دو سال قبل تعلقات استوار ہوئے تھے، جلد شادی کریں گے، آئمہ بیگ، شہباز شگری
گلوکارہ آئمہ بیگ اور شہباز شگری نے اپنے تعلقات کے حوالے سے پہلی مرتبہ کھل کر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کے درمیان محض دو سال قبل ہی تعلقات استوار ہوئے تھے اور دونوں جلد شادی کا ارادہ رکھتے ہیں۔
گلوکارہ و اداکارہ حال ہی میں احسن خان کے پروگرام ’ٹائم آؤٹ ود احسن‘ میں شریک ہوئے، جہاں دونوں نے اپنے تعلقات، مستقبل کے منصوبوں اور کیریئر سے متعلق کھل کر باتیں کی۔
آئمہ بیگ نے بتایا کہ انہوں نے ٹی وی شو ’مذاق رات‘ میں شریک میزبان کی حیثیت سے کیریئر کا آغاز کیا اور وہیں ایک گلوکار کی جانب سے اپنے پرانا پسندیدہ گانا گائے جانے کے بعد انہیں گلوکاری کا شوق ہوا اور جلد ہی انہوں نے مذکورہ شو میں گانا گایا۔
گلوکارہ کے مطابق جلد ہی ان کے دو سنگل گانے ریلیز ہوں گے، جن کی شاعری بھی انہوں نے خود لکھی ہے۔
آئمہ بیگ کے مطابق انہیں میوزک ایلبم کی ریکارڈ کرنے کے بجائے براہ راست میوزک کنسرٹس میں گلوکاری کرنا اچھا لگتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں گلوکار ساحر علی باگا کے ساتھ کام کرنا اچھا لگتا ہے جب کہ انہوں نے عابدہ پروین کو اپنی پسندیدہ ترین گلوکارہ قرار دیا۔
آئمہ بیگ نے عابدہ پروین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ صوفی گلوکارہ اس سیارے سے ہیں ہی نہیں اور وہ ان کے لیے ایک طرح سے جنونی مداح کی طرح ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شگری اور آئمہ بیگ نے باضابطہ طور پر منگنی کرلی
اسی پروگرام میں آئمہ بیگ کے منگیتر شہباز شگری نے بتایا کہ انہوں نے بطور پروڈیوسر اور ہدایت کار کیریئر کا آغاز کیا تھا مگر 2019 میں انہوں نے اداکاری بھی شروع کی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں بچپن سے اداکاری کا شوق تھا اور انہیں اب بھی پروڈکشن سے زیادہ اداکاری میں دلچسپی ہے۔
شہباز شگری نے بتایا کہ انہیں سنجیدہ اور جذباتی مناظر شوٹ کرنے میں مزہ آتا ہے اور دکھوں کے سین شوٹ کرنے کے دوران بعض اوقات حقیقی طور پر ان کے آنسوں نکل آتے ہیں۔
دونوں نے پروگرام میں اپنے تعلقات، منگنی اور شادی کے حوالے سے بھی کھل کر بات کی اور بتایا کہ دونوں کے درمیان دو سال قبل ہی تعلقات استوار ہوئے تھے۔
آئمہ بیگ نے بتایا کہ پہلی مرتبہ ان کی ملاقات شہباز شگری کی پروڈیوس کردہ فلم ’پرے ہٹ لو‘ کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی، جس میں گلوکارہ کا گانا ’بلما بھگوڑے‘ بھی شامل ہے۔
شہباز شگری کے مطابق 2019 کی ان کی پروڈیوس کردہ فلم ’پرے ہٹ لو‘ کی شوٹنگ کے دوران ہی انہوں نے پہلی مرتبہ آئمہ بیگ کو دیکھا، جس کے بعد ان کے درمیان تعلقات استوار ہوئے۔
مزید پڑھیں: شہباز شگری، آئمہ بیگ کا جلد شادی کرنے کا عندیہ
آئمہ بیگ نے بتایا کہ پہلی ملاقات کے دوران انہوں نے شہباز شگری کی شخصیت کی تعریف کرتے ہوئے انہیں تجویز دی تھی کہ وہ اداکاری کریں، کیوں کہ وہ پرکشش ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں دونوں نے بتایا کہ وہ جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے لیکن انہوں نے واضح نہیں کیا کہ وہ کب تک رشتہ ازدواج میں منسلک ہوں گے۔
پروگرام کے ایک سیگمنٹ میں سوالوں کے جواب دیتے ہوئے آئمہ بیگ نے اعتراف کیا کہ شہباز شگری کے مقابلے میں وہ زیادہ ’شکی‘ ہیں۔
اسی سیگمنٹ میں گلوکارہ نے شہباز شگری کی خراب عادت بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کے منگیتر یومیہ 5 سے 6 گھنٹے تک ویڈیو گیم کھیلتے رہتے ہیں جو ان کی خراب عادت ہے۔
میزبان نے شہباز شگری سے پوچھا کہ کیا آئمہ بیگ نے ان سے شادی کے لیے کوئی تین شرائط رکھی ہیں؟ اگر رکھی ہیں تو وہ کیا ہیں اور اگر نہیں رکھیں تو ان کے خیال میں وہ کیا تین شرائط رکھیں گی؟
جس پر شہباز شگری نے بتایا کہ ابھی تک آئمہ بیگ نے شادی کے لیے کوئی شرائط نہیں رکھی اور اگر مستقبل میں وہ شرائط رکھیں گی تو ’ویڈیو گیم کم کھیلنے، ان کے ساتھ گانا گانے اور وزن نہ بڑھانے کی شرطیں ‘رکھیں گی۔
پروگرام کے دوران شہباز شگری نے بتایا کہ آئمہ بیگ سب سے زیادہ پیسے ہینڈ بیگز اور جوتے خریدنے پر خرچ کرتی ہیں جب کہ وہ کپڑوں کی اتنی شوقین ہیں کہ جب کبھی ان کا ایونٹ ہوتا ہے تو وہ ڈریس کی سلیکشن کے لیے پورے کمرے میں کپڑے بکھیر دیتی ہیں اور وہاں زمین کا ٹکڑا تک نظر نہیں آتا۔
انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ انہیں لگتا ہے کہ آئمہ بیگ شادی سے ایک گھنٹہ قبل کوئی نہ کوئی بہانا بنا کر ان سے جھگڑا کریں گی۔
خیال رہے کہ دونوں نے رواں برس جولائی میں منگنی کی تھی اور دونوں پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ ان کا جلد شادی کرنے کا ارادہ ہیں اور دونوں 2022 کے آغاز میں رشتہ ازدواج میں بندھنے کا عندیہ بھی دے چکے ہیں۔