• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

پیچیدگیوں کے باعث صحیفہ جبار خٹک نے ناک کی پلاسٹک سرجری کروالی

شائع October 1, 2021
اداکارہ کے مطابق انہوں نے 2 ماہ قبل سرجری کروائی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کے مطابق انہوں نے 2 ماہ قبل سرجری کروائی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ماڈل و اداکارہ صحیفہ جبار خٹک نے انکشاف کیا ہے کہ بعض طبی پیچیدگیوں کے باعث انہوں نے دو ماہ قبل ناک کی پلاسٹک سرجری کروائی تھی۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر ناک کی سرجری کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے آپریشن کے بعد میں آنے والی مشکلات اور اس سے قبل کے خدشات اور خوف سے متعلق بھی مداحوں کو بتایا۔

صحیفہ جبار خٹک نے بتایا کہ ان کے ناک کی درمیان والی ہڈی بڑھ گئی تھی، جس کی وجہ سے ان کی ایک سائیڈ تنگ ہوچکی تھی اور انہیں سانس لینے میں بھی مشکلات درپیش تھیں۔

ماڈل و اداکارہ کے مطابق انہیں کچھ عرصہ قبل ڈاکٹرز نے بتایا کہ انہیں ’ڈیویئیٹڈ سیپٹم‘ (deviated septum) کا مسئلہ لاحق ہے اور اس کے حل کے لیے ان کا آپریشن کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: صحیفہ جبار کو استعمال شدہ اشیا فروخت کرنے پر تنقید کا سامنا

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں ہمیشہ سے ہی آپریشن سے ڈر لگتا رہا ہے اور وہ نہیں چاہتی تھیں کہ اپنے جسم پر قینچی چلتی دیکھیں لیکن ان کے پاس اور کوئی راستہ نہیں تھا۔

صحیفہ جبار خٹک نے لکھا کہ وہ گزشتہ 11 سال سے مذکورہ پیچیدگیوں میں مبتلا تھیں، ان کے ناک سے خون بہتا تھا جب کہ سردیوں میں پرسکون زندگی گزارنا ان کے لیے مشکل بن جاتا تھا۔

اداکارہ نے بتایا کہ گزشتہ سال ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے انہیں شدید تکلیف ہوئی اور انہیں سانس لینے میں مشکلات پیش آئیں، جس کے بعد انہوں نے مجبوری کے تحت سرجری کروانے کا فیصلہ کیا مگر انہیں آپریشن سے ڈر بھی لگ رہا تھا۔

مزید پڑھیں: صحیفہ جبار ڈراموں میں یکسانیت کے شکار و عورت مخالف موضوعات سے نالاں

ماڈل نے کامیاب کاسمٹک سرجری ہونے پر خدا کے شکر ادا کیا اور ساتھ ہی اعتراف کیا کہ ان کے خدشات اور خوف بلاجواز تھا، ایسا کچھ بھی نہیں ہوا، جیسا انہوں نے سوچا تھا۔

صحیفہ جبار کے مطابق ناک کی کاسمیٹک سرجری خود اتنا پیچیدہ عمل نہیں ہے لیکن اس کے بعد کے کچھ ایام کافی دردناک ہوتے ہیں اور وہ بھی دو ہفتوں تک بستر سے چپکی رہیں جب کہ انہیں سانس لینے میں بھی مشکلات پیش آئیں۔

ماڈل نے واضح کیا کہ انہوں نے خوبصورتی بڑھانے کے لیے ناک کی پلاسٹک سرجری نہیں کروائی۔

صحیفہ جبار خٹک نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی لکھا کہ ناک کی سرجری کروانے اور پلاسٹک سرجری کے حوالے سے پاکستان میں بہت سارے غلط تصورات پائے جاتے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ صحت مند زندگی گزارنے کے لیے پلاسٹک سرجری کروانے میں کوئی عیب نہیں۔

ماڈل و اداکارہ نے لکھا کہ پاکستان میں طبی پیچیدگیوں کو خوبصورت انداز میں پلاسٹک سرجری کے ذریعے حل کروانے کو عیب سمجھا جاتا ہے اور ایسا کرنے والوں کو شرمندہ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حمل سے متعلق سوال پوچھنے والے مداح کو صحیفہ جبار کا کرارا جواب

صحیفہ جبار خٹک نے یہ بھی لکھا کہ ایسا بلکل نہیں ہے کہ پلاسٹک سرجری صرف خوبصورتی بڑھانے کے لیے کروائی جاتی ہے بلکہ اس سے کئی طبی پیچیدگیوں کو احسن انداز مین ٹھیک کروانے کی کوشش کی جاتی ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے اپنے ڈاکٹر کو بھی مینشن کیا اور لوگوں سے کہا کہ وہ ان کی سرجری سے متعلق ڈاکٹر سے رجوع کر سکتے ہیں۔

ماڈل و اداکارہ کی جانب سے ناک کی پلاسٹک سرجری کروائی جانے کی پوسٹ پر کئی لوگوں نے کمنٹس کیے اور زیادہ تر افراد نے ان کی بہادری کی تعریف کی، تاہم بعض افراد نے ان پر خوبصورتی بڑھانے کے لیے آپریشن کروانےکا الزام بھی لگایا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024