• KHI: Maghrib 6:30pm Isha 7:46pm
  • LHR: Maghrib 6:02pm Isha 7:23pm
  • ISB: Maghrib 6:07pm Isha 7:30pm
  • KHI: Maghrib 6:30pm Isha 7:46pm
  • LHR: Maghrib 6:02pm Isha 7:23pm
  • ISB: Maghrib 6:07pm Isha 7:30pm

میگھن مارکل و شہزادہ ہیری کے انٹرویو کا ریکارڈ

شائع March 9, 2021
انٹرویو 7 مارچ کو امریکا اور 8 مارچ کو برطانیہ میں نشر ہوا تھا—فوٹو: اے پی
انٹرویو 7 مارچ کو امریکا اور 8 مارچ کو برطانیہ میں نشر ہوا تھا—فوٹو: اے پی

برطانوی شاہی خاندان کے چھوٹے شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے حال ہی میں امریکی ٹی وی اسٹار اوپرا ونفرے کو انٹرویو دیا تھا، جسے 7 مارچ کو امریکا اور 8 مارچ کو برطانیہ میں نشر کیا گیا تھا۔

میگھن مارکل اور ان کے شوہر شہزادہ ہیری کا انٹرویو 2 گھنٹے کے دورانیے سے زیادہ طویل تھا اور اس انٹرویو کو حالیہ دور میں مغربی دنیا کا سب سے اہم ترین انٹرویو کہا جا رہا ہے۔

جہاں مذکورہ انٹرویو کو مغربی دنیا کا سب سے اہم ترین انٹرویو کہا جا رہا ہے، وہیں اسے برطانوی شاہی خاندان کا بھی 1997 کے بعد سب سے اہم انٹرویو قرار دیا جا رہا ہے۔

اس طویل انٹرویو میں میگھن مارکل نے شاہی محل میں نسلی امتیاز اور وہاں پر قیدی کی طرح زندگی گزارنے سے اپنی ذہنی صحت پر پڑنے والے اثرات پر کھل کر بات کی تھی۔

جب کہ شہزادہ ہیری نے بھی انٹرویو میں بتایا تھا کہ کس قدر وہ اور ان کی اہلیہ شاہی محل میں مجبور تھے۔

دونوں نے بتایا تھا کہ ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش سے قبل ہی شاہی محل میں یہ چہ مگوئیاں ہونا شروع ہوگئی تھیں کہ نہ جانے ان کے بچے کی رنگت کتنی سیاہ ہوگی؟

انٹرویو کو مجموعی طور پر تین کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے—فوٹو: اے پی
انٹرویو کو مجموعی طور پر تین کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے—فوٹو: اے پی

ساتھ ہی شہزادہ ہیری نے بتایا تھا کہ جب ان کی اہلیہ میگھن مارکل پر برطانوی میڈیا میں غلط خبریں شائع ہو رہی تھیں، تب بھی شاہی محل نے ان کی مدد نہیں کی۔

میگھن مارکل نے بتایا تھا کہ غلط خبروں اور شاہی محل میں نسلی امتیاز جیسی باتوں پر انہوں نے خودکشی کرنے کا بھی سوچا تھا۔

مذکورہ انٹرویو کو امریکا میں سی بی ایس اور برطانیہ میں آئی ٹی وی نے نشر کیا اور اس انٹرویو کو دونوں ممالک میں تقریبا 3 کروڑ بار دیکھا جا چکا ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق امریکا میں ٹی وی ریٹنگ پر نظر رکھنے والے اہم ترین ادارے کے 9 مارچ کی دوپہر کو جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق شاہی جوڑے کے انٹرویو کو امریکا میں ایک کروڑ 71 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جہاں ہیری اور میگھن مارکل کے انٹرویو کو ریکارڈ مرتبہ دیکھا گیا، وہیں ریٹنگ میں بھی ان کے انٹرویو کو اچھے اسٹارز دیے گئے ہیں، چوں کہ ڈیڑھ کروڑ بار ان کے انٹرویو کو پورا دیکھا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق ایک کروڑ 70 لاکھ بار دیکھے جانے والے انٹرویو کو محض 30 لاکھ بار مکمل دورانیے سے کم دیکھا گیا۔

