• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

سال 2020: سادگی سے ہونے والی شوبز ستاروں کی شادیاں

اس سال معمولاتِ زندگی جہاں درہم برہم ہوئے وہیں کچھ شوبز شخصیات نے سادگی سے اور اچانک شادی کرکے اپنے مداحوں کو حیران بھی کیا۔
شائع December 30, 2020

عالمی وبا کورونا وائرس، لاک ڈاؤنز، سماجی دوری، ماسکس، ویکسینز غرض دن، رات صبح و شام کورونا کی بازگشت کے ساتھ سال 2020 اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے۔

یہ سال جب شروع ہوا تو شاید کسی نے سوچا بھی نہ تھا کہ دنیا ایک عالمی وبا کا سامنا کرے گی بلکہ اس کا ڈٹ کا مقابلہ بھی کرے گی۔

وبا کے سائے میں گزارے گئے اس سال میں جہاں معمولاتِ زندگی کی رعنائیاں کھو سی گئیں وہیں شوبز سے وابستہ کئی شخصیات نے اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز بھی کیا۔

اس سال معمولاتِ زندگی جہاں درہم برہم ہوئے وہیں کچھ شوبز شخصیات نے سادگی سے اور اچانک شادی کرکے اپنے مداحوں کو حیران بھی کیا۔

سال 2020 میں کئی شوبز ستاروں نے سادگی سے اہلخانہ اور قریبی عزیزوں کی موجودگی میں شادی کی اور سوشل میڈیا کے ذریعے زندگی کے نئے سفر کا اعلان کرتے دکھائی دیے۔

عموماً شوبز ستاروں کی شادیوں کا بہت چرچا ہوتا ہے اور مداح منتظر ہوتے ہیں کہ ان کا پسندیدہ اداکار اپنی زندگی کا نیا سفر کیسے شروع کرے گا، تاہم کورونا کی وجہ سے شادی کی تقریبات بھی ماند پڑتی دکھائی دیں اور گزشتہ برس کے مقابلے میں صرف چند ایک اداکاروں کی شادیوں کا چرچا رہا۔

تاہم اداکاروں نے مختلف تقریبات کے بجائے محدود مہمانوں کے ساتھ شادی کو بھی اپنی خوشی قرار دیا، اس سال جو شوبز شخصیات شادی کے بندھن میں بندھیں ان کی تفصیلات کچھ یوں ہیں:

پاکستانی شوبز ستارے

ایمان سلیمان

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

سال 2020 شروع ہوتے ہی ایمان سلیمان خاموشی سے شادی کرنے والی اس سال کی پہلی اداکارہ و ماڈل تھیں۔

ایمان سلیمان نے نومبر 2019 میں آرٹسٹ جمیل سے اچانک منگنی کی تھی اور بعد ازاں رواں برس 4 جنوری کو سادگی سے نکاح کیا تھا۔

جس کے بعد اداکارہ نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں یہ بھی کہا تھا کہ وہ اپنی رخصتی سمیت دیگر تقریبات انتہائی سادہ رکھنا چاہتی تھیں، تاہم ان کے اہلخانہ اس بات پر رضامند نہیں ہوئے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ ان کے اور ان کے شوہر کے بزرگوں کے نہ ماننے کے بعد اب ان کی رخصتی سمیت شادی کی دیگر تقریبات سادگی سے نہیں منائی جائیں گی اور بعد ازاں جنوری کے اواخر ہی میں ان کی رخصتی سمیت دیگر تقریبات کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔

ریچل وکاجی

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

رواں سال فروری کے آغاز میں پاکستان کی نامور گلوکارہ اور کوک اسٹوڈیو سے شہرت حاصل کرنے والی ریچل وکاجی نے شادی کی۔

ریچل وکاجی نے اپنے دوست اور موسیقار اشعر قاضی سے شادی کی، دونوں نے کوک اسٹوڈیو میں بھی ساتھ کام کیا تھا۔

انہوں نے اپنی شادی کے موقع پر سفید رنگ کا مغربی طرز کا عروسی لباس زیب تن کیا تھا، ان کی شادی کی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی جس میں ان کے انتہائی قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔

گلوکارہ ریچل وکاجی کی مہندی اور شادی کی تقریبات کی مختلف ویڈیوز اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔

