• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

فضائی میزبان کی آپ بیتی: ایفل ٹاور کی تلاش اور فرانسیسی لہجے

شائع September 30, 2021 اپ ڈیٹ October 18, 2022

اس سلسلے کی گزشتہ اقساط یہاں پڑھیے۔


ایک دن کسی کام سے دفتر پہنچا۔ اندر داخل ہوا تو ایک ساتھی کی آواز سنائی دی کہ 'مجھے چھٹی چاہیے، میں نے پیرس پورس نہیں جانا'۔ میں نے آگے بڑھ کر اس شخص کی شکل دیکھنا چاہی کہ یہ کون گناہ گار ہے جو خوشبوؤں کے دیس جانے سے انکاری ہے۔ ان کے رو اسودی اور باس گندھکی سے یہ بات مجھ پر فوراً عیاں ہوگئی کہ یہ واقعی ٹھیک کہہ رہے ہیں۔ افسر صاحب مصر تھے کہ عملہ کم ہے تمہیں جانا پڑے گا۔

میں نے مسکین سا منہ بناکر اسی لمحے عرضی داغ دی کہ اگر ان کی جگہ فدوی کو پیرس بھیج دیا جائے تو سانپ بھی مرجائے گا اور لاٹھی بھی نہیں ٹوٹے گی۔ یہاں میں نے اپنے آپ اور ان افسر کو سانپ نہیں کہا۔ مزید عرض یہ کی کہ اگلے 4 دن کوئی نوکری نہیں ہے چنانچہ اسٹینڈ بائے ڈیوٹی کی اذیت اکبری سہنے سے بہتر ہے بندہ سرکار کے کام آوے۔ 2 لوگوں کا کام بن گیا، شیطان مردود نے کفِ افسوس ملا اور میں پیرس جانے کی تیاری کرنے کے لیے گھر کی طرف روانہ ہوگیا۔

پرواز سے ایک دن پہلے سوچا کہ فرانسیسی زبان کے کچھ الفاظ بھی سیکھ لینے چاہئیں۔ ایک لفظ تو گاڑی میں ایندھن بھرواتے وقت ہی سیکھ لیا جو پیٹرول پمپ کے اوپر لکھا تھا، 'بووثوں'۔ مطلب ہیلو ہائے کا مسئلہ تو حل ہوا۔ اس کے بعد شکریہ ادا کرنا ہو تو 'میخ-سی' کا لفظ سامنے آیا۔ اس کو ویسے لکھا 'مرسی' جاتا ہے۔ ان الفاظ کو یاد کرنے کے لیے میں نے یہ کیا کہ 'بوٹوں' کی طرز پر پہلا لفظ ذہن میں محفوظ کیا اور دوسرے لفظ کے لیے استاد غلام علی خان صاحب سے دل میں معذرت کرکے ان کی گائی ہوئی غزل کا مصرع مستعار لے کر تبدیل کیا کہ 'دل میں اک میخ-سی چبھی ہے ابھی'۔

پرواز کے دن جہاز پر پہنچے اور مسافر آنا شروع ہوئے۔ حسبِ معمول کوئی ایک بھی فرانسیسی مرد و زن نظر نہ آیا اور تاحدِ نگاہ دیسی عوام کو ہی ہم سفر پایا۔ ابھی بورڈنگ جاری تھی کہ ایک مسافر اپنے آتش فشانی معاملات لے کر بیت الخلا کی باریابی کا مشتاق ہوا۔ میں نے بہت سمجھایا کہ کچھ دیر انتظار کرلو کیونکہ پانی کے ٹینک پرواز کے بعد چالو ہوتے ہیں مگر وہ تباہی کے دہانے پر تھا۔ مجبوراً اجازت دینا پڑی۔ واپسی پر مجھے مسکرا کر 'میسی' کہہ گیا حالانکہ مجھے فٹ بال کے کھیل سے کوئی رغبت نہیں۔ وہ تو بعد میں معلوم ہوا کہ وہ بیت الخلا ایسا 'میسی' (messy) کرکے گیا کہ پھر صاف کروانا پڑگیا اور اپنی طرف سے وہ مجھے 'میخ-سی' کہہ کر گیا تھا یعنی شکریہ۔ بندہ اہلِ زبان نہ ہو تو سارا تلفظ 'میسی' ہی ہوجاتا ہے۔

