• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

'ٹائی ٹینک' کے بعد برطانوی میڈیا نے ہراساں کیا، کیٹ ونسلیٹ

شائع January 18, 2021
کیٹ ونسلیٹ کو ٹائی ٹینک سے شہرت ملی تھی—فائل فوٹو: رائٹرز
کیٹ ونسلیٹ کو ٹائی ٹینک سے شہرت ملی تھی—فائل فوٹو: رائٹرز

آسکر اور بافٹا ایوارڈ یافتہ اداکارہ 45 سالہ کیٹ ونسلیٹ نے انکشاف کیا ہے کہ 23 سال قبل ان کی شہرہ آفاق فلم 'ٹائی ٹینک' ریلیز ہونے کے بعد برطانوی میڈیا نے انہیں ہراساں کیا۔

کیٹ ونلسیٹ نے مارک میرون کے پوڈکاسٹ شو میں بتایا کہ 'ٹائی ٹینک' ریلیز ہونے کے فوری بعد برطانوی میڈیا نے ان کے جسمانی خدوخال کو فوکس کرکے ان پر مضامین لکھے۔

اداکارہ کے مطابق 'ٹائی ٹینک' کی کامیابی کے بعد اپنے جسمانی خدوخال پر ہونے والی تنقید پر انہیں صدمہ پہنچا اور انہوں نے خود کو غیر محفوظ سمجھنا شروع کیا۔

اسی حوالے سے ہارپر بازار نے بتایا کہ کیٹ ونسلیٹ کا کہنا تھا کہ برطانوی میڈیا کی تنقید یا میڈیا کی جانب سے ان کی جسامت پر کی جانے والی تنقید اس قدر خوف زدہ تھی کہ انہیں دن میں بھی رات کی تاریکی جیسا خوف ہونے لگا تھا۔

ٹائی ٹینک میں کیٹ ونسلیٹ نے روز نامی لڑکی کا کردار ادا کیا تھا—اسکرین شاٹ
ٹائی ٹینک میں کیٹ ونسلیٹ نے روز نامی لڑکی کا کردار ادا کیا تھا—اسکرین شاٹ

ایوارڈ یافتہ اداکارہ کے مطابق ان پر 1997 میں شروع ہونے والی تنقید 5 سال تک جاری رہی اور یہ تنقید اس وقت کم ہوئی، جب انہوں نے 25 برس کی عمر میں پہلے بچے کو جنم دیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ جس وقت برطانوی میڈیا نے ان کی جسامت پر تنقید کرکے انہیں ہراساں کیا، اس وقت ان کی عمر محض 20 برس تھی، تاہم شادی کرنے اور بچے پیدا ہونے کے بعد انہوں نے تنقید پر توجہ دینا چھوڑ دی تھی۔

اگرچہ کیٹ ونسلیٹ نے پہلی بار برطانوی میڈیا کے رویے پر اس طرح کھل کر بات کی ہے، تاہم دیگر اداکارائیں اور خود برطانوی شاہی خاندان کے افراد بھی برطانوی میڈیا کے طرز عمل کی شکایات کرتے رہتے ہیں۔

شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے برطانوی میڈیا کے اسی طرح کے رویے پر بعض برطانوی اخبارات کے خلاف مقدمات بھی دائر کیے ہیں جب کہ انہوں نے کچھ نشریاتی اداروں کو کسی طرح کی کوئی معلومات نہ دینے کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیٹ ونسلیٹ نے پانی میں 7 منٹ تک سانس روک کر ٹام کروز کا ریکارڈ توڑ دیا

کیٹ ونسلیٹ برطانوی میڈیا کے رویے پر بات کرنے سے قبل کم عمری میں خود پر ہونے والی تنقید پر بھی ماضی میں بات کر چکی ہیں اور بتا چکی ہیں کہ ان کی جسامت کے حوالے سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔

ٹائی ٹینک اب تک سب سے زیادہ کمائی کرنے والی تیسری فلم ہے—اسکرین شاٹ
ٹائی ٹینک اب تک سب سے زیادہ کمائی کرنے والی تیسری فلم ہے—اسکرین شاٹ

کیٹ ونسلیٹ نے 15 برس کی عمر میں اداکاری میں انٹری دی تھی اور اس وقت وہ فربہ جسامت رکھتی تھیں، جس وجہ سے ان کی جسمانی ساخت پر تنقید کی گئی تھی۔

اداکارہ نے اگرچہ 'ٹائی ٹینک' نے قبل ہی اداکاری شروع کی تھی، تاہم انہیں شہرت جیمز کیمرون کی مذکورہ فلم سے ملی، جسے 1997 میں ریلیز کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: اگر ’ٹائی ٹینک‘ فلم کا ہیرو نہ مرتا تو کیا ہوتا؟

کیٹ ونسلیٹ مذکورہ فلم میں شاندار اداکاری پر آسکر ایوارڈ میں بہترین اداکارہ کے طور پر نامزد بھی ہوئیں، تاہم انہیں ایوارڈ نہ مل سکا تھا اور بعد ازاں 2009 کی فلم 'دی ریڈرز' پر انہیں آسکر ایوارڈ دیا گیا تھا۔

اداکارہ نے شاندار اداکاری پر ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
اداکارہ نے شاندار اداکاری پر ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

کیٹ ونسلیٹ نے آسکر کے علاوہ بافٹا، گولڈن گلوب، ایمی اور گریمی ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں۔

انہوں نے پہلی شادی محض 20 سال کی عمر میں 'ٹائی ٹینک' ریلیز ہونے کے ایک سال بعد ہی کی تھی اور ان کے ہاں 2000 میں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔

کیٹ ونسلیٹ کی پہلی شادی محض چند سال ہی چل سکی اور انہوں نے 2001 میں طلاق لے لی، جس کے بعد 2003 میں انہوں نے دوسری شادی کی اور اس شادی سے بھی انہیں ایک بچہ ہوا، تاہم دوسری شادی کا اختتام بھی 2010 میں طلاق پر ہوا۔

کیٹ ونسلیٹ نے تیسری شادی 2012 میں کی اور تیسرے شوہر سے بھی انہیں ایک بچہ ہے، اگرچہ ان کی تیسری شادی کے حوالے سے بھی تنازعات کی خبریں آتی رہیں، تاہم اداکارہ نے کبھی یہ واضح نہیں کیا کہ ان کے تیسرے شوہر سے اختلافات رہے ہیں یا نہیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024