ارمینہ رانا خان

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

فروری میں ہی پاکستان کی نامور اداکارہ ارمینہ رانا خان نے اپنے بچپن کے دوست فیصل خان کے ساتھ سادگی سے نکاح کرکے نئی زندگی کا آغاز کیا تھا۔

پاکستان کی نامور اداکارہ ارمینہ رانا خان نے اپنے بچپن کے دوست فیصل خان سے شادی کی اور اس خبر کا اعلان اداکارہ نے ویلنٹائن کے دن کیا۔

ارمینہ رانا خان نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے ویلنٹائن کے دن مداحوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے برطانیہ سے تعلق رکھنے والے اپنے دوست کے ساتھ نکاح کرلیا۔

سعدیہ غفار اور حسن حیات

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

رواں برس فروری کے آغاز میں نامور اداکارہ سعدیہ غفار نے اپنے دوست اداکار و گلوکار حسن حیات سے منگنی کی تھی اور مارچ میں دونوں شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے۔

اداکارہ نے اپنے نکاح کے دوران لی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں جبکہ ان کے شوہر حسن حیات نے بھی نکاح کی ایک رومانوی تصویر مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھی۔

نکاح کے موقع پر سعدیہ نے نہایت خوبصورت عروسی جوڑا زیب تن کیا تھا اور ان کا میک اپ بہت سادہ تھا۔

اداکارہ سعدیہ غفار اور حسن کے مایوں اور ڈھولکی کی تقریبات بھی منعقد ہوئی تھیں جن کی تصاویر اور ویڈیو کا سوشل میڈیا پر کافی چرچا رہا تھا۔

سجل علی اور احد رضا میر

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

ڈرامے 'یقین کا سفر' میں رومانوی کرداروں سے مقبول ہونے والی جوڑی احد رضا میر اور خوبرو اداکارہ سجل علی رواں برس مارچ میں حقیقی زندگی میں بھی ایک دوسرے کے ساتھی بن گئے۔

دونوں نے گزشتہ برس منگنی کی تھی اور وہ 14 مارچ کو ایک سادہ تقریب میں رشتہ داروں اور قریبی دوستوں کی موجودگی میں شادی کے بندھن میں بندھے۔

شوبز کی اس مقبول جوڑی کے نکاح کی تقریب ابوظبی کے ضیا نورائی جزیرے میں منعقد ہوئی تھی، جو ڈیسٹی نیشن ویڈنگ کے حوالے سے کافی شہرت رکھتا ہے۔

سجل علی نے نکاح میں سرخ رنگ کا عروسی لباس زیب تن کیا تھا جبکہ اداکار احد رضا میر نے آ ف وائٹ رنگ کی شیروانی پہنی۔

اداکاروں کی جانب سے شادی کی تاریخ کے حوالے سے کوئی اعلان سامنے نہیں آیا تھا جبکہ مداحوں کی جانب سے دعوے کیے گئے تھے کہ 12 مارچ سے شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا تھا۔

ثمینہ احمد اور منظر صہبائی

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

اپریل میں شوبز انڈسٹری کی 2 معروف شخصیات اداکار منظر صہبائی اور اداکارہ ثمینہ احمد شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے۔

ان کی شادی 4 اپریل کو لاہور میں منعقد ہونے والی ایک مختصر تقریب میں ہوئی۔

اس موقع پر ثمینہ احمد نے سفید رنگ کی ساڑھی پہنی جبکہ منظر صہبائی نے بھی سفید جوڑا زیب تن کیا تھا۔

خیال رہے کہ منظر صہبائی اور ثمینہ احمد دونوں کی عمر 70 برس ہے، یہ اداکارہ ثمینہ احمد کی دوسری شادی ہے، 1993 میں ان کی پہلے شوہر فلم ساز فرید الدین سے علیحدگی ہوگئی تھی۔

دونوں اداکاروں کی شادی پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے حیرانی کا اظہار کیا گیا تھا، تاہم صارفین نے ان کی شادی کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں سراہا تھا اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا تھا۔

نمرہ خان

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

سال 2020 میں اداکارہ نمرہ خان بھی پیا دیس سدھار گئیں تاہم کورونا وائرس کے باعث ان کی شادی انتہائی سادگی سے منعقد ہوئی تھی۔