دورانِ پرواز میں نے اپنے ایک سینئر ساتھی سے پوچھا کہ فرانسیسی زبان سیکھنا کیسا ہے۔ وہ بولے کہ اس زبان میں عین، غین اور اس کے بعد زال کی آواز کو بھگتانا پڑتا ہے۔ پھر خاص طور پر خ کی آواز تو ایسے نکالنی پڑتی ہے جیسے عالم نزع کے دوران کوئی شخص بلغم فرسودہ تھوکتا ہوا جان کی بازی ہار بیٹھا ہو۔ میں نے ان کو تسلی دی کہ 'زال' کی آواز کو بھگتنا تو میرے بائیں ہاتھ کا کھیل ہے، پوچھنے لگے ایسا کیسے ممکن ہے۔ میں نے ان کو بتایا کہ ہماری سرائیکی زبان میں بیگم کو زال کہا جاتا ہے۔ اس بات پر انہوں نے زور سے سانس اوپر کھینچ کر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اپنی پرانی فلموں کے ولن کی پتلی لکیر مونچھوں کی ہم شکل بھنویں اچکائیں اور مجھے مبارکباد دی۔

خیریت سے سفر گزر گیا اور پیرس پہنچ گئے۔ چارلس ڈیگال ایئرپورٹ اتنا آسان اور سہل انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے جتنا کہ آرٹس کے طالبِ علم کے لیے کوانٹم فزکس۔ ایک مرتبہ بس آپ دائیں کے بجائے بائیں جانب مڑ جائیں تو کسی خوفناک انگریزی فلم کی طرح ایسی بھول بھلیاں شروع ہوجاتی ہیں جن کے ہر موڑ پر آپ کو لگتا ہے کہ راستہ تو بالکل صحیح ہے لیکن باہر کہاں سے نکلنا ہے۔ اس لیے تمام عملے کو ہدایت کی گئی کہ سب بمپر ٹو بمپر چلیں گے تاکہ کوئی گم نہ ہوجائے۔ اتنا بڑا ہوائی اڈہ ہونے کے باوجود عمارت ایسی ہے جیسے کسی امیر آدمی نے گھر بنوا کر پینٹ کروانے سے پہلے چھوڑ دیا ہو۔ زیادہ تر صرف سیمنٹ کا لیپ ہوا نظر آتا ہے۔ شاید معماروں نے آرٹسٹک زاویے سے یہی بہتر سمجھا ہوگا۔

ہوٹل ایئرپورٹ سے قریب ہی تھا۔ کمرے کی کھڑکی سے پردہ ہٹایا تو بہت دور المشہور کھمبا فرانسیسی کا ہیولا نظر آیا۔ میں نے کھڑکی سے ہی ایفل کو بڑک ماری کہ 'پیراں دی مٹی نہ چھڈیں، میں کل آساں'، اور اپنے پیروں کی مٹی جھاڑ کر بستر پر دراز ہوگیا کیونکہ ایفل ٹاور نے تو کہیں نہیں جانا لیکن میں لمبی نوکری کرکے آیا تھا اور نیند ضروری تھی کہ اٹھ کر آپ لوگوں کو باقی قصہ بھی تو بتانا ہے۔

صبح اٹھا تو محسوس کیا کہ آرام ابھی مکمل نہیں ہوا لہٰذا ناشتہ کرنے کے بعد ایک ضروری کام سے دوبارہ سو گیا۔ ایک سینئر ساتھی جو میری ہی طرح پہلی مرتبہ پیرس آیا تھا، اس کے ساتھ گھومنے کا پروگرام بنایا۔ تیار ہوکر نیچے آیا اور استقبالیہ پر موجود خاتون سے راستے معلوم کرنے کے بارے میں مدد چاہی۔

عجیب بات یہ ہوئی کہ میری بات کا جواب کوٹ پینٹ میں ملبوس دوشیزہ نے 'اوئی' دیا۔ ایک لمحے کو تو میں گھبرا گیا کہ کہیں ان کو میری بات 'چُبھ' تو نہیں گئی۔ وہ تو بعد میں معلوم ہوا کہ موئی فرانسیسی میں 'ہاں' کو 'اوئی' کہتے ہیں۔ وہ بھی لکھتے 'oui' ہیں، پڑھتے اوئی ہیں، اور سمجھ اکثر 'وی' آتی ہے۔ ویسے آپس کی بات ہے جب ان کے یہاں کسی گھر میں رشتہ پکا ہوتا ہوگا تو سارے گھر میں 'اوئی اوئی' کا شور مچ جاتا ہوگا۔

