• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

سینیٹ انتخابات: پی ٹی آئی اتحادیوں کی عبدالحفیظ شیخ کی حمایت کی یقین دہانی

شائع March 2, 2021
سینیٹ انتخابات ملکی مستقبل کے لیے اہم ہے اور جس کی وجہ سے شراکت دار متحد ہوئے ہیں، عبدالحفیظ شیخ
سینیٹ انتخابات ملکی مستقبل کے لیے اہم ہے اور جس کی وجہ سے شراکت دار متحد ہوئے ہیں، عبدالحفیظ شیخ

اسلام آباد: حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اتحادیوں نے گزشتہ رات دیر گئے ایک اہم اجلاس منعقد کیا جس میں انہوں نے اپنے اتحاد کا مظاہرہ کیا اور 3 مارچ کو ہونے والے سینیٹ کے اہم انتخابات میں کامیابی کے عزم کا اظہار کیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے زیرقیادت اتحادی شراکت داروں کے اجلاس سے یہ قیاس آرائیاں ختم ہوگئیں کہ متحدہ قومی موومنٹ اپوزیشن کی طرف جھکی ہوئی ہے اور اسلام آباد سے سینیٹ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی حمایت کرے گی۔

یہ اجلاس بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کی رہنما زبیدہ جلال کی رہائش گاہ پر ہوا اور پی ٹی آئی، ایم کیو ایم، پاکستان مسلم لیگ (ق) اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) سمیت تمام اتحادیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا تحریک انصاف کی سینیٹ انتخابی مہم کی خود نگرانی کا فیصلہ

تمام جماعتوں نے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی حمایت کی یقین دہانی کرائی جو اسلام آباد سے ایک نشست کے لیے سینیٹ کے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

ان کا ون ٹو ون مقابلہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مشترکہ اُمیدوار یوسف رضا گیلانی سے ہے۔

اس اجلاس کے بعد اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی اور 3 مارچ کو وزیر خزانہ کو ووٹ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ سینیٹ انتخابات ملکی مستقبل کے لیے اہم ہے اور جس کی وجہ سے شراکت دار متحد ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ انتخابات: پی ٹی آئی نے حفیظ شیخ، ثانیہ نشتر سمیت 13 کو اُمیدوار نامزد کردیا

انہوں نے کہا کہ 'ہم سب ایک ساتھ مل کر اس بنیادی چیلنج کا مقابلہ کر رہے ہیں کہ ملک میں ایماندار اور قابل قائدانہ قیادت ہونی چاہیے جو پیسہ کمانے کے کاروبار میں ملوث نہیں ہے بلکہ لوگوں کی بہتری کے لیے جدوجہد کرتی ہے'۔

ان سے یہ سوال کیا گیا کہ کیا وہ انتخابات میں شکست کی صورت میں ملک چھوڑ دیں گے تو انہوں نے کہا کہ ان کے اہلخانہ گزشتہ 70 سالوں سے پاکستان میں سیاست اور عوامی خدمت میں ہے اور اگر مستقبل میں بھی انہیں ایسا کرنے کا موقع ملا تو وہ ملک کی خدمت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہم جعلی خبروں کو اتنی اہمیت نہیں دیتے، یہ میرے، میرے دوستوں، میرے اہل خانہ اور ملک کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں ایک عالمی شہرت یافتہ یونیورسٹی سے وابستہ ہوں اور میں نے ورلڈ بینک کے لیے کام کرتے ہوئے 22 ممالک کی خدمت کی ہے، ورلڈ بینک کا دفتر امریکا میں واقع ہے اور اسی وجہ سے میں وہاں کام کے لیے گیا تھا، اگر لاہور میں (بینک کا دفتر ہوتا) تو میں یہاں کام کرنے آتا'۔

ایم کیو ایم کے رہنما اور وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے کہا کہ ان کی پارٹی ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی مکمل حمایت کر رہی ہے اور اتحادیوں کے تمام شراکت دار متحد ہیں۔

مزید پڑھیں: سینیٹ انتخابات کیلئے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی، الیکشن کمیشن

انہوں نے پیپلز پارٹی کی زیرقیادت حکومت سندھ پر الزام لگایا کہ وہ سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن کے اُمیدواروں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے قانون سازوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024