19 اپریل کو اپنے گھر میں منعقدہ نجی تقریب میں نمرہ احمد کا نکاح ہوا تھا جس میں صرف ان کے اہلخانہ اور قریبی دوستوں نے شرکت کی۔

اداکارہ نمرہ خان نے بتایا تھا کہ ان کے شوہر لندن میں پولیس افسر ہیں اور شادی والدین کی مرضی سے ہوئی۔

حنا الطاف اور آغا علی

—فوٹو:انسٹاگرام
—فوٹو:انسٹاگرام

مئی میں اداکارہ حنا الطاف اور آغا علی نے بھی خاموشی سے شادی کرکے مداحوں کو حیران کردیا تھا۔

آغا علی اور حنا الطاف نے الگ الگ انسٹاگرام پوسٹس میں نکاح کا اعلان کیا تھا اور تقرہب کی تصاویر پوسٹ کی تھیں، ان کی شادی میں قریبی افراد نے شرکت کی تھی۔

شادی کا اعلان کرتے ہوئے آغا علی نے حنا الطاف کے ساتھ ایک شو کی میزبانی سے لے کر زندگی بھر کا ساتھی بننے کی کہانی بیان کی اور بتایا تھا کہ جمعتہ الوداع 22 مئی 2020 کو چند پیاروں کی موجودگی میں ان کا نکاح ہوا تھا۔

آغا علی ماضی میں اداکارہ سارہ خان کے بھی کافی قریب رہ چکے ہیں اور ایسا لگتا تھا کہ بہت جلد دونوں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے مگر بعد میں یہ تعلق ختم ہوگیا تھا اور انہوں نے ایک شو میں بریک اپ کی تصدیق بھی کی تھی۔

شہروز سبزواری اور صدف کنول

—فوٹو:انسٹاگرام
—فوٹو:انسٹاگرام

اسی سال مئی میں اداکار شہروز سبزواری اور معروف اداکارہ و ماڈل صدف کنول نے سادگی سے نکاح کرکے اپنے تعلقات کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہوں کو حقیقت میں تبدیل کردیا تھا۔

ان کے تعلق کی خبریں گزشتہ برس دسمبر میں شہروز سبزواری اور ان کی پہلی اہلیہ سائرہ یوسف کے درمیان علیحدگی کی خبروں کے بعد گردش کرنا شروع ہوئی تھیں۔

مارچ 2020 میں سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری نے ایک ساتھ سوشل میڈیا پر اپنی طلاق کی تصدیق کی تھی اور 31 مئی کو شہروز سبزواری نے صدف کنول سے شادی کی۔

شہروز سبزواری اور صدف کنول نے سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں کو شادی کی خبر دی تھی، نکاح کے وقت صدف کنول نے سرخ جبکہ شہروز سبزواری نے سفید رنگ کا لباس پہنا تھا۔

نکاح کے بعد صدف کنول نے شہروز سبزواری کے ساتھ عروسی لباس میں لی گئی تصویر شیئر کی اور انسٹاگرام پر اپنا نام تبدیل کرکے صدف سبزواری کردیا تھا۔

فریال محمود اور دانیال راحیل

—فوٹو:انسٹاگرام
—فوٹو:انسٹاگرام

مئی ہی میں اداکارہ فریال محمود اور دانیال راحیل نے بھی خاموشی سے شادی کرکے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا تھا۔

دانیال راحیل اور فریال محمود نے لاہور میں سادگی کے ساتھ اپنے قریبی اہل خانہ کی موجودگی میں شادی کرکے نئی زندگی کی شروعات کی تھی۔

دونوں نے شادی کا اعلان سوشل میڈیا سائٹس پر پوسٹس کے ذریعے کیا تھا، دانیال راحیل نے اپنی فیس بک پروفائل تصویر کو بھی تبدیل کرتے ہوئے فریال محمود کے ساتھ عروسی لباس میں کھنچوائی گئی تصویر لگائی تھی جبکہ فریال محمود نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شادی کی تصویر شیئر کی تھی۔

