• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

ایک فضائی میزبان کی آپ بیتی: صبر کا پھل ’البیک چکن‘

شائع July 21, 2021 اپ ڈیٹ October 18, 2022

اس سلسلے کی گزشتہ اقساط یہاں پڑھیے۔


کسی بھی پرواز کا مشکل ترین لمحہ مسافروں کی بورڈنگ کروانا ہوتا ہے یعنی سب کو ان کی مقرر کردہ نشستوں پر بٹھانا۔ جی ہاں! آپ نے صحیح پڑھا، 'بٹھانا'۔

تو جناب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا مسافر خود نہیں بیٹھ سکتے نشستوں پر؟ جی ہاں، بالکل بیٹھ سکتے ہیں لیکن غلط بیٹھ جاتے ہیں، اور پھر یہ ایک بہت بڑا امتحان ہوتا ہے فضائی میزبان کے لیے کہ مسافر جو غلط نشست پر بیٹھ گیا ہے اور اس کے بعد مقرر کردہ نشست کا مسافر وہاں آجائے تو ان کو اپنی اپنی نشستوں پر بٹھانا۔

ایسی صورتحال زیادہ تر حج اور عمرہ کی پروازوں پر درپیش ہوتی ہے۔ ویسے عام پروازوں پر بھی یہ مسئلہ ہوتا ہے لیکن زیادہ تر ایسا حج کی پروازوں پر ہوتا ہے۔ اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ ان پروازوں پر 95 فیصد وہ لوگ سفر کرتے ہیں جنہوں نے پہلی اور شاید آخری مرتبہ ہی جہاز پر سفر کرنا ہوتا ہے۔

فضائی عملے کے لیے عید شب رات یا دیگر تہواروں پر گیزٹڈ چھٹیاں نہیں ہوتیں۔ لہٰذا ان دنوں چھٹی کے لیے خاص طور پر درخواست دینا پڑتی ہے۔ ان درخواستوں کا عمومی طور پر وہی حال ہوتا ہے جیسے کسی شخص کا ڈیبٹ کارڈ چوری ہوجائے اور وہ اپنے بینک فون ملا کر گھنٹوں تک یہی سنتا رہے کہ اس وقت تمام آپریٹرز 'دوسرے' کسٹمرز کی مدد کرنے میں مصروف ہیں، اور جس دم آپریٹر مدد کرنے کو فون اٹھاتا ہے، ڈیبٹ کارڈ کسی اور کے کام آچکا ہوتا ہے۔

نوکری کے ابتدائی دنوں میں میرے ساتھ بھی یہی معاملہ ہوا۔ درخواست دی لیکن آپریٹر نے فون نہیں اٹھایا لہٰذا بقر عید پر نوکری کرنی پڑی اور اپنے گھر عید منانے نہ جاسکا۔

حج پروازوں پر 95 فیصد وہ لوگ سفر کرتے ہیں جنہوں  نے پہلی اور شاید آخری مرتبہ ہی جہاز پر سفر کرنا ہوتا ہے
حج پروازوں پر 95 فیصد وہ لوگ سفر کرتے ہیں جنہوں نے پہلی اور شاید آخری مرتبہ ہی جہاز پر سفر کرنا ہوتا ہے

اب صورتحال یہ تھی کہ چاند رات کو پرواز لے کر جانی تھی اور عید کی صبح واپسی تھی۔ اس کا سیدھا سادہ مطلب یہ تھا کہ واپسی پر میری حالت اور فلائٹ فل پیک ہونا تھی۔ یہ بھی بتاتا چلوں کہ حج پروازوں کی یہ پالیسی ہوتی ہے کہ جو جہاز حاجیوں کو چھوڑنے جاتا ہے، وہ واپس خالی آتا ہے۔ اسی طرح جو جہاز حاجیوں کو واپس لینے جاتا ہے وہ بھی خالی جاتا ہے۔ ایسا اس لیے ہوتا ہے کہ حج کے دوران ایک طرف کے مسافروں کی بکنگ نہیں کی جاتی لہٰذا میں نے بھی واپسی کی فل پیک پرواز کے لیے ملک پیک کی لسی طہورا بنا کر پی اور عالمِ غنودگی میں جانے کی مکمل کوشش کرکے بقر عید پر چھٹی نہ ملنے کا غم غلط کرتا رہا۔

