لکس ایوارڈ جیتنے پر اداکار زاہد احمد کی اہلیہ کا محبت بھرا پیغام
پاکستان کے معروف اداکار زاہد احمد نے لکس اسٹائل ایوارڈز 2020 میں بہترین اداکار کا کریٹک ایوارڈ حاصل کیا ہے۔
اداکار کو ایوارڈ ملنے کی خوشی میں زاہد احمد کی اہلیہ، آمنہ زاہد نے سوشل میڈیا پر اپنے شوہر کے نام محبت بھرا پیغام جاری کیا ہے۔
آمنہ زاہد نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ہمارا سفر واقعات سے بھر پور رہا ہے جس میں کچھ نقصان، کچھ درد لیکن غیر معمولی سبق، کچھ جدوجہد، کچھ غلطیاں لیکن بہت زیادہ ایمانداری شامل ہے۔
مزید پڑھیں: زاہد احمد کیرئیر کا منفرد ترین کردار کرنے پر مطمئن
زاہد احمد کی اہلیہ نے لکھا کہ کچھ تنہا وقت بھی گزرا لیکن بہت سے حیرت انگیز دوست اور اچھا کیریئر ملا، بس ہمیں خدا کی قوت پر یقین کو مضبوط کرنا ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ بطور اداکار اور ایک انفرادی شخص کیا حیثیت سے آج زاہد جہاں ہیں اس پر میں اللہ کی بہت شکرگزار ہوں، وہ ہر مشکل کے ساتھ آسانی بھیجتا ہے، ہم خوش قسمت تھے کہ اپنے مشکلات میں آسانی پاسکے۔
آمنہ زاہد نے لکھا کہ میں آپ کو اپنی زندگی میں پاکر خود کو بہت خوش قسمت سمجھتی ہوں اور آپ کی کامیابیوں پر حقیقت میں فخر کرتی ہوں۔
آخر میں ان کی اہلیہ نے لکھا کہ میں اب آپ کے لیے اب صرف یہ دعا کرتی ہوں کہ آپ، واٹس ایپ میسیجز کا رپلائی دینا شروع کردیں۔
یہ بھی پڑھیں: لکس ایوارڈز 2020: ماہرہ خان اور احمد علی اکبر بہترین فلم اداکار قرار
اداکار زاہد احمد ان دنوں سونیا حسین اور منشا پاشا کے ساتھ 'محبت تجھے الوداع' میں اداکاری کررہے ہیں جس کی کہانی محبت، نقصان اور لالچ کے گرد گھومتی ہے اور وہ اس ڈرامے میں محبت کرنے والے اور معاون شوہر کا کردار ادا کررہے ہیں۔
ماضی میں ڈان امیجز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں زاہد احمد نے کہا تھا کہ عام طور پر ناظرین مجھ سے وابستہ ایسے کردار نہیں دیکھتے، میرے کردار میں ہمیشہ ٹوئسٹ ہوتا ہے لیکن اس مرتبہ کہانی میں ٹوئسٹ ہے اور میرا کردار خالص اور مثبت ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ اداکاری ان کا خواب تھا اور وہ کیسے کسی کی مدد، نیٹ ورک یا خاص رابطوں کے بغیر اس میں داخل ہوئے۔
زاہد احمد نے کہا تھا کہ جب میں اس شعبے میں آیا تو اپنی تمام کشتیاں جلا کر آیا، میں ٹیلی کمیونیکیشنز میں کام کرتا تھا جبکہ مشغلے کے طور پر تھیٹر بھی کرتا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ جب 2006 میں پہلی مرتبہ میں نے تھیٹر ڈراما دیکھا تھا تو میں حیران رہ گیا تھا، میں نے محسوس کیا تھا کہ اسٹیج پر موجود یہ لوگ میرے لوگ ہیں لیکن میں نے اپنی ملازمت نہیں چھوڑی تھی۔
زاہد احمد نے کہا تھا کہ میں نے کبھی ٹی وی کے لیے آڈیشن نہیں دیا تھا، میں نے صرف انور مقصود کے پلے میں اسٹیج پر اداکاری کی تھی اور وہ میرے کیریئر کا راستہ بن گیا، ٹی وی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے مجھ سے رابطہ کرنا شروع کیا اور اچانک میں ٹی وی پر اداکار بن گیا تھا۔