انہوں نے ہمیں بتایا کہ پہلے بس پکڑ کر آپ سب سے بڑے بس اسٹاپ پر پہنچیں جس کا نام 'گیاغ دو ناغ' ہے۔ اس کے بعد نزدیکی ٹرین اسٹیشن سے گلابی لائن پکڑیں جو آپ کو المشہور محراب 'آخ دی تھیں-اوف' پہنچا دے گی۔ اس کے بعد وہاں سے شانزے لیزے شروع ہوگی جو آپ کو یہاں تک پہنچا دے گی، اور اس کے ساتھ ہی اس مہ جبیں نے ایفل ٹاور پر انگلی رکھ دی۔ یہ معلومات لے کر ہم نے رخت سفر باندھا اور پیرس کی گلیوں میں نکل پڑے۔

بس کا ٹکٹ
بس کا ٹکٹ

سفر اور زبان دونوں کی مشکلات سہتے ہوئے آخرکار ہم شانزے لیزے پہنچ گئے۔ ایک جگہ وہ گلابی ریل کی لائن ہمیں ورغلا کر کسی اور اسٹیشن پر اتار گئی جس کی وجہ سے ہمیں تھوڑی دیر اور ہوگئی۔ جس زیرِ زمین ریلوے اسٹیشن سے ہم باہر نکلے اس کے بالکل سامنے ہم نے 'آخ دی تھیں-اوف' کو پایا۔ محراب کے اطراف 12 سڑکیں نکلتی ہیں۔

یہ فرانس کی عظیم تاریخ کا نشان ہے اور ان لوگوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے جنہوں نے فرانسیسی انقلابی جنگ اور نپولین کے خلاف جنگ میں حصہ لیا اور اپنے ملک کی خاطر جان دی۔

آسٹیلر ڈیزائن کا ڈھانچہ 12 لین آرک ڈی ٹریومفے چکر کے بالکل درمیان میں واقع ہے، جو پیرس کے مصروف ترین مقامات میں سے ایک ہے۔ یہیں گھومتے ہوئے پیرس کا سب سے بڑا چوک 'پلاس ڈی لا کنکارڈیا' دیکھا۔ اس کا نام لکھتے ہوئے مجھے ایسا لگا جیسے کوئی ورکشاپ میں کام کرتا ہوا استاد اپنے نکمے چھوٹے کو کہہ رہا ہو کہ 'پلاس وی لا ___' یہاں آپ حسبِ ذائقہ لفظ فٹ کرلیں۔

آرک ڈی ٹریومفے
آرک ڈی ٹریومفے

پیرس کے ایئرپورٹ کی طرح ہم ان 12 سڑکوں کی بھول بھلیوں میں اس طرح گم ہوئے کہ ہمیں اپنی منزل مقصود ایفل ٹاور کہیں نظر نہ آ رہا تھا۔ جس کسی سے ہم ایفل ٹاور کا پوچھتے وہ نفی میں سر ہلا کر راستہ بدل لیتا حالانکہ ہماری شکلیں مانگنے والوں جیسی بھی نہیں تھیں۔ آخرکار ایک بینچ پر بیٹھے اکیلے بوڑھے فرانسیسی کے قریب جاکر اس سے ایفل ٹاور کا پتا پوچھا۔ اس نے دھیرے سے سر اٹھا کر ہماری طرف دیکھا اور پھر اس کی آنکھیں ایسے پتھرا گئیں جیسے ہم نے ریموٹ کنٹرول اس کی طرف کرکے 'پاز' کا بٹن دبا دیا ہو۔

ایفل ٹاور
ایفل ٹاور

جب اس کا 'پاز' مشہور اداکاروں توقیر ناصر اور طلعت حسین صاحب کے پاز ٹائم سے تجاوز کرنے لگا تو میں نے جلدی سے نقشہ کھول کر اس کے سامنے رکھ دیا اور ایفل ٹاور کی طرف اشارہ کیا۔ یہ دیکھتے ہی اس نے ایک لمبی سی 'آ' کی اور بلند آواز سے 'تھوور دی اے-فیل' کہا جس سے اس کی دانتوں سے عاری بتیسی سے جو فوارہ نکلا اس سے بچنے کے لیے مجھے مشہور فلم 'دی میٹرکس' کے ہیرو جیسی لچک دکھانی پڑی۔ اس دوران میرے منہ سے بھی کچھ الفاظ نکلے، شکر ہے نہ بابے کو پنجابی آتی تھی اور نہ مجھے فرینچ۔ بہرکیف اس نے جو راستہ اشاروں سے سمجھایا اس سے ہم ایفل ٹاور پہنچ گئے۔

