• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

عمر شریف کو عارضہ قلب سمیت گردوں اور ذیابیطس کا مسئلہ بھی ہے، ڈاکٹر طارق شہاب

شائع September 19, 2021
ڈاکٹر طارق شہاب اداکارہ ریما خان کے شوہر ہیں—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
ڈاکٹر طارق شہاب اداکارہ ریما خان کے شوہر ہیں—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

لیجنڈری کامیڈین، میزبان و اداکار عمر شریف کا امریکا میں علاج کرنے والی ٹیم کے رکن پاکستانی نژاد ڈاکٹر طارق شہاب نے واضح کیا ہے کہ اداکار کی بیماری سے متعلق پھیلائی جانے والی افواہیں غلط ہیں، انہیں عارضہ قلب لاحق ہے لیکن میزبان کو گردوں کے مسائل اور ذیابطیس بھی ہے۔

بول نیوز کے پروگرام ’اب بات ہوگی‘ میں اداکارہ ریما کے شوہر امراض قلب کے ماہر ڈاکٹر طارق شہاب نے کہا کہ انہوں نے ہی عمر شریف کو علاج کے لیے امریکا منتقل ہونے کا مشورہ دیا اور ان کی مشاورت سے ہی اداکار کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے منتقل کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ایک ہفتہ قبل انہیں پاکستان سے کاروباری حضرات کی ایک تنظیم نے فون کرکے بتایا کہ انہیں مدد کی ضرورت ہے اور کہا کہ عمر شریف سخت بیمار ہیں۔

ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق انہیں عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل نے بتایا کہ ڈاکٹرز نے انہیں کہا کہ عمر شریف کے دل سے خون بہہ رہا ہے اور ان کے پاس صرف 14 دن ہیں، ان کا علاج امریکا میں ہی ممکن ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمر شریف اور اہلخانہ کو امریکا کے ویزے جاری

ان کے مطابق انہوں نے زرین غزل کو عمر شریف کے ٹیسٹ بھجوانے کا کہا، جنہیں دیکھنے کے بعد ہی انہوں نے اداکار کو امریکا منتقل کرنے کی تجویز دی۔

ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق عمر شریف کے دل سے خون نہیں بہہ رہا بلکہ ان کے دل کے ایک ’وال‘ نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے اور دل میں جمع ہونے والا خون واپس ’پھیپھڑوں‘ کی جانب جا رہا ہے، جس کی وجہ سے اداکار کو سانس لینے میں بھی مشکل درپیش ہے۔

عمر شریف عارضہ قلب میں مبتلا ہیں— فائل فوٹو: فیس بک
عمر شریف عارضہ قلب میں مبتلا ہیں— فائل فوٹو: فیس بک

انہوں نے بتایا کہ عام زبان میں ڈاکٹر مذکورہ مسئلے کو دل سے خون بہنا ہی کہتے ہیں مگر درحقیقت اس سے خون نہیں بہتا بلکہ دل مکمل طرح سے کام کرنا چھوڑ دیتا ہے۔

ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق عمر شریف کا ’اوپن ہارٹ سرجری‘ نہیں ہوگی بلکہ اندر جاکر ان کے کمزور ’وال‘ کو دوسرے ’وال‘ سے جوڑا جائے گا اور مذکورہ عمل کافی پیچیدہ ہے۔

مزید پڑھیں: عمر شریف 36 گھنٹے کے اندر امریکا روانہ ہوں گے، حکومتِ سندھ

ان کا کہنا تھا کہ ان سمیت مجموعی طور پر 4 سرجن، میڈیکل آلات چلانے اور ادویات فراہم کرنے والے طبی عملے کے لوگ بھی ہوں گے اور مجموعی طور پر 10 افراد عمر شریف کا علاج کرنے والی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ عمر شریف کے دل کے اندر جاکر ’وال‘ کو ایک دوسرے سے جوڑنے کا مرکزی عمل 4 سے 6 گھنٹے کا ہے مگر مجموعی طور پر پورے عمل میں زیادہ وقت لگے گا۔

ڈاکٹر طارق شہاب نے واضح کیا کہ عمر شریف کے علاج کے لیے کیا جانے والا طبی عمل نیا ہے اور مذکورہ عمل دنیا کے بہت سارے ممالک میں نہیں ہوتا جب کہ امریکا میں بھی چند بڑے ہسپتالز میں اس کی سہولیات دستیاب ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ عمر شریف کے علاج کے لیے ہسپتال کا بل 70 سے 75 ہزار امریکی ڈالر یعنی پاکستانی ایک کروڑ 10 لاکھ سے سوا کروڑ روپے تک کے اخراجات آئیں گے۔

سندھ حکومت اداکار کے لیے 4 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر چکی ہے—فائل فوٹو: فیس بک
سندھ حکومت اداکار کے لیے 4 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر چکی ہے—فائل فوٹو: فیس بک

ڈاکٹر طارق شہاب نے یہ بھی کہا کہ سندھ حکومت نے عمر شریف کے علاج کے لیے ایئر ایمبولینس کے اخراجات سے کہیں زیادہ رقم فراہم کی ہے اور انہیں اُمید ہے کہ تمام رقم سے اداکار کا علاج ممکن ہو سکے گا۔

ان کے مطابق اگر پیسوں کی کمی پڑ گئی تو وہ عمر شریف کے لیے آن لائن فنڈ کا پیج بنائیں گے، کیوں کہ بہت سارے لوگوں نے ان سے مالی تعاون کے لیے رابطہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومتِ سندھ نے عمر شریف کے بیرون ملک علاج کیلئے رقم جاری کردی

ڈاکٹر شہاب طارق کے مطابق انہوں نے وفاقی حکومت کے رابطے کے بعد امریکی سفارت خانے کو عمر شریف کا ویزا جاری کرنے کے لیے خط لکھا اور اداکار کو ویزا مل چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہی عمر شریف کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے امریکا منتقل کرنے کی تجویز دی، کیوں کہ اداکار کی طبعیت بہت خراب ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ عمر شریف کی بیماری سےمتعلق افواہیں پھیلائی جا رہی ہے، انہیں کینسر کا ڈیمینشیا سمیت اور کوئی مرض لاحق نہیں۔

عمر شریف عارضہ قلب کے علاج کیلئے امریکا جائیں گے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
عمر شریف عارضہ قلب کے علاج کیلئے امریکا جائیں گے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ڈاکٹر طارق شہاب نے تصدیق کی کہ عمر شریف عارضہ قلب میں مبتلا ہیں لیکن ان کا ایک گردہ کمزور ہے جب کہ انہیں ذیابطیس کا مسئلہ بھی ہے، جس کی وجہ سے ان کی بیماری میں اضافہ ہوا ہے اور ان کے علاج میں بھی کچھ مشکلات پیش آئیں گی۔

خیال رہے کہ سندھ حکومت نے 16 ستمبر کو تصدیق کی تھی کہ عمر شریف کے علاج کے لیے ان کا ویزا مل گیا اور دو دن کے اندر اداکار امریکا روانہ ہوجائیں گے، تاہم تین دن گزر جانےکے باوجود اداکار کی منتقلی سے متعلق انتظامات مکمل نہیں ہو پائے۔

سندھ حکومت نے 14 ستمبر کو عمر شریف کے علاج کے لیے 4 کروڑ روپے کے فنڈز بھی جاری کیے تھے۔

عمر شریف گزشتہ ایک ماہ سے علیل ہیں اور وہ کراچی کے آغا خان ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی بیماری سے متعلق مختلف افواہیں پھیلائی جا رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024