ لوٹ لیا‘

جس کے بعد اس حوالے سے علی ظفر کا ایک مزاحیہ ویڈیو بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ دنیا میں کسی کو بھی کوئی مسئلہ ہو اس کی وجہ کوئی اور نہیں صرف وہی ہوتے ہیں۔

اپنی ویڈیو میں علی ظفر نے کہا تھا کہ 'اگر آپ کی زندگی میں کوئی بھی مسئلہ چل رہا ہے، کوئی ازدواجی مسئلہ، کوئی سماجی مسئلہ، کاروبار نہیں چلا، گانا نہیں چلا، ایونٹ نہیں چلا تو اس کے ذمہ دار آپ بالکل نہیں ہیں'۔

انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا تھا کہ 'اس کا ذمہ دار میں ہوں، کیوں کہ میں اتنا طاقتور ہوں، میرے پیرول پر بلاگرز ہیں بھائی جان، کیمبرج انالیٹیکا کیا ہے؟ ٹرمپ کیا ہے؟ ٹرمپ کو کس نے منتخب کروایا ہے؟ آپ کے بھائی نے، تو اپنے کمرے میں ایک ڈارٹ بورڈ لگائیں اور اس پر میری تصویر لگائیں اور روزانہ صبح اٹھ کر اس پر مارے اور اپنا دل ہلکا کریں، آپ کا غصہ کم ہوگا'۔

مزید پڑھیں: 'گانا یا ایونٹ نہیں چلا تو ذمہ دار کوئی اور نہیں صرف علی ظفر'

انہوں نے مشورہ دیا تھا کہ 'اگر آپ چاہتے ہیں کہ میں خود آکر وہاں کھڑا ہوجاؤں اور آپ مجھے ماریں تو اس کے لیے بھی بھائی حاضر ہے'۔

جس کے بعد سے علی ظفر نے پی ایس ایل شائقین کے اصرار پر 'میلہ لوٹ لیا' گانا بھی جاری کیا تھا۔

بعد ازاں نومبر میں علی ظفر نے نوجوان گلوکارہ عروج فاطمہ اور ریپر عابد بروہی کے ساتھ دہائیوں سے سندھ میں مقبول لوک گیت 'الے، ماروئڑا' جاری کیا تھا۔

علی ظفر نے عروج فاطمہ اور عابد بروہی کے ساتھ سندھ کے مقبول ترین لوک گیتوں میں شمار ہونے والے 'الے، ماروئڑا' کو ایک ایسے وقت میں جدید انداز میں پیش کیا جبکہ 'سندھی ثقافتی دن' منانے کی تیاریاں شروع ہوئی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024