• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کومل رضوی کی ‘لائف اسٹائل‘ شو سے میزبانی کی دنیا میں واپسی

شائع September 17, 2021
اداکارہ و گلوکارہ نے لائف اینڈ اسٹائل شو سے واپسی کی ہے—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ و گلوکارہ نے لائف اینڈ اسٹائل شو سے واپسی کی ہے—فوٹو: انسٹاگرام

ماضی میں پاکستان میں مارننگ شو جب کہ بھارت میں سیلیبرٹی شو کرنے والی اداکارہ و گلوکارہ کومل رضوی طویل عرصے بعد میزبانی کی دنیا میں واپس آگئیں۔

گلوکارہ و اداکارہ 18 ستمبر سے ’آج انٹرٹینمنٹ‘ پر ’لائف اسٹائل ود کومل‘ نامی خصوصی شو کرتی دکھائی دیں گی۔

طویل عرصے بعد میزبانی کی دنیا میں واپسی پر کومل رضوی نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور بتایا کہ ان کا شو روایتی نہیں بلکہ اہم مسائل کو ہلکے پھلکے انداز میں پیش کرنے کا شو ہوگا۔

میزبان نے بتایا کہ انہوں نے مذکورہ شو کی میزبانی کی پیش کش اسی لیے ہی قبول کی، کیوں کہ انہیں اس کی تھیم اچھی لگی۔

کومل رضوی کے مطابق شو میں اہم سماجی مسائل جیسا کہ خواتین میں زچگی کے بعد ہونے والے ڈپریشن اور مخنث افراد کے ساتھ لوگوں کے نامناسب رویوں سمیت جسمانی ساخت پر نامناسب تبصروں جیسے موضوعات پر بات کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے شو کے پہلے سیزن کے لیے بہت ہی اچھے مہمانوں کے ساتھ تفریحی انداز میں حساس موضوعات پر بات کرنے کی کوشش کی ہے اور شو کو دیکھنے والے افراد کو اہم معلومات بھی ملیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: امیتابھ بچن نے فلم میں کام کی پیش کش کی تھی، کومل رضوی

کومل رضوی کا کہنا تھا کہ پاکستانی سماج میں حساس اور ہم مسائل پر سنسنی خیز یا ڈرامائی انداز میں بات کرنے کے بجائے تفریحی انداز میں گفتگو کرنے کی ضرورت ہے۔

’لائف اینڈ اسٹائل ود کومل‘ سے قبل اداکارہ نے کچھ عرصے تک ہم ٹی وی پر مارننگ شو کی میزبانی بھی کی تھی۔

اس سے تقریبا 20 سال قبل کومل رضوی نے بھارتی ٹی وی چینل ’وی‘ کے سلیبرٹی شو ’بی پی ایل اوئے‘ کی میزبانی بھی کی تھی۔

مذکورہ شو کے دوران کومل رضوی نے معروف بولی وڈ اسٹارز جن میں امیتابھ بچن، رانی مکھرجی، پریٹی زنٹا اور روینا ٹنڈن شامل ہیں سمیت کئی شخصیات کے انٹرویوز کیے تھے۔

کومل رضوی کی پیدائش بیرون ملک ہوئی تھی اور انہوں نے زندگی کے کئی سال متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی مختلف ریاستوں اور خاص طور پر دبئی میں گزارے۔

انہیں 1996 کے مقبول گانے ’باؤجی باؤجی‘ سے شہرت حاصل ہوئی، ساتھ ہی ان کے اس وقت کے مقبول ڈرامے ’ہوائیں‘ میں ان کے کردار کو کافی سراہا گیا، جس وجہ سے ان کی مقبولیت میں اور اضافہ ہوا۔

کومل رضوی نے انتہائی کم عمری میں کیریئر کا آغاز کیا اور اب تک وہ متعدد ڈراموں میں کام کر چکی ہیں جب کہ وہ ٹی وی پر میزبانی بھی کر چکی ہیں۔

کومل رضوی کوک اسٹوڈیو میں بھی اپنی آواز کا جادو جگا چکی ہیں، انہوں نے 2012 کے بعد شادی کی تھی، جس کے بعد وہ عمان منتقل ہوگئی تھیں۔

تاہم 2019 میں ان کی شادی طلاق پر ختم ہوئی تھی اور رواں برس اپریل میں انہوں نے پہلی بار اپنی شادی اور طلاق کے حوالے سے ندا یاسر کے’رمضان شو‘ میں کھل کر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ دراصل ان کے شوہر ذہنی مریض تھے۔

رواں برس جولائی میں ٹو بی آنیسٹ شو میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ 1999 کی امیتابھ بچن کی فلم ’سوریا ونشم‘ میں کام کے لیے انہیں پیش کش ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024