• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

چین کی کمیونسٹ پارٹی کا پاکستانی سیاسی جماعتوں کے ساتھ تعلقات پر زور

شائع June 18, 2021
کمیونسٹ پارٹی کے صد سالہ جشن کے حوالے سے تقریب کے دوران چینی سفیر نے سیاسی جماعتوں سے تعلقات پر زور دیا—فوٹو: ٹوئٹر
کمیونسٹ پارٹی کے صد سالہ جشن کے حوالے سے تقریب کے دوران چینی سفیر نے سیاسی جماعتوں سے تعلقات پر زور دیا—فوٹو: ٹوئٹر

اسلام آباد: چین کی حکمران جماعت ’دی کمیونسٹ پارٹی آف چائنا‘ (سی پی سی) نے پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات کو مضبوط اور ’چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور‘ (سی پیک) کو بہتر بنانے کے لیے پہلی مرتبہ پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے ساتھ تعلقات پر زور دیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ بات پاکستان میں تعینات چین کے سفیر Nong Rong نے ’پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ‘ (پی سی آئی) کے آن لائن سیشن میں کہی۔

مذکورہ آن لائن سیشن کمیونسٹ پارٹی کے آئندہ صد سالہ جشن کے موقع کے حوالے سے منعقد کیا گیا تھا، جس میں چینی سفیر سمیت پاکستانی سیاستدانوں نے بھی خطاب کیا۔

خطاب کے دوران پاکستان میں تعینات چینی سفیر Nong Rong نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات اور سی پیک کی بہتری کے لیے پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے ساتھ تعلقات اور تعاون کو نہ صرف اہمیت دیتی ہے بلکہ اس پر زور بھی دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی سیاسی جماعتوں کے بہتر تعلقات سے ہی ایک نئے اور مضبوط دور کا آغاز ہوگا۔

چینی سفیر کے مطابق نیا پاکستان وژن اور سی پیک کے اور بہتر کام کے لیے کمیونسٹ پارٹی پاکستان کی تمام سیاسی پارٹیوں کے ساتھ مذاکرات، تعلقات اور لائحہ عمل بنانے کے لیے تیار ہے، کیوں کہ ایسے تعلقات سے ہی مضبوط اور پائیدار ماحول کا قیام ممکن ہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ چین کی حکومت نے پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے ساتھ تعاون اور مذاکرات پر زور دیا، اس سے قبل چین صرف حکومت کے ساتھ ہی مذاکرات کو اہمیت دیتا آر ہا تھا۔

سی پیک کے معاملات پر چین نے پاکستان کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں سمیت فوج کے ساتھ تعاون اور مذاکرات پر زور دیا ہے لیکن اب پہلی مرتبہ وہاں کی حکومت نے ملک کی اہم اور بڑی سیاسی جماعتوں کے ساتھ بھی سی پیک سمیت دیگر معاملات پر مذاکرات پر زور دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سیاسی جماعتیں سی پیک کی کامیابی کیلئے متحد ہوں: چینی وزیر

خطاب کے دوران Nong Rong نے پاکستانی سیاسی جماعتوں کو ہانگ کانگ، تائیون اور سنکیانگ کے معاملے پر چین کا ساتھ دینے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

چینی سفیر نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ چینی حکومت اور کمیونسٹ پارٹی پاکستان کی خودمختاری، سلامتی، ترقی اور مضبوطی کے لیے ہمیشہ تیار رہے گی۔

آن لائن اجلاس کے دوران سینیٹ کی دفاع سے متعلق کمیٹی کے چیئرمین اور پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ سینیٹر مشاہد حسین نے بھی خطاب کیا اور انہوں نے پاکستان کی 9 سیاسی جماعتوں کی جانب سے چینی صدر کے نام لکھے گئے خط کا متن بھی پڑھا۔

مذکورہ خط پر ملک کی 9 بڑی اور اہم سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے دستخط بھی تھے۔

اپنے خطاب میں مشاہد حسین نے کمیونسٹ پارٹی کی جدوجہد اور خاص طور پر اس کی 40 سالہ جدوجہد اور چینی ترقی میں اس کے کردار پر بھی بات کی۔

اجلاس کے دوران پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر مصطفیٰ حیدر سید نے بھی خطاب کیا جب کہ غربت کے خاتمے سے متعلق وزیر اعظم کی مشیر ڈاکٹر ثانیہ نشتر، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیٹر تاج حیدر، سینیٹر انورالحق کاکڑ، سینیٹر محمد قاسم رونجھو اور سینیٹر مشتاق احمد نے بھی آن لائن خطاب کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024