• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

شوٹنگ کے دوران فائرنگ: ’اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے ہتھیاروں کے حفاظتی پروٹوکولز کو نظر انداز کیا‘

شائع October 26, 2021
فائرنگ کے نتیجے میں  فلم کے سیٹ پر ایک سینماٹوگرافر ہلاک ہوئیں—فائل فوٹو: اے پی
فائرنگ کے نتیجے میں فلم کے سیٹ پر ایک سینماٹوگرافر ہلاک ہوئیں—فائل فوٹو: اے پی

شوٹنگ کے دوران مشہور ہولی وڈ اداکار ایلک بولڈون کی فائرنگ سے خاتون کی ہلاکت پر عملے کی ایک رکن کا کہنا ہے کہ وہ ماضی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے بارے میں حفاظتی خدشات کا اظہار کرچکی ہیں اور واقعے کے وقت ہتھیاروں کے حفاظتی پروٹوکولز کو نظر انداز کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ حکام کا کہنا تھا کہ نادانستہ طور پر اداکار ایلک بولڈون کو پروپ گن سونپی گئی تھی جس سے فائرنگ کے نتیجے میں فلم کے سیٹ پر ایک سینماٹوگرافر ہلاک ہوگئی تھیں۔

امریکی خبر رساں ادارے ’اے پی‘ کی رپورٹ کے مطابق پروپ میکر اور لائسنس یافتہ پائرو ٹیکنیشن میگی گول نے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے سیٹ پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈیو ہالز کے رویے سے متعلق خدشات پر 2019 میں ’ہولوز ان ٹو دا ڈارک‘ سیریز کے ایگزیکٹو پروڈیوسرز کو شکایت کی تھی۔

میگی گول نے فون پر دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ڈیو ہالز نے ہتھیاروں اور پائروٹیکنکس کے حفاظتی پروٹوکولز کو نظر انداز کیا اور سیٹ پر نگرانی کرنے والے پائرو ٹیکنیشن کے ہوش کھو جانے کے بعد فلم بندی جاری رکھنے کی کوشش کی۔

مزید پڑھیں: شوٹنگ کے دوران مشہور ہولی وڈ اداکار کی فائرنگ سے خاتون ہلاک، ہدایتکار زخمی

تاہم جب اس حوالے سے تبصرے کے لیے جب ڈیو ہالز کو فون کالز اور ای میلز کی گئیں تو ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

میگی گول نے کہا کہ گزشتہ ہفتے کی جان لیوا شوٹنگ اور ان کے کچھ پچھلے تجربات اس حوالے سے موجود حفاظتی مسائل کی نشاندہی کرتے ہیں جن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

فائرنگ سے ڈائریکٹر فوٹوگرافی ہیلینا ہچنس سے ہلاک ہوئیں—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
فائرنگ سے ڈائریکٹر فوٹوگرافی ہیلینا ہچنس سے ہلاک ہوئیں—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

انہوں نے مزید کہا کہ فلم اور ٹی وی ورکرز کی نمائندگی کرنے والی یونین اور ایک بڑے پروڈیوسرز گروپ کے مابین ایک معاہدے پر جاری مذاکرات میں عملے کے ارکان کی حفاظت اور بہبود سرفہرست مسائل ہیں۔

میگی گول کا کہنا تھا کہ ’یہ صورتحال ڈیو ہالز کے بارے میں نہیں ہے، اس میں کسی بھی طرح سے کسی ایک شخص کی غلطی نہیں ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ سیٹ پر تحفظ ایک بڑا مسئلہ ہے اور ہم اس ثقافت کے ساتھ کیا حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ایلک بولڈون نے جو گن استعمال کی وہ ان تین میں سے ایک تھی جسے آتشیں اسلحہ کے ماہر نے عمارت کے باہر ایک ٹوکری میں رکھا تھا جہاں عدالتی ریکارڈ کے مطابق ایک سین کی شوٹنگ کی ریہرسل جاری تھی۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق ڈیو ہالز نے گن پکڑی اور اسے ایلک بولڈون کے حوالے کرتے ہوئے کولڈ گن کہا، جس سے یہ عندیہ ملا کہ ہتھیار محفوظ تھا۔

تاہم ریکارڈ کے مطابق گن میں گولیاں موجود تھیں اور وہ لوڈِڈ تھی۔

چند روز قبل معروف اداکار اپنی آنے والی فلم ’رسٹ‘ کی شوٹنگ کے لیے امریکی ریاست نیو میکسیکو میں رات دیر گئے شوٹنگ کر رہے تھے کہ ان کی فائرنگ سے فلم کی ٹیم میں شامل فوٹوگرافی ڈائریکٹر ہلاک ہوگئی تھیں جبکہ ہدایت کار زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب اداکار کے ترجمان نے بیان جاری کرتے ہوئے واقعے کو حادثہ قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ایلک بولڈون نے جان بوجھ کر فائرنگ نہیں کی بلکہ ان سے حادثاتی طور پر گولیاں چلیں۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد شوٹنگ منسوخ کردی گئی—فائل فوٹو: اے پی
فائرنگ کے واقعے کے بعد شوٹنگ منسوخ کردی گئی—فائل فوٹو: اے پی

ایلک بولڈون نے جس فلم کی شوٹنگ کے دوران فائرنگ کی، اس کی شوٹنگ گزشتہ برس سے جاری تھی اور وہ فلم کے شریک پروڈیوسر بھی ہیں۔

فلم کی کہانی 1880 کے دور کی ہے، جس میں ایک جواں سالہ لڑکے کو حادثاتی طور پر دوسرے لوگوں کو ہلاک کرنے کے الزام میں سزا سنائی جاتی ہے۔

ایلک بولڈون کی جانب سے کی گئی فائرنگ میں خاتون ہدایت کارہ کی ہلاکت اور دوسرے ڈائریکٹر کے زخمی ہونے پر شوبز شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

ہولی وڈ فلم کی شوٹنگ کے دوران فائرنگ سے ہلاکت کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس سے قبل بھی متعدد واقعات میں شوٹنگ ٹیم کے ارکان ہلاک ہو چکے ہیں۔

سال 1993 میں معروف اداکار اور مارشل آرٹ کے ماہر بروس لی کے نوجوان بیٹے 28 سالہ برینڈن لی بھی فلم کی شوٹنگ کے دوران حقیقی گولیاں لگنے سے ہلاک ہوگئے تھے، وہ فلم میں ہلاکت کا منظر شوٹ کروا رہےتھے کہ ساتھی اداکار نے ان پر حقیقی گولیاں چلا دی تھیں۔

اسی طرح 1984 میں امریکی اداکار جان ایرک بھی ایک ٹی وی سیریل میں خودکشی کا سین شوٹ کرواتے وقت حقیقی گولی لگنے سے ہلاک ہوگئے تھے۔

علاوہ ازیں دیگر متعدد کیسز میں بھی فلم کی شوٹنگ کے دوران حقیقی گولیاں چلنے سے فلم کی ٹیم کے ارکان سمیت بعض راہگیر بھی ہلاک و زخمی ہوچکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024