• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

رقم اور ویزے جاری ہونے کے باوجود عمر شریف امریکا روانہ نہ ہوسکے

شائع September 23, 2021
اداکار ایک ماہ سے ہسپتال میں ہیں—فائلف وٹو: فیس بک
اداکار ایک ماہ سے ہسپتال میں ہیں—فائلف وٹو: فیس بک

گزشتہ ایک ماہ سے عارضہ قلب میں مبتلا لیجنڈری کامیڈین عمر شریف علاج کے لیے امریکی ویزے اور سندھ حکومت کی جانب سے فنڈز ملنے کے باوجود امریکا روانہ نہ ہوسکے۔

عمر شریف کو علاج کے لیے کراچی سے امریکی شہر واشنگٹن منتقل کرنے کے لیے سندھ حکومت نے 20 ستمبر کو 2 کروڑ 84 لاکھ روپے سے زائد کی رقم بھی جاری کی تھی لیکن تین دن گزر جانے کے باوجود ان کے لیے ایئر ایمبولینس نہ پہنچ سکی۔

ایئر ایمبولینس میں تاخیر کے حوالے سے عمر شریف کے بیٹے جواد عمر نے 22 ستمبر کو بول نیوز کو بتایا تھا کہ ایئر ایمبولینس نے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کے لیے درخواست دائر کردی ہے اور جلد انہیں شیڈول مل جائے گا۔

جواد عمر کے مطابق اجازت ملنے کے بعد ہی ایئر ایمبولینس انہیں شیڈول فراہم کرے گی اور انہیں اُمید ہے کہ 24 گھنٹے کے دوران انہیں شیڈول مل جائے گا لیکن ایک دن گزر جانے کے باوجود انہیں شیڈول نہیں مل سکا۔

یہ بھی پڑھیں: عمر شریف اور اہلخانہ کو امریکا کے ویزے جاری

اداکار کے بیٹے نے اس بات کی بھی تصدیق کی تھی کہ ان کے والد کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے اور وہ آرام سے ایئر ایمبولینس میں سفر کرنے کے اہل بن چکے ہیں۔

ایئر ایمبولینس کے ذریعے منتقلی، نیا مسئلہ سامنے آگیا

عمر شریف کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے منتقل کیا جائے گا—فائل فوٹو: فیس بک
عمر شریف کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے منتقل کیا جائے گا—فائل فوٹو: فیس بک

تاہم دوسری جانب معلوم ہوا ہے کہ ایئر ایمبولینس کے ذریعے عمر شریف کو اہل خانہ کے ہمراہ منتقل کرنے کے حوالے سے ایک نیا مسئلہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد پلان بی کے تحت اداکار کے اہل خانہ کو ان کے ہمراہ نہیں بلکہ کمرشل فلائیٹس کے ذریعے امریکا روانہ کیا جائے گا۔

’جیو نیوز‘ کے مطابق ایئر ایمبولینس کینیڈا سے پاکستان آئے گی اور امریکا جاتے ہوئے وہ یورپ میں کسی ایک ملک اسٹاپ کرنے کے بعد دوسرا اسٹاپ کینیڈا میں کرے گی اور آخر میں وہ امریکا پہنچے گی۔

رپورٹ کے مطابق ایئر ایمبولینس کے یورپی ملک اور کینیڈا اسٹاپ کرنے کی وجہ سے عمر شریف کے اہل خانہ کو امریکا کے علاوہ کینیڈا اور یورپ کا ویزا بھی درکار ہوگا، دوسری صورت میں انہیں ایئر ایمبولینس میں نہیں بٹھایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: سندھ حکومت نے عمر شریف کیلئے ایئر ایمبولینس کی رقم جاری کردی

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایئر ایمبولینس کمپنی نے مذکورہ مسئلے سے متعلق 5 دن قبل آگاہ کردیا تھا اور اب ممکنہ طور پر ایمبولینس کے پاکستان پہنچنے میں تین دن رہ گئی ہے اور اتنی مختصر مدت میں عمر شریف کے اہل خانہ کو یورپ اور کینیڈا کے ویزے ملنا مشکل ہے، اس لیے اداکار کے خاندان کو کمرشل فلائٹس سے امریکا روانہ کیے جانے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ایئر ایمبولینس میں سوار مریض یورپ اور کینیڈا کے ویزوں سے مستثنیٰ ہیں، اس لیے صرف انہیں ہی ایمبولینس کے ذریعے امریکا منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں اس بات کی بھی تصدیق کی گئی کہ سندھ حکومت کی جانب سے جاری رقم ایئر ایمبولینس کمپنی کو مل چکی ہے۔

عمر شریف کی اہل خانہ کے ہمراہ علاج کے لیے امریکا روانگی سے متعلق نیا مسئلہ سامنے آنے کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ اداکار کے اہل خانہ کو ان سے قبل کمرشل فلائٹس سے امریکا روانہ کیا جائے گا اور ایئر ایمبولینس 26 ستمبر تک اداکار کو لینے کے لیے پاکستان پہنچ جائے گی۔

نیا مسئلہ سامنے آنے کے بعد عمر شریف کی اہلیہ اور بیٹے کو کمرشل فلائیٹ کے ذریعے امریکا روانہ کیے جانے کا امکان ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
نیا مسئلہ سامنے آنے کے بعد عمر شریف کی اہلیہ اور بیٹے کو کمرشل فلائیٹ کے ذریعے امریکا روانہ کیے جانے کا امکان ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024