• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

لکس اسٹائل ایوارڈز کی نامزدگیوں پر شوبز شخصیات کی تنقید

شائع August 29, 2021
22 کیٹیگریز کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا ہے—فائل فوٹوز: انسٹاگرام
22 کیٹیگریز کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا ہے—فائل فوٹوز: انسٹاگرام

شوبز سے وابستہ شخصیات نے ’لکس اسٹائل ایوارڈز ‘ کی نامزدگیوں پر چند مخصوص اداکاروں کو نامزد کرنے پر تنقید کی ہے۔

حال ہی میں ’لکس اسٹائل ایوارڈز‘ 2021 کی نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا تھا، جس میں میوزک، فیشن و ٹیلی وژن کی کیٹیگریز میں متعدد ڈراموں، ماڈلز، اداکاروں و گلوکاروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔

تاہم ان میں کچھ ڈراموں کو کسی بھی کیٹیگری کے لیے نامزد نہیں کیا گیا جبکہ کچھ ڈراموں کے کچھ اداکاروں کو شارٹ لسٹ نہیں کیا گیا۔

مزید پڑھیں: سونیا حسین ’لکس اسٹائل ایوارڈز‘ کی نامزدگیوں پر برہم

اداکارہ یاسرہ رضوی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی اسٹوری میں لکس اسٹائل ایوارڈز پر تنقید کی۔

انہوں نے طنزیہ انداز میں سوال کیا کہ 'لکس بنیادی طور پر ایک بیوٹی سوپ برانڈ ہے اور دیگر کاروباروں کی طرح ان کی توجہ زیادہ سے زیادہ مصنوعات فروخت کرنے اور منافع بنانے پر مرکوز ہے، نہیں؟'

یاسرہ رضوی کا مزید کہنا تھا کہ دیگر کاروباروں کی طرح وہ اپنے مقصد کے لیے فن کا استعمال کرسکتے ہیں لیکن شاید آرٹ کی خدمت کرنا ان کا مقصد نہیں ہے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

دوسری جانب اداکار علی عباس نے لکس اسٹائل ایوارڈ سے متعلق ایک مداح کے سوال پر جواب دیتے ہوئے تنقید کی۔

ایک مداح نے انسٹاگرام اسٹوری میں علی عباس سے کہا تھا کہ 'آپ کو نامزد کیوں نہیں، یہ ناانصافی ہے'۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

جس کے جواب میں اداکار نے کہا کہ 'اس کا جواب تو بس لکس اسٹائل ایوارڈز کے پاس ہی ہوگا وہ بھی اگر جانتے ہوں کہ میں ایک اداکار ہوں'۔

علاوہ ازیں اداکارہ کبریٰ خان نے 'الف ' میں خود کو نامزد نہ کیے جانے پر مداحوں کے سوالات پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'عزت دینے والے صرف اور صرف اللہ ہیں، میں جانتی ہوں کہ آپ میں سے اکثر بہت پریشان ہیں کہ حسنِ جہاں کو لکس اسٹائل ایوارڈ کے لیے نامزد نہیں کیا گیا'۔

کبریٰ خان نے کہا کہ 'جو لڑائی، محبت اور سپورٹ میں نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں دیکھا ہے وہ میرے لیے کسی ٹرافی سے کہیں زیادہ ہے، اگر یہ جیت نہیں ہے تو میں نہیں جانتی کہ کیا ہے'۔

انہوں نے خود کو ایسا فاتح قرار دیا جسے کسی اسٹیج یا تقریب کی ضرورت نہیں ہے۔

تاہم معروف گلوکارہ و اداکارہ حدیقہ کیانی جنہوں نے 'رقیب سے' سے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا تھا انہوں نے اپنے ڈرامے کو نامزد نہ کیے جانے پر تنقید نہیں کی البتہ امید ظاہر کی کہ وہ اگلے سال نامزد ہوسکیں گی۔

حدیقہ کیانی نے کہا کہ ' مجھے سکینہ اور رقیب سے کے لیے محبت اور سپورٹ کے بہت سے پیغامات موصول ہوئے ہیں لیکن ایک چیز کی وضاحت کرنے کی ضرورت ہے'۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

انہوں نے کہا کہ 'رقیب سے اس سال لکس اسٹائل ایوارڈز کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکا لیکن ہوسکتا ہے وہ ایوارڈز کی پالیسی کے مطابق اگلے سال نامزدگی کے لیے کوالیفائی کرسکے'۔

یہ بھی پڑھیں: لکس اسٹائل ایوارڈز 2021 کی نامزدگیوں کا اعلان

حدیقہ کیانی نے لکس اسٹائل ایوارڈز 2021 کے لیے نامزد کی جانے والی شوبز شخصیات کو مبارکباد بھی دی۔

مذکورہ شخصیات سے قبل ایوارڈز کے لیے عوام میں پسند کیے جانے والے اپنے مقبول ڈرامے ’سراب‘ کو ایک بھی نامزدگی نہ ملنے پر سونیا حسین نے انسٹاگرام اسٹوریز میں برہمی کا اظہار کیا تھا۔

سونیا حسین نے اپنی اسٹوری میں مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ اس بات سے افسردہ ہیں کہ ’سراب‘ جیسے ڈرامے کو ایوارڈ کے لیے ایک بھی نامزدگی نہیں ملی۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ شوبز شخصیات نے لکس اسٹائل ایوارڈز کی نامزدگیوں پر تنقید کی ہو، ماضی میں بھی اس کی نامزدگیوں پر اداکار آواز اٹھاتے رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024