لوگوں کی جانب سے غلط ویڈیوز بنائے جانے پر ثنا خان افسردہ
گزشتہ برس اکتوبر میں مذہب کی خاطر شوبز کو خیرباد کہنے والی بھارتی اداکارہ ثنا خان نے اس بات پر افسردگی کا اظہار کیا ہے کہ لوگ ان کی زندگی پر غلط ویڈیوز بنا رہے ہیں۔
ثنا خان نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے انکشاف کیا کہ بعض لوگ ان کے ماضی کو دیکھتے ہوئے ان پر خراب ویڈیوز بنا کر ان کی کردار کشی کر رہے ہیں۔
سابق اداکارہ کے مطابق انہوں نے حال ہی میں ایک شخص کی جانب سے بنائی گئی خراب ویڈیو دیکھی، جس میں ان کے ماضی کو بنیاد پر ان کی کردار کشی کی گئی۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں مذکورہ عمل کو گناہ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ اگر کسی شخص نے اپنی غلطیوں پر توبہ کرلی تو اس کے ماضی کو اچھال کر اس کا کردار خراب کرنا بھی گناہ ہے۔
ثنا خان کے مطابق وہ لوگوں کے ایسے مجرمانہ فعل پر دل شکستہ، دکھی اور افسردہ ہیں۔
مذکورہ پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ اگر وہ چاہتیں تو اپنے خلاف غلط ویڈیوز بنانے والے شخص کا نام بھی لے سکتی تھیں تاہم اگر وہ ایسا کرتی ہیں تو ان میں اور سابق اداکارہ میں کوئی فرق نہیں رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی اداکارہ ثنا خان کا مذہب کی خاطر شوبز چھوڑنے کا اعلان
انہوں نے لوگوں کی جانب سے کسی کی شخصیت یا ماضی پر بنائی گئی خراب ویڈیوز کو دوسروں کی دل آزاری اور ڈپریشن کا سبب بھی قرار دیا اور کہا کہ ایسے لوگوں کو دوسروں کو مزید بہتر ہونے کے لیے وقت دینا چاہیے۔
انہوں نے غلط ویڈیوز بنانے والے افراد کے مذکورہ عمل کو دوسروں کو شرمسار کرنے کا سبب بھی قرار دیا۔
خیال رہے کہ ثنا خان نے اکتوبر 2020 میں مذہب اسلام کی خاطر شوبز کو خیرباد کہا تھا۔
ثنا خان نے سلمان خان کے ساتھ فلم ’’جے ہو‘‘، ’’وجہ تم ہو‘‘، ’’ہلہ بول‘‘ سمیت تامل اور تیلگو کی بھی متعدد فلموں میں کام کیا تھا تاہم انہیں سب سے زیادہ شہرت بھارتی ٹی وی کے رئیلیٹی شو بگ باس سیزن 6 سے ملی تھی۔
مزید پڑھیں: ثنا خان شادی کے بندھن میں بندھ گئیں
انہوں نے ریئلٹی ٹی وی شو ‘خطروں کے کھلاڑی’، کامیڈی نائٹس بچاؤ، انٹرٹینمنٹ رات، جھلک دکھلا جا 7 اور کچن چیمپئن میں بھی حصہ لیا تھا۔
اس کے علاوہ ثنا خان نے 2007 میں بولی وڈ فلم دھن دھنا دھن گول میں آئٹم سانگ ’بلو رانی’ بھی کیا تھا۔
بعد ازاں نومبر 2020 میں ثنا خان نے عالم دین مفتی انس سے شادی کرلی تھی اور وہ شوہر کے ساتھ خوشگوار اور رومانوی انداز میں سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں۔
مذہب کی خاطر شوبز کو چھوڑنے پر بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر ثنا خان کے حوالے سے آئے دن افواہیں پھیلائی جاتی رہی ہیں۔