عید پر تصاویر شیئر کرنے والوں پر تنقید، شہزین راحت کا زارا نور عباس کو کرارا جواب
پاکستانی اداکارہ شہزین راحت نے اداکارہ و ماڈل زارا نور عباس کے بیان کو مضحکہ خیز قرار دے دیا ہے جس میں انہوں نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے لباس کی تصاویر شیئر کرنے والی شخصیات پر تنقید کی تھی۔
زارا نور عباس نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا تھا کہ لوگ غزہ اور فلسطین پر اسرائیلی حملوں پر بات کرتے کرتے عید کے پہلے، دوسرے اور تیسرے دنوں میں اپنی تصاویر شیئر کرنے لگے۔
انہوں نے تصاویر شیئر کرنے والی شخصیات پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا تھا کہ اگر کوئی فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم پر واقعی فکر مند ہے تو انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے۔
مزید پڑھیں: زارا نور عباس عید پر اپنی تصاویر شیئر کرنے والی شخصیات سے ناخوش
زارا نور عباس نے لکھا تھا کہ فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کے تناظر میں سوشل میڈیا پر خوشی کا اظہار نہیں کرنا چاہیے۔
اداکارہ و ماڈل نے لوگوں کو تجویز دی تھی کہ اگر وہ کسی مظلوم کی مدد نہیں کر سکتے، ان کے لیے بول نہیں سکتے تو کم از کم سوشل میڈیا پر خوشی کا اظہار نہ کریں۔
اب اداکارہ شہزین راحت نے انسٹاگرام اسٹوری میں زارا نور عباس کے مذکورہ بیان پر تنقید کی ہے۔
شہزین راحت نے لکھا کہ 'زارا نور عباس کی جانب سے انتہائی مضحکہ خیز بیان سامنے آیا ہے، حتیٰ کہ فلسطین میں رہنے والوں نے بھی ہر ممکن طریقے سے عید کی خوشیاں منائیں'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'ٹھیک ہے اگر کوئی بہت زیادہ غم اور دکھ کا شکار ہے اور خود کو بے بس محسوس کررہا ہے تو انہیں سوشل میڈیا پر تصاویر نہیں لگانی چاہئیں یا خوشی نہیں منانی چاہیے؟'
اداکارہ نے مزید لکھا کہ 'تو پھر وہ کیا تھا جب زارا نور عباس جیتو پاکستان کے رمضان شو میں شریک ہوئیں اور جب کہ ان کی خالہ سنبل شاہد وینٹی لیٹر پر تھیں اور اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہی تھیں'۔
شہزین راحت نے مزید سوال کیا کہ 'وہ گیم شو کا حصہ کیوں بنیں اور تصاویر سوشل میڈیا پر کیوں پوسٹ کیں؟ یہ بہت زیادہ دوہرا معیار نہیں؟'
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی اداکاراؤں نے عید پر کیسے ملبوسات پسند کیے؟
زارا نور عباس کے بیان پر مداحوں کی رائے بھی منقسم ہوگئی ہے کچھ صارفین کی جانب سے ان کی حمایت جبکہ دیگر کی جانب سے مخالفت کی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ متعدد شوبز شخصیات کی جانب سے عید سے قبل اور بعد میں بھی فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم پر پوسٹس کرکے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی گئی تھی۔