• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

بیوی کے کہنے پر اس کے جوتے بھی اٹھا سکتا ہوں، شہروز سبزواری

شائع September 6, 2021
چند ہفتے قبل صدف نے کہا تھا وہ بیوی ہونے کے ناتے شوہر کے جوتے بھی اٹھا سکتی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
چند ہفتے قبل صدف نے کہا تھا وہ بیوی ہونے کے ناتے شوہر کے جوتے بھی اٹھا سکتی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

اداکار شہروز سبزواری نے کہا کہ بطور شوہر وہ اپنی بیوی کے کہنے پر ایک نہیں بلکہ چار مرتبہ انہیں جوتے بھی اٹھا کردے سکتے ہیں۔

شہروز سبزواری نے اہلیہ صدف کنول کے ہمراہ حال ہی میں احسن خان کے شو 'ٹائم آؤٹ ود احسن خان' میں شرکت کی، جہاں دونوں نے پیشہ ورانہ زندگی سمیت ذاتی زندگی پر بھی کھل کر باتیں کی۔

دونوں نے حال ہی میں صدف کنول کی جانب سے 'شوہر کے جوتے اٹھانے' سے متعلق دیے گئے بیان پر بھی وضاحت کی اور یہ بھی بتایا کہ کس طرح پہلی مرتبہ ان کی حادثاتی ملاقات ہوئی اور پھر دونوں نے درمیان محبت ہوگئی۔

دونوں نے بتایا کہ پہلی مرتبہ وہ ناروے میں ہونے والے ہم اسٹائل ایوارڈز کی ریہرسل کے دوران ملے اور پھر پرفارمنس کے بعد ان میں گہری دوستی ہوگئی، جو بعد میں محبت اور رشتہ ازدواج میں تبدیل ہوگئی۔

شہروز سبزواری نے بتایا کہ مذکورہ شو میں صدف کنول کو احسن خان کے ساتھ پرفارمنس کرنی تھی مگر وہ شو میں شریک نہ ہوئے، جس کی وجہ سے انتظامیہ کو شیڈول تبدیل کرنا پڑا۔

دونوں نے بتایا کہ احسن خان کے نہ آنے کی وجہ سے ہی انہیں ایک ساتھ پرفارمنس کرنی پڑی اور پھر ان کے درمیان محبت کا جذبہ پیدا ہوا جو آخر رشتے میں تبدیل ہوگیا۔

شہروز سبزواری اور صدف کنول نے اس دوران میزبان احسن خان کا شکریہ بھی ادا کیا کہ ان کے ایوارڈز شو میں شرکت نہ کرنے کی وجہ سے وہ ایک دوسرے کے ساتھ بنے۔

یہ بھی پڑھیں: سائرہ نے نورے کی بہت اچھی تربیت کی ہے، شہروز سبزواری

میزبان کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں صدف کنول نے کہا کہ ان کی جانب سے حال ہی میں شوہر کے جوتے اٹھانے سے متعلق بیان پر بہت زیادہ لوگ ناراض ہوئے۔

شوہر کی تعظیم کا میرے مارڈن ہونے سے تعلق نہیں، صدف کنول

لوگ سمجھتے ہیں کہ ماڈرن ہوں تو کوئی چیز نہیں کرتی ہوں گی، صدف کنول—اسکرین شاٹ
لوگ سمجھتے ہیں کہ ماڈرن ہوں تو کوئی چیز نہیں کرتی ہوں گی، صدف کنول—اسکرین شاٹ

اداکارہ کے مطابق لوگ ان کے بیان پر اس لیے برہم ہوئے، کیوں کہ عام افراد کے ذہنوں میں یہ بات ہے کہ صدف کنول ایک خود مختار اور ماڈرن خاتون ہیں، وہ کیسے دوسروں کے کام کر سکتی ہیں؟

اداکارہ نے واضح کیا کہ ان کی شوہر سے محبت کا ان کے ماڈرن ہونے سے کوئی تعلق نہیں، وہ ہمیشہ شوہر کی خدمت کرتی رہیں گی۔

صدف کنول کے مطابق ان کی جانب سے شوہر کی خدمت سے متعلق دیے گئے بیان کے بعد لوگوں نے ان کے ماضی کو اچھالنا شروع کیا اور ان کی پرانی ویڈیوز نکال کر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کے شوہر ان کا بہت خیال رکھتے ہیں اور ان کے کہنے پر انہیں جوتے بھی اٹھا کر دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بیوی کو شوہر کے جوتے بھی اٹھانے چاہئیں، صدف کنول