بابا ایفل کا مشہور مینارِ آہن ہمارے سامنے تھا۔ پھر ہم نے ٹکٹ خرید کر اس کی اوپری منزل کی سیر کی اور وہاں سے شہر کا نظارہ کیا۔ ہماری اگلی منزل 'لوو غار' کا عجائب گھر تھا۔ 50۔8 یورو کی ٹکٹ خرید کر ہم نے لیونارڈو ڈا ونچی کے مشہورِ زمانہ شاہکار 'مونا لیزا' کا نظارہ کیا۔

ایفل ٹاور کی بالائی منزل پر جانے کے لیے خریدے گئے ٹکٹ کے ساتھ مونا لیزا کا پوسٹ کارڈ
ایفل ٹاور کی بالائی منزل پر جانے کے لیے خریدے گئے ٹکٹ کے ساتھ مونا لیزا کا پوسٹ کارڈ

عجائب گھر کا ٹکٹ
عجائب گھر کا ٹکٹ

معلوم نہیں وہاں بھی اصلی تصویر تھی یا نہیں خیر ہم نے تو اصلی مان کر دیکھ لی۔ باقی اور بھی پرانی نوادرات وہاں موجود ہیں۔ مصر پر مختص حصہ مجھے خاص طور پر بہت پسند آیا۔ ایسے ہی چھت پر نظر پڑی تو میں حیران رہ گیا کہ لوگ آرٹ کے نام پر غربت کا کتنا اچھا نقشہ کھینچ گئے ہیں کیونکہ میں نے 'برہنہ سر' تو سنا تھا، 'برہنہ چھت' پہلی مرتبہ دیکھی تھی۔

عجائب گھر دیکھنے کے بعد واپس ہوٹل کی راہ لی کہ شام ہونے لگی تھی اور واپسی کا سفر بھی کافی زیادہ تھا۔ مزید برآں یہ کہ گردن میں بھی کافی درد ہو رہا تھا۔

خاور جمال

خاور جمال 15 سال فضائی میزبانی سے منسلک رہنے کے بعد ایک اردو سوانح ‘ہوائی روزی’ کے مصنف ہیں۔ اب زمین پر اوقات سوسائٹی میں فکشن کے ساتھ رہتے ہیں۔ بہترین انگریزی فلموں، سیزن اور کتابوں کا نشہ کرتے ہیں۔

انہیں فیس بُک پر فالو کریں: khawarjamal. ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (7) بند ہیں

Salazar Sep 30, 2021 12:49pm
As usual a great write up. Khawar sahab, I was making a plan to go on a Euro Trip before Covid. Well, that plan is shelved but hopefully next year, I will try to get on with that idea. So far I have two companions. One Greek friend and other a Pakistani. Everyone pays for themselves. Should you be interested in the trip, do please let us know. I have already travelled Europe extensively but never in one go. Also I can speak German, Spanish, Greek and dabble a bit in French and Italian as well. So I could be a nice guide and good travel buddy.
Mumtaz Ahmed Shah Oct 01, 2021 08:05am
We in overseas enjoyed Mr Khawar’s a marvelous article (USA)
Khan Oct 02, 2021 10:34am
رو اسودی اور باس گندھکی Ye khuch ziada ho Gaya.. Kisi Ma-Jabeen k ziker ki shadeed kemmi mehsoos hoey.. Anyhow. If possible try to continue it in story shape and one-day in a book shape. Good Luck and looking forward for more...
M. Saeed Awan Oct 02, 2021 08:08pm
Thoroughly I have read your complete travelogue. Its quite interesting but many things missing. You claimed that you happened to meet several celebrities of the world. But you didn't mention at all. Would you like to share those details in seperate column?
Syed Kashif Ajaz Oct 03, 2021 01:32pm
Aaj kal iss tarah ki pur mazah aur maloomati tehreer kam he parhnay ko milti hain, bohat aala.
خاور جمال Oct 03, 2021 02:38pm
Mr. Salazar Thank you for the offer, may you have a wonderful trip across Europe :) Mr. Mumtaz Im honored and great ful you liked my series :) Mr. Khan Dua kerain InshaAllah book bhi aa jaye kabhi na kabhi Mr. Saeed awan I have written some episodes on my facebook page before. One of those includes the celebrities :)
ALI MUSTAJAB Oct 06, 2021 05:15pm
AWESOME EPISODE AS USUAL. I WAS LAUGHING SO HARD AT "ZAAL KI AWAZ". YOU HAVE A UNIQUE TALENT OF CREATING HUMOR FROM SIMPLE WORDS.

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024