• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

عمر شریف اور اہلخانہ کو امریکا کے ویزے جاری

شائع September 16, 2021
عمر شریف عارضہ قلب میں مبتلا ہیں— فائل فوٹو: فیس بک
عمر شریف عارضہ قلب میں مبتلا ہیں— فائل فوٹو: فیس بک

پاکستان کے لیجنڈری کامیڈین و اداکار عمر شریف اور ان کے اہلخانہ کو امریکا کے ویزے جاری کردیے گئے اور وہ جلد امریکا روانہ ہوں گے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں عمر شریف کے ویزا کے اجرا سے متعلق بتایا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ عمر شریف کا ویزا جاری کردیا گیا، معاونت پر امریکی قونصل خانے کی ٹیم کے مشکور ہیں۔

مزید پڑھیں: عمر شریف 36 گھنٹے کے اندر امریکا روانہ ہوں گے، حکومتِ سندھ

قبل ازیں ایک ٹوئٹ میں مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ یہ بتاتے ہوئے خوش ہوں کہ عمر شریف کے اہلخانہ کے ویزا انٹرویوز آج ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ویزے کے اجرا کے لیے عمر شریف کی موجودگی سے استثنیٰ دینے پر امریکی قونصل خانے کے بہت مشکور ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ آئیں ہم سب مل کر برصغیر کے بہترین کامیڈین، عمر شریف کی صحت یابی کے لیے دعا کریں۔

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے بھی بتایا کہ عمر شریف اور ان کے اہلخانہ کو امریکا کے ویزے جاری ہوگئے ہیں اب وہ جلد اپنے علاج کے لیے امریکا روانہ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومتِ سندھ نے عمر شریف کے بیرون ملک علاج کیلئے رقم جاری کردی

ڈاکٹر شہباز گل کے مطابق عمر شریف کے اہلخانہ نے اس عمل میں تعاون پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

معاون خصوصی کے مطابق وزیراعظم دعاگو ہیں کہ اللہ تعالی عمر شریف کو جلد صحتیاب کرے۔

گزشتہ روز حکومت سندھ نے کہا تھا کہ عمر شریف کے امریکا سے علاج کروانے کے تمام انتظامات تقریباً مکمل ہوچکے ہیں اور اداکار آئندہ 24 سے 36 گھنٹے کے اندر روانہ ہوجائیں گے۔

خیال رہے کہ سندھ حکومت نے 14 ستمبر کو عمر شریف کے علاج کے لیے 4 کروڑ روپے کے فنڈز بھی جاری کیے تھے جبکہ وفاقی حکومت نے بتایا تھا کہ اداکار کو 16 ستمبر تک ویزا مل جائے گا۔

مزید پڑھیں: حکومت سندھ کا عمر شریف کا علاج کرانے کا اعلان

عمر شریف گزشتہ ایک ماہ سے علیل ہیں اور وہ کراچی کے آغا خان ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

ابتدائی طور پر گزشتہ ماہ ان کے اہلخانہ نے ان کے بیمار ہونے یا ہسپتال میں داخل ہونے کی اطلاعات کو مسترد کیا تھا، بعد ازاں انہوں نے تسلیم کیا کہ عمر شریف زیر علاج ہیں۔

ہسپتال میں عمر شریف کی طبیعت بگڑ جانے پر انہوں نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے وزیر اعظم عمران خان سے بیرون ملک علاج کے لیے مدد طلب کی تھی۔

عمر شریف کی جانب سے مدد طلب کیے جانے کے بعد وفاقی حکومت نے ان کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024