جوڑے کے انٹرویو نے دنیا بھر میں تہلکہ مچا دیا—فوٹو: اے پی
جوڑے کے انٹرویو نے دنیا بھر میں تہلکہ مچا دیا—فوٹو: اے پی

اسی طرح ’رائٹرز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ برطانیہ کی آئی ٹی وی نے 9 مارچ کو بتایا کہ میگھن مارکل و شہزادہ ہیری کے انٹرویو کو ایک کروڑ 25 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے۔

برطانیہ میں طویل انٹرویو کو ایک کروڑ 10 لاکھ سے زائد بار مکمل دیکھا گیا۔

شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ کے انٹرویو کو امریکا اور برطانیہ میں ’انٹرٹینمنٹ‘ اور ’لائف اینڈ اسٹائل‘ کے انٹرویو کے طور پر نشر کیا گیا اور دونوں کیٹیگریز میں ان کا انٹرویو پہلا انٹرویو بنا ہے، جسے ریکارڈ بار دیکھا گیا۔

مجموعی طور پر شاہی جوڑے کے انٹرویو کو امریکا اور برطانیہ میں 3 کروڑ سے زائد بار دیکھا گیا جب کہ یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی ان کے انٹرویوز کی کلپس کو کروڑوں بار دیکھا جا چکا ہے۔

میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری کے انٹرویو نشر ہوتے ہی دنیا بھر کی میڈیا میں ان کے انٹریو کی خبریں ’شہ سرخی‘ کے طور پر شائع ہوئیں جب کہ امریکا اور برطانیہ کے اخبارات و جرائد نے ان کے انٹرویوز پر خصوصی اشاعتیں بھی کیں۔

میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری کے انٹرویو سے نہ صرف امریکا اور برطانیہ بلکہ دنیا بھر میں برطانوی شاہی خاندان اور شاہی محل کی 12 سو سال کی تاریخ پر بحث شروع ہوچکی ہے۔

اخبارات و جرائد نے بھی شاہی جوڑے کے انٹرویوز پر خصوصی تحاریر شائع کیں—فوٹو: اے پی
اخبارات و جرائد نے بھی شاہی جوڑے کے انٹرویوز پر خصوصی تحاریر شائع کیں—فوٹو: اے پی

اسی انٹرویو کے حوالے سے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ دنیا بھر میں ایک بار پھر اوپرا ونفرے کی تعریفیں کی جا رہی ہیں اور انہیں ’انٹرویوز کی شہزادی‘ قرار دیا جا رہا ہے۔

اوپرا ونفرے نے میگھن مارکل و شہزادہ ہیری سے قبل بھی متعدد معروف شخصیات کے انٹرویوز کیے ہیں اور وہ گزشتہ 2 دہائیوں سے ٹی وی کی دنیا کی سپر اسٹار بنی ہوئی ہیں۔

اے پی کی رپورٹ کے مطابق میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری کے انٹرویو کی ریکارڈنگ کیلی فورنیا کے پارک میں کی گئی تھی اور اسے اوپرا ونفرے کے ذاتی پروڈکشن ہاؤس نے ریکارڈ اور ایڈٹ کیا۔

مذکورہ انٹرویو کے لیے اوپرا ونفرے کے پروڈکشن ہاؤس کو سی بی ایس ٹیلی وژن نیٹ ورک نے 90 لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی سوا ارب روپے کی رقم فراہم کی۔

یہ واضح نہیں ہے کہ مذکورہ رقم صرف انٹرویو کو ریکارڈ کرنے کی مد میں ادا کی گئی یا اسی رقم میں اوپرا ونفرے کی فیس بھی شامل تھی۔

اوپرا ونفرے کی بھی تعریفیں کی جا رہی ہیں—فوٹو: اے پی
اوپرا ونفرے کی بھی تعریفیں کی جا رہی ہیں—فوٹو: اے پی

کارٹون

کارٹون : 20 ستمبر 2024
کارٹون : 19 ستمبر 2024