اسی معاملے پربات کرتے ہوئے شہروز سبزواری نے کہا کہ وہ بطور شوہر، اہلیہ کے کہنے پر انہیں ایک نہیں بلکہ چار مرتبہ بھی جوتے اٹھا کر دیں گے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ پچھلے پروگرام میں بھی وہ خاموش رہے تھے مگر اس مرتبہ وہ مذکورہ معاملے پر چپ نہیں رہیں گے اور وہ بتانا چاہتے ہیں کہ اگر انہیں ان کی بیوی اور پارٹنر بولتی ہیں کہ کپڑے اٹھا کر دیں تو انہیں اٹھاکر دیں گے۔

شہروز سبزواری کے مطابق بطور شوہر، اہلیہ کو جوتے یا کپڑوں سمیت دوسری چیزیں اٹھاکر دینا ان کی ذمہ داری ہے۔

دونوں نے اعتراف کیا کہ ایوارڈ شو میں پرفارمنس کے دوران ان کے درمیان تعلقات استوار ہوئے—اسکرین شاٹ
دونوں نے اعتراف کیا کہ ایوارڈ شو میں پرفارمنس کے دوران ان کے درمیان تعلقات استوار ہوئے—اسکرین شاٹ

اسی دوران ان کی اہلیہ صدف کنول نے اپنے جوتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ آج بھی شوہر نے انہیں شوز اٹھا کر دیے۔

شہروز سبزواری نے اہلیہ صدف کنول کی جانب سے شوہر کے جوتے اٹھانے کے معاملے پر بھی بات کی اور کہا کہ مسئلہ ان کے بیان کا نہیں تھا بلکہ ان کی بات کو غلط سمجھا گیا۔

مزید پڑھیں: شادی سے پہلے ہی ایک دوسرے سے محبت ہوگئی تھی، شہروز اور صدف کا اعتراف

اداکار نے کہا کہ کئی لوگوں نے ایسے سمجھا کہ شاید شہروز سبزواری ایک روایتی مرد کی کرسی پر بیٹھ کر ہنستے ہوئے اہلیہ کو حکم دیتے ہیں کہ جوتے اٹھا کر لاؤ۔

صدف کنول نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ ان کے شوہر کے جوتے اٹھانے سے متعلق بیان کو بہت زیادہ لوگوں نے دل پر لے لیا، کیوں کہ بظاہر سب کو ایسا لگتا ہے کہ وہ کچھ نہیں کرتیں لیکن درحقیقت وہ بہت کچھ کرتی ہیں۔

خیال رہے کہ رواں برس جولائی میں صدف کنول نے ایک شو میں کہا تھا کہ بطور بیوی ہر خاتون کو شوہر کے جوتے بھی اٹھانے چاہیے اور وہ ایسا کرتی ہیں۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا تھا کہ بیوی ہونے کے ناتے ہر خاتون کو معلوم ہونا چاہیے کہ ان کے شوہر کے کپڑے کہاں ہوتے ہیں، ان کے شوہر کی کیا ضروریات ہیں اور یہ کہ وہ ان ساری چیزوں کا خیال رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ پاکستانی سماجی روایات اور ثقافات یہ ہیں کہ ایک خاتون کو شادی کرنی ہوتی ہے، ان کا شوہر ہوتا ہے اور بیوی ہونے کے ناتے عورت کو شوہر کے کپڑے بھی استری کرنے ہوتے ہیں تو ان کے جوتے بھی اٹھانے پڑتے ہیں۔

ان کے اسی بیان پر ہنگامہ بھی ہوگیا تھا اور کئی خواتین نے ان پر سخت تنقید کی تھی۔

صدف کنول اور شہروز سبزواری نے مئی 2020 میں شادی کی تھی، اس سے قبل شہروز سبزواری نے 2012 میں سائرہ یوسف سے شادی کی تھی، انہیں پہلی اہلیہ سے ایک بیٹی بھی ہیں اور ان کی دوسری شادی مارچ 2020 میں طلاق پر ختم ہوئی تھی۔

دونوں نے مئی 2020 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے مئی 2020 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024