لیکن حیران کن طور پر نہ ہی غنودگی وارد ہوئی اور نہ ہی غم غلط ہوا۔ لگتا تھا جیسے دہی ماپنے والے پیمانے میں کچھ گڑبڑ ہوگئی تھی ورنہ اسی لسی طہورا سے مجھے گھر پر وہ غنودگی آ گھیرتی تھی کہ جیسے کسی شدید راشی افسر کو 'زپنٹو' (رشوت کے لیے استعمال کیا جانے والا عام فہم لفظ) لیے بغیر اپنے باس کے ایک فون پر کسی غریب شخص کی فائل کلیئر کرنے پر آتی ہے۔ خیر آرام و سکون سے جدہ پہنچ گئے۔

جہاز کا تیل پانی چیک ہوا اور معزز مہمانانِ گرامی جہاز میں آنا شروع ہوگئے۔ ایک دم مجھے لگا کہ جہاز کی روشنی میں یکایک اضافہ ہوگیا ہے۔ پہلے میں سمجھا کہ یہ خدا کے نیک بندوں کا نور ہے (اور تھا بھی، اس میں کوئی دو رائے نہیں) لیکن ابھی اس بات پر آدھا سر ہی دھنا تھا کہ اس خیال سے میرے رونگٹے کھڑے ہوگئے کہ کہیں یہ لسی طہورا نے اثر کرنا تو شروع نہیں کردیا۔

پھر اچانک میری نظر سامنے سے آنے والے 'تازہ حجاجِ کرام' پر پڑی۔ میں فوراً 'گنجان' حاجی صاحبان کو دیکھ کر سمجھ گیا کہ روشنی کہاں سے ٹکرا کر پھیل رہی ہے اور پھر وہی ہوا جو میں نے سوچ رکھا تھا۔ 4 لوگ اکٹھے بیٹھ گئے جن میں سے 2 کی نشستیں جہاز کے اگلے حصے میں تھیں۔ معلوم اس وقت ہوا جب ان 2 نشستوں کے مسافر بھی آگئے۔

اب وہی معاملہ کہ کوئی ہلنے کو تیار نہیں۔ آخرکار اس پرانے لطیفے سے مدد لینی پڑی کہ جس میں فضائی میزبان مسافر کو جہاز کے اگلے حصے میں بیٹھنے کے لیے یہ کہہ کر راضی کرتا ہے کہ اگلا حصہ پہلے اترے گا۔ اس میں تھوڑا رد و بدل کرکے میں نے یہ سمجھایا کہ بھائی عید کا رش ہے۔ آپ آگے بیٹھیں گے تو پہلے جہاز سے نکلیں گے اور کسٹم سے جلدی فارغ ہوکر سامان حاصل کرسکیں گے۔

شکر ہے ان کی سمجھ میں آگیا اور مسئلہ حل ہوا۔ یہ اور بات ہے کہ پرواز کے آخر میں مسافروں کو اتارنے کے لیے جہاز کا پچھلا دروازہ کھل گیا اور میں نے ان دونوں کے آنے سے پہلے بیت الخلا کی راہ لی۔ ان کی خون خوار نگاہوں کو کون سہتا اور کیا معلوم کچھ سنا بھی جاتے۔ سنا ہے حج کرنے کے بعد تمام گناہ معاف ہوجاتے ہیں اور میٹر پھر سے چالو ہوجاتا ہے۔ اب دیکھیں اس میں میرا تو کوئی قصور نہیں۔

ایک حاجی صاحب ہم سے کافی خوش تھے۔ جس کا اندازہ میں نے ان کو ساڑھے 16 بار چائے دے کر لگایا۔ چائے تو 16 بار ہی دی تھی مگر 'ساڑھے' مجھے مچے ہوئے تھے۔ ارے ارے آپ غلط نہ سمجھیں۔ بھائی میری تو نوکری ہی یہی ہے۔ اصل میں ان کے لیے چائے بناتا تو ساتھ خود بھی پی لیتا۔ اس وجہ سے سینے میں جلن اور پیٹ میں ایسی گڑبڑ مچی کہ لگتا تھا 'سوئی' کا مقام بلوچستان کے بجائے میرے پیٹ میں ہے۔

خیر وہ حاجی صاحب لینڈنگ سے کچھ دیر قبل آئے۔ اتنی تعریف کی کہ مجھے لگا کہ وہ دورانِ پرواز ہی دوستی کو رشتہ داری میں بدلنے کے خواہاں ہیں لیکن بچت ہوگئی۔ پھر انہوں نے اپنے زنبیل نما تھیلے میں ہاتھ ڈال کر جو باہر نکالا تو ہر سو 'باد مرغ کبیرہ' پھیل گئی۔ معلوم ہوا کہ المشہور 'البیک چکن' کے 4 بڑے پیکٹ ایک تھیلی میں ان کے ہاتھ میں موجود ہیں۔ پتا چلا کہ وہ اپنے بچوں کی فوج ظفر موج کے لیے یہ پوری زنبیل البیک چکن سے بھر کر لے جا رہے ہیں۔

