ترک اداکار جلال آل پاکستانی دورہ مکمل کرکے واپس چلے گئے
ترکی کے شہرہ آفاق ڈرامے 'ارطغرل غازی' میں کمانڈر عبدالرحمٰن کا کردار ادا کرنے والے اداکار جلال آل اور مذکورہ ڈرامے کے پروڈیوسر کمال تکدن 5 دن کا دورہ مکمل کرکے واپس وطن چلے گئے۔
جلال آل اور کمال تکدن ٹیم کے دیگر ارکان کے ہمراہ 7 جنوری کو ترکی سے اسلام آباد پہنچے تھے اور انہوں نے صوبہ سندھ کا دورہ بھی کیا تھا۔
ترک ٹیم نے اپنے 5 روزہ دورے کے دوران صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی تھیں جب کہ ترک ٹیم نے اداکار ہمایوں سعید، عدنان صدیقی اور فیروز خان سے ملاقاتیں کرنے کے علاوہ گورنر سندھ عمران اسمٰعیل سے ملاقات بھی کی تھی۔
ترک ٹیم نے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے دورے کے دوران عمر ثنا فاؤنڈیشن کا دورہ بھی کیا تھا، جہاں جلال آل نے تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خون کا عطیہ بھی دیا تھا۔
ترک ٹیم کی وزیر اعظم عمران خان 8 جنوری کو وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ فلم و ڈراما پروڈکشن پر تفصیلی بات چیت ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: 'ارطغرل غازی' کے ایک اور کردار 'عبدالرحمٰن' کی پاکستان آمد
مذکورہ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر شبلی فراز اور شہریار خان آفریدی نے وزیر اعظم کو بتایا تھا کہ پاکستان اور ترکی مشترکہ طور پر 'ترک لالا' کے کردار پر ڈراما بنائیں گے۔
مذکورہ مشترکہ ڈرامے کے حوالے سے وزیر اعظم نے بھی ترک وفد کو حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی تھی۔
ترک ٹیم نے مذکورہ مشترکہ منصوبے کے حوالے سے صدر مملکت عارف علوی کو بھی علیحدہ ملاقات میں باخبر کیا تھا اور صدر مملکت نے بھی ٹیم کو ہر تعاون کی یقین دہانی کروائی تھی۔
اگرچہ ترک و پاکستانی اداروں نے تصدیق کی کہ دونوں ممالک مشترکہ طور پر 'ترک لالا' پر ڈراما بنائیں گے، تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ مذکورہ ڈراما حکومتی سطح کے معاہدوں کے تحت بنایا جائے گا یا نجی پروڈکشن کمپنیاں اسے بنائیں گی۔
تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ ڈرامے کو کمال تکدن کی پروڈکشن کمپنی تکدن فلمز اور پاکستانی اداکاروں ہمایوں سعید، عدنان صدیقی، پروڈیوسر کاشف انصاری اور ممکنہ طور پر اے آر وائی کے مشترکہ پروڈکشن کمپنیز کے بینر تلے بنایا جائے گا۔
مزید پڑھیں: پاکستان و ترکی کا مشترکہ طور پر 'ترک لالا' ڈراما بنانے کا امکان
پاکستانی دورہ مکمل کرنے کے بعد 'ارطغرل غازی' کے اداکار جلال آل نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں 13 جنوری کو تصدیق کی کہ وہ باحفاظت ترکی پہنچ چکے ہیں۔
جلال آل نے اپنی پوسٹ میں دوبارہ اس بات کی تصدیق کی کہ دونوں ممالک مشترکہ طور پر 'ترک لالا' جیسے ڈراموں پر کام کریں گے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں پاکستانی عوام کی جانب سے ترک عوام کے لیے سلطنت عثمانیہ کے دور سے دی جانے والی قربانیوں پر پاکستانیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
جلال آل نے اپنی پوسٹ میں صدر مملکت، وزیر اعظم اور دیگر شوبز شخصیات کا بھی شکریہ ادا کیا۔
جلال آل نے پوسٹ میں بتایا کہ اگرچہ وہ اپنا پہلا دورہ مکمل کرکے واپس وطن پہنچ چکے ہیں اور انہیں اس بات کا بھی افسوس ہے کہ وہ کورونا کی وجہ سے پاکستانی بھائیوں کو گلے نہیں لگا سکے تاہم جب وہ دوبارہ پاکستانی دورے پر آئیں گے تو اپنے بھائیوں کو گلے لگائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کے ساتھی پاکستانی دورے سے مکمل طور پر خوش ہیں اور انہیں اپنے برادر ملک میں بہت سارا پیار ملا۔
دوسری جانب ارطغرل غازی کے پروڈیوسر کمال تکدن نے بھی پاکستانی دورے کی متعدد تصاویر و ویڈیوز اپنے ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ طور پر ترک لالا بنائے جانے سے متعلق بھی آگاہ کیا۔