بعد ازاں دسمبر کے مہینے میں سوشل میڈیا پر یہ خبریں زیرِ گردش تھیں کہ فریال محمود اور دانیال راحیل نے ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کرلی ہے، تاہم فریال نے شوہر سے علیحدگی سے متعلق افواہوں کی تردید کی اور افواہیں پھیلانے والوں پر برہمی کا اظہار بھی کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ میں باقاعدگی سے اپنے شوہر کے ساتھ تصاویر پوسٹ نہیں کرتی تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہمارے درمیان جھگڑے چل رہے ہیں۔

ہارون رشید

—فوٹو:انسٹاگرام
—فوٹو:انسٹاگرام

رواں برس جون کے اواخر میں معروف گلوکار ہارون رشید بھی شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے۔

ہارون رشید کے نکاح کی تقریب سادہ انداز میں انجام پائی تھی جس میں قریبی دوست اور رشتے داروں نے شرکت کی تھی۔

گلوکار کی اہلیہ کا نام فرویٰ ہے اور دونوں نے شادی کے موقع پر ملتے جلتے عروسی ملبوسات زیب تن کیے ہوئے تھے۔

سید صائم علی

—فوٹو:انسٹاگرام
—فوٹو:انسٹاگرام

اسی سال جولائی میں پروڈیوسر، ماڈل و اداکار سید صائم علی نے بھی سادگی سے شادی کی۔

سید صائم علی نے 6 جولائی کو انسٹاگرام پوسٹ میں اپنی شریک حیات کے ساتھ ان کے چہرے کے بغیر صرف ہاتھوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے شادی کرلی۔

انہوں نے اپنی شریک حیات کے حوالے سے بتایا تھا کہ ان کی اہلیہ ان کے اہلخانہ کے دوست گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں۔

سارہ خان اور فلک شبیر

—فوٹو:انسٹاگرام
—فوٹو:انسٹاگرام

رواں برس جولائی میں گلوکار فلک شبیر اور اداکارہ سارہ خان نے اچانک رشتہ ازدواج میں منسلک ہوکر مداحوں کو حیرت میں مبتلا کردیا تھا کیونکہ انہیں اتنا زیادہ ایک ساتھ نہیں دیکھا گیا تھا۔

فلک شبیر اور سارہ خان نے 14 جولائی کو منگنی کا اعلان کیا تھا جس کے اگلے دن دونوں کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا تھا اور دونوں 17 جولائی کو شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے۔

ان کی منگنی، مایوں، مہندی اور شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھیں، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں نکاح کے وقت فلک شبیر کو دکھایا گیا تھا جبکہ دوسری ویڈیو میں انہیں اپنی ہونے والی اہلیہ کے لیے بھارتی گانا گاتے ہوئے دیکھا گیا۔

آمنہ شیخ

—فوٹو:انسٹاگرام
—فوٹو:انسٹاگرام

اگست کے مہینے میں پاکستانی اداکارہ و سپر ماڈل آمنہ شیخ نے انٹرپرینیور اور ایجوکیشنل ٹیکنالوجی کمپنی کوڈڈ مائینڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) عمر فاروقی سے دوسری شادی کی۔

آمنہ شیخ نے 8 اگست کو یکے بعد دیگرے مبہم پوسٹس شیئر کی تھیں جن میں سے ایک تصویر میں انہوں نے انگوٹھیاں شیئر کی تھیں، اس کے بعد 9 اگست کو انہوں نے شریک حیات اور بیٹی کے ساتھ تصاویر شیئر کی تھیں۔

بعد ازاں آمنہ شیخ نے 10 اگست کو بھی اپنے شریک حیات کے ساتھ تصویر شیئر کی تھی اور دوسری پوسٹ میں انہوں نے شریک حیات کا نام بھی بتایا تھا۔

خیال رہے کہ آمنہ شیخ نے پہلی شادی اداکار اور فلم ساز محب مرزا سے 2005 میں کی تھیں اور ان کے ہاں 2015 میں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔

بیٹی کی پیدائش کے بعد ہی محب مرزا اور آمنہ شیخ میں اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں اور کئی سال تک ان کے درمیان اختلافات کی چہ مگوئیاں بھی رہیں، جس کے بعد 2019 میں محب مرزا نے علیحدگی کی تصدیق کی تھی۔