حاجی صاحب  نے اپنے زنبیل نما تھیلے میں ہاتھ ڈال کر جو باہر نکالا تو ہر سو 'باد مرغ کبیرہ' پھیل گئی
حاجی صاحب نے اپنے زنبیل نما تھیلے میں ہاتھ ڈال کر جو باہر نکالا تو ہر سو 'باد مرغ کبیرہ' پھیل گئی

صبر کا پھل میٹھا ہوتا ہے، یہ تو سنا تھا لیکن آج صبر کا پھل 'البیک چکن' میرے سامنے تھا۔ رسمی انکار صغیرہ کے بعد میں نے وہ 'ڈبہ جات مرغ کبیرہ' خندہ پیشانی سے وصول پائے اور ان کو تلقین کی کہ جہاز اترنے والا ہے آپ نشست پر تشریف لے جائیے کہ ہمیں کچھ ضروری کام نمٹانے ہوتے ہیں۔ وہ گئے تو میں نے جہاز کے اگلے حصے میں کام کرتے اپنے 2 ساتھیوں کو 'نویدِ مرغ' سنائی اور وہ اڑتے ہوئے میرے پاس آگئے۔ ہم نے ضروری کام نمٹائے اور لبیک کہتے ہوئے البیک کے ساتھ انصاف کیا۔ اس پرواز پر معلوم ہوا کہ متعدد لوگ جاتے ہوئے 'اللھم لبیک' کا ورد کرتے ہیں اور واپسی پر البیک کا۔

پرواز اتر رہی تھی۔ لوگوں نے اپنوں کے ساتھ جاکر عید منانی تھی۔ کسی نے بقر عید اور کسی نے بکرا عید۔ کوئی گائے پر چھری پھیرتا کوئی بکرے پر۔ میں نے سوچا بڑی عید پر میں نے تو چھوٹا گوشت کھا لیا ہے لہٰذا میں اپنی گردن نیند کے حوالے کردیتا ہوں۔ ڈراپ میں بیٹھ کر واپس جاتے ہوئے کیا دیکھتا ہوں کہ شہر کے ندی نالے خون سے بھر چکے ہیں۔ میں سمجھ گیا کہ قربانیاں شروع ہوگئی ہیں۔ گھر والوں کو فون کرکے عید کی مبارک دی اور عید کی صبح ضروری کام سے سوگیا۔

خاور جمال

خاور جمال 15 سال فضائی میزبانی سے منسلک رہنے کے بعد ایک اردو سوانح ‘ہوائی روزی’ کے مصنف ہیں۔ اب زمین پر اوقات سوسائٹی میں فکشن کے ساتھ رہتے ہیں۔ بہترین انگریزی فلموں، سیزن اور کتابوں کا نشہ کرتے ہیں۔

انہیں فیس بُک پر فالو کریں: khawarjamal. ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (3) بند ہیں

تزئین عالم Jul 22, 2021 01:46am
ماشاءاللہ بہت خوبصورت انداز بیان ہے، اللہ تعالٰی زورقلم اور عطا فرمائے تحریر پڑھ کر دل خوش ہو گیا جب کبھی مجموعہ شائع کریں تو ناچیز کو ضرور یاد رکھئے گا
Khan Jul 22, 2021 11:38am
Khawar bro. Kamall ka likhty Hain app. Alfaz ki improvisation behtareen hai.. Tenzia Fekry senmjny main time legta hai laikin semj aany k baad bahot enjoy kerta Hoon.. Aik hi flow main saari iksaat perh daali. Mazeed ka wait hai.. try to include airhostesses and pilot issue too. App in iksaat ko weekly ya monthly routine k mutabik update kerain.. Zindagi k random wakiyaat main flow asaani sy hazam nahi hota... Anyhow. Itni achhi tehreer perh k maza Aya... Laikin heroine ki entry rehti hai abhi.. aur try to convert in into novel base autobiography. Her kist k aakhir main khud Dy sawal kia kerain k main ne kia Vale deliver ki hai. Kaari ko kia faida pounchy ga ye tehreer perh k.. Sorry agr koi baat buri legi ho. But mujy lega k aap ki tehreer main Dem hai. My best wishes are with you. Very good luck
Asma Jul 23, 2021 02:01pm
Boht khoob maza aagya parh ker

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024