وکی پیڈیا و گوگل نے ماہرہ خان کو زارا نور عباس کی والدہ بنادیا
گزشتہ برس اکتوبر میں سرچ انجن گوگل نے بھارتی اداکارہ انوشکا شرما کو افغان کرکٹر راشد خان کی اہلیہ کے طور پر پیش کیا تھا۔
انٹرنیٹ سرچ انجن کے الگورتھم میں خرابی کے باعث گوگل نے جہاں بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کی بیوی انوشکا شرما کو کنوارے افغان کرکٹر راشد خان کی اہلیہ کے طور پر پیش کیا تھا۔
وہیں گوگل و وکی پیڈیا نے ترک ڈرامے 'ارطغرل غازی' میں 'حلیمہ سلطان' کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ ایسرا بلگچ کو پاکستانی اداکار یاسر حسین کی والدہ کے طور پیش کیا تھا۔ '
مزید پڑھیں: وکی پیڈیا و گوگل نے 'حلیمہ سلطان' کو یاسر حسین کی والدہ بنا دیا
اور حال ہی میں گوگل نے پاکستان کی سپر اسٹار ماہرہ خان کو اداکارہ زارا نور عباس کی والدہ بنادیا۔
یہ غلطی ممکنہ طور پر گوگل کے الگورتھم کی وجہ سے ہو رہی ہے کہ زارا نورعباس کے نام سرچ کرنے پر سرچ پیج کھلنے پر وکی پیڈیا کے سیکشن میں ماہرہ خان کو ان کی والدہ کے طور پر پیش کر رہا تھا۔
تاہم اگر وکی پیڈیا کا پیج کھولا جائے تو اس میں ماہرہ خان کا کوئی ذکر نہیں اور اسی طرح اگر گوگل پر جب زارا نور عباس کی والدہ کا نام سرچ کیا گیا تو ماہرہ خان کا نام لکھا آرہا تھا۔
بعد ازاں گوگل کی جانب سے یہ غلطی درست کرلی گئی اور زارا نور عباس کی والدہ کی جگہ ان کی حقیقی والدہ اسما عباس کا نام ہی دکھائی دے رہا ہے۔
خیال رہے کہ گوگل اور وکی پیڈیا اپنی مستند معلومات کی وجہ سے کافی مقبولیت رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل نے انوشکا شرما کو افغان کرکٹر کی بیوی بنادیا
تاہم وکی پیڈیا جیسی ویب سائٹس دنیا بھر میں رضاکاروں کی جانب سے اپ ڈیٹ کی جاتی ہیں جہاں کچھ لوگ درست حقائق پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں، تو دیگر ٹرولز لوگوں کو جعلی تفصیلات پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔
مختصر عرصے میں گوگل و وکی پیڈیا کی جانب سے 3 مرتبہ ایسے واقعات خبروں کی زینت بنے ہیں جس سے لگتا ہے کہ اب دونوں کو اس حوالے سے اپنے سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