جیون ساتھی منتخب کرنے پر جبران ناصر منگیتر منشا پاشا کے 'مشکور'
سماجی رہنما جبران ناصر نے اپنی منگیتر اداکارہ منشا پاشا کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان جیسے شخص کو زندگی کا ساتھی منتخب کرنے پر وہ منشا پاشا کے مشکور ہیں۔
منشا پاشا اور جبران ناصر نے دسمبر 2019 میں منگنی کی تھی اور دونوں جلد شادی کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔
منگنی کے بعد انہیں سوشل میڈیا اور عوامی تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا جاتا رہا ہے اور دونوں ایک دوسرے سے محبت کا اظہار بھی کرتے رہتے ہیں۔
حال ہی میں دونوں اداکارہ میرا سیٹھی کے پروگرام میں شریک ہوئے، جہاں دونوں نے اپنی نجی زندگی سمیت سیاست اور شوبز پر بھی کھل کر بات کی۔
پروگرام میں دونوں نے ایک دوسرے کی تعریفیں کرتے ہوئے، اپنے انتخاب پر ایک دوسرے کا شکریہ بھی ادا کیا۔
پروگرام میں منشا پاشا نے انکشاف کیا کہ جبران ناصر کو بہت غصہ آتا ہے اور انہیں جتنی جلدی غصہ آتا ہے، اتنا جلدی غصہ اتر بھی جاتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں جبران ناصر نے منگیتر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ منشا پاشا کے 'مشکور' ہیں کہ انہوں نے ان جیسے شخص کا انتخاب کیا۔
جبران ناصر نے اعتراف کیا کہ جیسے ان کی شخصیت ہے، ان کے ساتھ زندگی گزارنا مشکل بن جاتا ہے، تاہم وہ منشا پاشا کے مشکور ہیں کہ انہوں نے انہیں جیون ساتھی منتخب کیا اور وہ ان کی محبت کے لائق ہی نہیں تھے۔
یہ بھی پڑھیں: جبران ناصر کا ساتھ ملنے پر منشا پاشا خود کو 'خوش قسمت' سمجھنے لگیں
اسی پروگرام میں منشا پاشا نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ جبران ناصر نے انہیں مکمل آزادی، خودمختاری اور اپنی ذات سے متعلق ہر فیصلہ کرنے کا اختیار دے رکھا ہے اور وہ ان کی ہر اس بات کو بھی سمجھ جاتے ہیں، جس کا اظہار کرنا ان کے لیے مشکل بن جاتا ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں جبران ناصر نے کہا کہ انہیں اس بات سے کوئی مطلب نہیں کہ ان کی ہونے والی اہلیہ کس طرح کا کام کرتی ہیں؟
انہوں نے کہا کہ ان دونوں کی فیلڈز الگ ہے، اس لیے بھی دونوں ایک دوسرے کی ترقی اور تعریف سے نہیں جلیں گے اور انہوں نے منگنی کرنے سے قبل ہی اس حوالے سے سوچا تھا کہ ان دونوں کی فیلڈ الگ ہے، تو زندگی کیسے گزرے گی؟
اگرچہ دونوں نے پروگرام میں جلد شادی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ وہ کب تک شادی کریں گے۔
مزید پڑھیں: منشا پاشا دوستوں کی جانب سے دی گئی ’سرپرائز‘ پارٹی سے خوش
مذکورہ پروگرام کے علاوہ منشا پاشا نے حال ہی میں ٹو بی آنیسٹ نامی شو میں بھی اپنی شادی پر بات کی اور کہا کہ ان کا جلد شادی کا ارادہ ہے مگر وہ تاریخ اور وقت کا اعلان نہیں کرسکتیں۔
منشا پاشا نے کہا کہ تاریخ کا اعلان کرنے سے وہ پابند ہوجائیں گے، اس لیے وہ پابند نہیں ہونا چاہتے لیکن جلد شادی کا ارادہ رکھتے ہیں۔
اسی پروگرام میں منشا پاشا نے انکشاف کیا کہ ان کا بچپن صوبہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں گزرا اور انہوں نے ابتدائی تعلیم وہی سے حاصل کی۔
منشا پاشا نے زمانہ طالب علمی پر بات کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ وہ اس دور میں چند لڑکوں پر فدا تھیں تاہم جن لڑکوں پر وہ فدا تھیں، انہیں اس بات کا علم نہیں تھا۔
ایک اور سوال کے جواب میں منشا پاشا نے کہا کہ انہیں بچپن سے ہی گوری رنگت کا جنون نہیں تھا اور بچپن میں لڑکے ان کی رنگت پر مرتے تھے تاہم جب وہ شوبز میں آئیں تو انہیں کچھ وقت کے لیے رنگت گوری کرنے کا جنون ہوا لیکن اب ایسا نہیں۔