• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

رونالڈو کے 'عمل سے کوکا کولا کو 4 ارب ڈالر کا نقصان'، ٹوئٹر صارفین کے دلچسپ تبصرے

شائع June 16, 2021
کرسٹیانو رونالڈو کے اس عمل کا برانڈ پر بہت زیادہ اثر پڑا— فوٹو: اسکرین شاٹ
کرسٹیانو رونالڈو کے اس عمل کا برانڈ پر بہت زیادہ اثر پڑا— فوٹو: اسکرین شاٹ

دنیا کے امیر ترین فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو صحت کو جنک فوڈ پر فوقیت دیتے ہیں اور یہ چیز کافی واضح ہے کہ وہ دوسروں کو بھی اسی چیز کی تاکید کرتے ہیں جو قابلِ فہم ہے۔

تاہم یہ حال ہی میں معلوم ہوا کہ کرسٹیانو رونالڈو کی جانب سے کیمرے کے سامنے کسی پروڈکٹ کو ہٹانے کی وجہ سے اس کمپنی کو 4 ارب ڈالر کا نقصان بھی ہوسکتا ہے۔

ہوا کچھ یوں کہ ہنگری میں جاری یو ای ایف اے یورپین فٹ بال چیمپئن شپ میں پرتگال کے میچ سے قبل ایک پریس کانفرنس کے دوران کرسٹیانو رونالڈو نے ٹیبل پر اپنے سامنے رکھی ہوئی مشروب بنانے والی کمپنی کوکا کولا کی 2 بوتلیں دیکھیں۔

کوکا کولا یورپین فٹ بال چیمپئن شپ کا اسپانسر ہے اور بوتلیں، اشتہاری مقاصد کے لیے رکھی گئی تھی لیکن کرسٹیانو رونالڈو نے وہ بوتلیں اپنے سامنے سے ہٹاکر دوسری جانب رکھ دیں اور کیمرے کے سامنے اپنی پانی کی بوتل لہرائی اور پرتگالی زبان میں ’ایگوا‘ کہا جس کا مطلب 'پانی' ہے۔

یہی نہیں بلکہ انہوں نے مداحوں کو سوڈا کے بجائے پانی کا انتخاب کرنے پر بھی زور دیا۔

مذکورہ واقعے کی ویڈیو کلپز کچھ ہی دیر میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

14 جون کو ان کی پریس کانفرنس کے دوران کیمرے کے سامنے کیے جانے والے کرسٹیانو رونالڈو کے اس عمل کا برانڈ پر بہت زیادہ اثر پڑا۔

روہت چوہان نامی صارف نے لکھا کہ رونالڈو کی جانب سے میز سے بوتلیں ہٹانے کے بعد کوکا کولا کے اسٹاک گر گئے۔

کرسٹیانو رونالڈو کے اس عمل کے فوراً بعد کوکا کولا کے شیئرز کی قیمت 56.1 ڈالر سے کم ہوکر 55.22 ڈالر ہوگئی اور اس میں 1.6 فیصد کمی آئی۔

پریس کانفرنس کے بعد مارکیٹ میں برانڈ کی قدر 242 ارب ڈالر سے کم ہوکر 238 ارب ڈالر تک پہنچ گئی اور کمپنی کو 4 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔

برانڈ کے شیئرز میں کمی اس قدر تیز اور فوری تھی کہ لوگوں نے اس کا موازنہ بٹ کوائن مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ سے کیا۔

واضح رہے کہ مالی تجزیہ کاروں کی جانب سے ٹوئٹس کی بنیاد پر قدر میں بہت زیادہ تبدیلی کی وجہ سے کرپٹوکرنسی پر شدید تنقید کی جاتی ہے۔

یہاں تک کہ ٹیسلا کے بانی ایلون مسک کی ٹوئٹ، حال ہی میں بٹ کوائن کی قدر میں بڑی کمی کی وجہ بن گئی تھی اور یہ انٹرنیٹ پر ایک بڑی پنچ لائن بن گئی ہے۔

روہت چوہان نے لکھا کہ 'کرسٹیانو رونالڈو کے عمل سے کوکا کولا کو 4 ارب ڈالر کے نقصان پر ایلون مسک کہتے ہیں کہ آپ نے میرا انداز چرایا'۔

ٹوئٹر صارفین کی جانب سے اس واقعے پر دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں۔

ایک اور ٹوئٹر ہینڈل نے کرسٹیانو رونالڈو کا موازنہ ایلون مسک کی ٹوئٹ سے کیا۔

اکثر صارفین کی جانب سے نامور فٹبالر کے اس عمل پر مزاحیہ ٹوئٹس اور میمز شیئر کی جارہی ہیں۔

کچھ صارفین نے انہیں انسٹاگرام پر 29 کروڑ 90 لاکھ فالوورز کے ساتھ سب سے زیادہ فالو کیا جانے والا شخص کہا اور انہیں اصلی انفلوئنسر قرار دیا۔

ورشا نامی صارف نے کرسٹیانو رونالڈو کو اصل انفلوئنسر قرار دیا۔

گریسی نامی ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ 'جب رونالڈو نے اپنے سامنے سے کوکا کولا کی بوتلیں ہٹائیں تو ان کے ہیڈ آف مارکیٹنگ کا ردعمل کچھ یوں تھا'۔

دوسری جانب کوکا کولا کی جانب سے گزشتہ روز اس نقصان کے بعد ایک بیان جاری کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ 'ہر کسی کو اپنی پسند کے مشروب کے انتخاب کی اجازت ہے اور ان کی پسند کا اور ضرورت مختلف ہوتی ہے‘۔

چیمپئن شپ کے ترجمان نے کہا کہ 'ہماری پریس کانفرنسز میں آمد پر کھلاڑیوں کو پانی کے ساتھ ساتھ کوکا کولا اور کوکا کولا زیرو پیش کی جاتی ہے'۔

میچ میں رونالڈو نے 2 گول اسکور کیے اور ان کی ٹیم 90 منٹ ختم ہونے پر 0-3 سے جیتی۔

کرسٹیانو رونالڈو کے بعد اسی نوعیت کا ایک اور عمل مانچسٹر یونائیٹڈ اور فرانس کی نمائندگی کرنے والے فٹبالر پال پوگبا نے دہرایا۔

پال پوگیا مسلمان ہیں اور وہ الکحل کے مشربات کی توثیق سے گریز کرتے ہیں، انہوں نت پریس کانفرنس کے دوران اپنے سامنے رکھی بیئر کی بوتل اٹھا کر نیچے رکھ دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024