سلمان سعید

—فوٹو:انسٹاگرام
—فوٹو:انسٹاگرام

رواں برس ستمبر میں پاکستان کے نامور اداکار ہمایوں سعید کے چھوٹے بھائی سلمان سعید بھی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔

سلمان سعید کی شادی کی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی تھی جس میں شوبز سے وابستہ متعدد شخصیات نے شرکت کی تھی۔

ان کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی تھیں جس میں سلمان سعید اور ان کی دلہن علینہ کو شوبز شخصیات کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔

ثنا جاوید اور عمیر جسوال

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

رواں برس اکتوبر میں گلوکار عمیر جسوال اور اداکارہ ثنا جاوید نے بھی خاموشی سے نکاح کرکے مداحوں کو حیران کردیا تھا۔

دونوں نے انسٹاگرام پر عروسی لباس میں ایک ہی انداز میں لی گئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے 'الحمد للہ' لکھا، جس پر کئی شخصیات نے دونوں کو رشتے میں بندھ جانے پر مبارک باد پیش کی تھی۔

تصاویر میں عمیر جسوال نے سفید جبکہ ثنا جاوید نے گلابی رنگ کا لباس زیب تن کیا تھا۔

نکاح سے چند ماہ قبل ان کے تعلق کی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں لیکن انہوں نے کبھی بھی واضح طور پر ایک دوسرے سے محبت کا اظہار یا اعتراف نہیں کیا تھا۔

میرا انصاری

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

نومبر کے مہینے میں معروف اداکارہ بشریٰ انصاری کی بیٹی ماڈل و اداکارہ میرا انصاری نے نیویارک میں دوسری شادی کی۔

میرا انصاری نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے مبہم انداز میں مداحوں کو دوسری شادی کے حوالے سے آگاہ کیا تھا۔

انہوں نے واضح طور پر دوسری شادی کا نہیں بتایا تھا تاہم میرا انصاری نے 'نئے گھر' اور 'شکر گزار' جیسے ہیش ٹیگز استعمال کیے۔

تصاویر میں انہیں ایک مرد کے ساتھ خوبصورت و رومانوی انداز میں شادی کی طرز کے فوٹو شوٹ میں دیکھا گیا۔

یوٹیوبر یوخانو

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

نومبر میں پاکستان کے مقبول یوٹیوبر عمر خان المعروف یوخانو نے بھی سادگی سے شادی کی۔

یوخانو نے 22 نومبر کو انسٹاگرام پر جاری ایک پوسٹ میں شادی کا اعلان کرتے ہوئے اہلیہ کے ساتھ تصاویر شیئر کی تھیں جس میں انہوں نے کوٹ پینٹ جبکہ دلہن نے انگوری رنگ کا دیدہ زیب لہنگا زیب تن کیا تھا۔

معروف یوٹیوبر نے شادی کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ آخر کار 2020 میں کچھ اچھا کام ہوا، میں نے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کردیا۔

یوخانو کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں اہلیہ کا چہرہ دکھائی نہیں دے رہا، ان کی شادی میں اہلخانہ اور قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی اور شادی پر یوٹیوبر کے ڈانس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہوئی تھی۔

رباب ہاشم

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

نومبر ہی میں پاکستانی اداکارہ رباب ہاشم بھی شادی کے بندھن میں بندھ گئیں، انہوں نے انسٹاگرام پر اپنی مایوں کی تصاویر شیئر کرکے مداحوں اور فالوورز کو حیران کردیا تھا۔

اداکارہ نے 27 نومبر کو اپنے نکاح کی تصاویر اپنے انسٹا اکاؤنٹ پر جاری کی تھیں جس میں وہ انتہائی خوبصورت اور دلکش نظر آئیں۔

رباب ہاشم نے اپنی شادی کے روز زینب چھوٹانی کا آف وائٹ رنگ کا گاؤن پہنا تھا جبکہ دلہے نے بھی آف وائٹ رنگ کا لباس پہنا تھا۔

صرحا اصغر

—فوٹو:انسٹاگرام
—فوٹو:انسٹاگرام

دسمبر 2020 کی 30 تاریخ کو ڈراما انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ صرحا اصغر نے بھی خاموشی سے نکاح کرلیا۔

