• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

بلوچستان: دہشتگردوں کے دو حملوں میں 4 ایف سی اہلکار شہید، 8 زخمی

شائع June 1, 2021
دہشت گردوں نے تربت کے مقام پر ایک دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد سے ایف سی کی گاڑی کو نشانہ بنایا---فائل فوٹو:
دہشت گردوں نے تربت کے مقام پر ایک دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد سے ایف سی کی گاڑی کو نشانہ بنایا---فائل فوٹو:

کراچی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں 2 حملوں میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے 4 اہلکار شہید اور 8 زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں حملے پیر کی رات ہوئے اور ایک واقعے میں کم از کم 4 دہشت گرد ہلاک اور 8 دیگر زخمی ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: بولان میں چیک پوسٹ پر حملے میں 3 ایف سی اہلکار شہید

کوئٹہ میں پیر اسمٰعیل زیارت کے قریب ایک ایف سی چوکی کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کچھ دیر تک جاری رہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس واقعے میں 4 سے 5 دہشت گرد مار گئے جبکہ 7 سے 8 زخمی ہوگئے اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایف سی کے 4 جوان شہید ہوگئے اور 6 اہلکار زخمی ہوئے۔

دوسرے واقعے میں دہشت گردوں نے تربت کے مقام پر ایک دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد سے ایف سی کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس سے 2 ایف سی اہلکار زخمی ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: افغانستان سے دہشت گردوں کے حملے میں 4 ایف سی اہلکار شہید، 6 زخمی

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ’ریاست مخالف قوتوں اور ایچ آئی اے کے حمایت یافتہ عناصر کی جانب سے اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے بلوچستان میں امن و خوشحالی کو سبوتاژ نہیں کیا جاسکتا‘۔

اس حوالے سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز خون اور جانوں کی قیمت پر بھی دشمنوں کے مذموم عزائم کو غیر مؤثر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

10 مئی کو بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مَرگت کوئلے کی کان کے قریب دہشت گردوں کے چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں ایف سی کے 3 اہلکا شہید اور ایک زخمی ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: باجوڑ: افغان سرحد پار سے داغے گئے راکٹوں سے 5 سالہ بچی جاں بحق

اس سے قبل 5 مئی کو ضلع ژوب میں افغانستان سے دہشت گردوں کے حملے میں فرنٹیئر کور کے 4 اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے تھے۔

اس ضمن میں آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ بلوچستان کے ضلع ژوب میں پاک ۔ افغان سرحد کے ساتھ سیکٹر منکزئی میں باڑ لگانے کا کام جاری تھا، جس دوران افغانستان سے دہشت گردوں نے ایف سی کے اہلکاروں پر حملہ کیا۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024