اداکارہ صرحا اصغر نے بھی دیگر شوبز ستاروں کی بنائی گئی نئی روایت کے تحت انسٹاگرام پر اپنے نکاح کی تصاویر اور مختلفف ویڈیوز شیئر کیں۔

صرحا اصغر کے نکاح کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی ہیں جن میں انہوں سفید رنگ کا عروسی لباس زیب تن کیا۔

انہوں نے اپنی نکاح کی تقریب کے لیے ڈیزائنر ہانیہ کامران کے تیار کردہ لباس کا انتخاب کیا تھا اور اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی جاری کی تھی۔

صرحا اصغر نے اپنے شوہر عمر کے ساتھ بھی تصویر شیئر کی جس میں اداکارہ کے شوہر نے سیاہ رنگ کا لباس اور میرون رنگ کی واسکٹ پہنی ہوئی ہے۔

ہولی وڈ

پامیلا اینڈرس اور جان پیٹرس

—فوٹو: دی سن
—فوٹو: دی سن

رواں برس 20 جنوری کو ہولی وڈ اداکارہ و ماضی کی بولڈ ماڈل پامیلا ایڈرسن نے 74 سالہ فلم پروڈیوسر جان پیٹرس سے اچانک پانچویں شادی کرلی تھی۔

جان پیٹرس اور پامیلا اینڈرسن 35 سال سے ایک، دوسرے کو جانتے تھے اور اس عرصے میں وہ ایک دوسرے سے ملتے بھی رہے تاہم ان کی شادی نہیں ہوپائی تھی۔

پامیلا اینڈرسن کی طرح جان پٹرس کی بھی یہ پانچویں شادی تھی، ان کی بھی پہلی چاروں شادیاں طلاق پر ختم ہوئی تھیں۔

تاہم پامیلا اینڈرسن اور جان پیٹرس کی پانچویں شادی بھی ناکام ثابت ہوئی اور وہ محض 12 دن بعد طلاق پر ختم ہوئی۔

ایما اسٹون

—فوٹو:انسٹاگرام
—فوٹو:انسٹاگرام

ستمبر میں ایما اسٹون اور ڈیو میکری نے خاموشی سے منگنی کے تقریباً ایک برس بعد سادگی سے شادی کرلی۔

دونوں کی شادی کی افواہیں 11 ستمبر سے جاری تھیں اور افواہوں کے بعد دونوں کو ایک جیسی انگوٹھیوں کے ساتھ انتہائی رومانوی انداز میں بھی دیکھا گیا تھا۔

ان کی شادی سے متعلق 'پیپلز' میگزین کی رپورٹ میں ہدایت کار ڈیو میکری کے قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ دونوں نے ستمبر کے آغاز میں ہی سادگی سے شادی کی تھی۔

رپورٹ میں تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ شادی کی افواہوں کی تصدیق کے لیے بھیجی گئی درخواست پر ایما اسٹون نے کوئی جواب نہیں دیا تھا البتہ ڈیو میکری کے قریبی ذرائع نے شادی کی تصدیق کردی تھی۔

جان سینا

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

رواں برس اکتوبر میں ہولی وڈ ایکشن اداکار و سابق پروفیشنل ریسلر جان سینا نے ایرانی نژاد کینیڈین گرل فرینڈ سے دوسری شادی کی۔

جان سینا اور ان کی ایرانی نژاد گرل فرینڈ شے شریاسدے نے 12 اکتوبر کو امریکی ریاست فلوریڈا کے مقام ٹمپا میں خاموشی سے شادی کی تھی۔

ای ٹی آن لائن نے فلوریڈا کے نشریاتی ادارے کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں نے شادی کا سرٹیفکیٹ اکتوبر کے آغاز میں حاصل کیا تھا۔

جان سینا نے شادی کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے سے قبل ہی منگنی کرلی تھی اور خیال کیا جا رہا تھا کہ وہ رواں برس کسی بھی وقت شادی کرلیں گے۔

بولی وڈ

نیہا ککڑ اور روہن پریت سنگھ

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

اکتوبر کے مہینے میں نئی نسل میں بے حد مقبول ہونے والے گیت گانے والی بھارتی گلوکارہ نیہا ککڑ ساتھی گلوکار روہن پریت سنگھ سے شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔

نیہا ککڑ نے اکتوبر کے آغاز میں روہن پریت سنگھ سے تعلقات کی تصدیق کرتے ہوئے منگنی کی تھی اور انہوں نے 24 اکتوبر کو شادی کی۔

دونوں نے نئی دہلی کے گردوارے میں سکھ روایات کے مطابق شادی کی اور تقریبات میں ان کے قریبی دوست اور اہلخانہ نے شرکت کی۔

شادی سے چند روز قبل نیہا ککڑ اور روہن پریت سنگھ نے اپنا مشترکہ گانا ’نیہو دا ویاہ‘ بھی ریلیز کیا تھا، جس میں انہوں نے اپنی آواز کا جادو جگایا تھا۔

کاجل اگروال

—فوٹو:انسٹاگرام
—فوٹو:انسٹاگرام

رواں برس اکتوبر میں معروف بھارتی اداکارہ کاجل اگروال نے صنعت کار گوتم کچلو کے ساتھ شادی کرلی تھی۔

کاجل اگروال اور گوتم کچلو نے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث سادگی سے اور کم مہمانوں کی موجودگی میں شادی کی۔

ان کی شادی کی رسومات چند دن قبل ہی شروع ہوگئی تھیں اور دونوں نے 31 اکتوبر کو ہندو رسومات کے مطابق شادی کی۔

اداکارہ کی شادی ممبئی کے تاج ہوٹل میں ہوئی جس میں ان کے اہلخانہ، قریبی دوستوں اور رشتہ داروں نے شرکت کی تھی۔

ثنا خان

—فوٹو:انسٹاگرام
—فوٹو:انسٹاگرام

رواں برس نومبر میں بگ باس سیزن 6 سے مشہور ہونے والی بھارتی اداکارہ ثنا خان نے شوبز سے کنارہ کشی کے اعلان کے تقریباً ایک ماہ بعد ایک عالم دین، مفتی انس سے شادی کی۔

ثنا خان کی جانب سے شادی کے باقاعدہ اعلان سے قبل ہی سوشل میڈیا پر ان کی کچھ ویڈیوز بھی وائرل ہوئی تھیں جن میں کہا جارہا تھا کہ ثنا خان نے بھارتی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والے ایک عالم دین سے شادی کی۔

بعد ازاں انہوں نے خود بھی شادی کی تصدیق کی اور بتایا کہ انہوں نے 20 نومبر کو نکاح کیا تھا۔

آن لائن وائرل ویڈیو میں مفتی انس اور ثنا خان کی شادی کی رسومات کو دکھایا گیا تھا اور دلہا اور دلہن دونوں نے سفید رنگ کے عروسی ملبوسات زیب تن کیے ہوئے تھے۔

اگلے دن ثنا خان نے بھی شادی کی تصدیق کی اور تصاویر میں ثنا خان نے سرخ رنگ جبکہ ان کے شوہر نے سفید رنگ کا لباس پہنا ہوا تھا۔

گوہر خان اور زید دربار

—فوٹو:انسٹاگرام
—فوٹو:انسٹاگرام

اسی سال کے آخری ماہ میں بھارتی ٹیلی وژن و فلموں کی معروف اداکارہ گوہر خان نے سوشل میڈیا اسٹار اور کوریوگرافر زید دربار سے 25 دسمبر کو شادی کی۔

گوہر خان کی شادی کی تقریبات کا آغاز شادی سے چند روز قبل ہوگیا تھا اور ان کی شادی کی تقاریب کی تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں۔

انہوں نے باضابطہ طور پر اسلامی روایات کے مطابق زید دربار سے بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کے دارالحکومت ممبئی میں شادی کی۔

گوہر خان اور کی شادی میں اہلخانہ سمیت ان کے قریبی افراد نے بھی شرکت کی تھی لیکن کورونا کی وجہ سے تقریب کو مختصر اور محدود رکھا گیا تھا۔

اداکارہ گوہر خان اور زید دربار نے شادی کے موقع پر گولڈن اور آف وائٹ رنگ کے امتزاج کا ایک جیسے رنگ کا لباس پہنا تھا اور گوہر خان کا لباس پاکستانی ڈیزائنر سائرہ شاکرہ نے ڈیزائن کیا تھا۔