• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

سابق شوہر کو ہراساں کرنے پر کویتی ماڈل کو جرمانے کی سزا

شائع October 26, 2021
ماڈل پر جرمانہ عائد کردیا گیا—فوٹو: انسٹاگرام
ماڈل پر جرمانہ عائد کردیا گیا—فوٹو: انسٹاگرام

لندن کی عدالت نے سابق شوہر کو ہراساں کرنے سمیت انہیں مالی طور پر غیر مستحکم کرنے کا اعتراف کرنے والی معروف ماڈل راون بن حسین کو جرمانے کی سزا سنادی۔

عرب نشریاتی ادارے ’دی نیشنل نیوز‘ کے مطابق برطانیہ میں لندن کے علاقے ویسٹ منسٹر کی مقامی عدالت نے ماڈل روان بن عبداللہ کو شوہر کو ہراساں کرنے، ان پر تشدد کرنے سمیت انہیں مالی طور پر غیر مستحکم کرنے کے اعتراف کے بعد انہیں جرمانے کی سزا سنائی۔

عدالت نے ماڈل کو مجموعی طور پر تقریباً 9 ہزار امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 15 لاکھ روپے سے زائد جرمانے کی سزا سنائی۔

عدالت نے ماڈل کو سابق شوہر یا اس کے خاندان کے ساتھ اگلے پانچ سال تک کسی طرح کا بلواسطہ یا بلا واسطہ تعلق یا رابطہ قائم کرنے سے بھی روک دیا۔

اسی حوالے سے برطانوی اخبار ’ایوننگ اسٹینڈرڈ‘ نے بتایا کہ کویتی ماڈل سیاہ لباس پہن کر عدالت میں پیش ہوئیں اور جب انہیں جرمانے کی سزا سنائی گئی تو انہوں نے کوئی اعتراض نہیں کیا۔

عدالتی فیصلے کے بعد راون بن عبداللہ مسکراتی ہوئیں نکلیں اور کسی سے کوئی بات کیے بغیر چلی گئیں۔

عدالتی کارروائیوں کے دوران انہوں نے سابق شوہر لبیا نژاد کاروباری شخص محمد یوسف میگریاف پر تشدد کرنے سمیت انہیں ہراساں کرنے کا اعتراف بھی کیا جب کہ انہیں مالی طور پر کمزور کرنے کو بھی تسلیم کیا۔

دونوں نے چند سال قبل شادی کی تھی لیکن دونوں کے درمیان 2019 کے وسط میں نامعلوم سبب پر جھگڑا ہوگیا تھا، اس دوران ماڈل نے شوہر پر قینچی سے حملہ کرکے انہیں زخمی کردیا تھا جب کہ ان کی شرٹ تک پھاڑ دی تھی۔

مذکورہ واقعہ لندن کے معروف علاقے ہائیڈ پارک میں پیش آیا تھا، جس کے بعد ماڈل کے شوہر نے پولیس کو بلالیا تھا۔

دونوں کے درمیان دو سال تک جھگڑا اور قانونی کارروائی چلتی رہیں اور جولائی 2020 میں ماڈل راون بن عبداللہ نے انسٹاگرام پر تصدیق کی تھی کہ انہوں نے شوہر سے طلاق لے لی۔

شوہر سے جھگڑے کے بعد انہوں نے متعدد انٹرویوز اور انسٹاگرام پوسٹس میں شوہر پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ شوہر نے انہیں ایچ پی وی 16 نامی خطرناک جنسی بیماری میں بھی مبتلا کردیا تھا۔

ایچ پی وی 16 جنسی بیماری سے ہونے والے کینسر کا ایک مہلک وائرس ہے لیکن اگر اس کی بروقت تشخیص ہوجائے تو اس کا علاج ممکن ہوتا ہے۔

کویتی ماڈل نے شوہر پر دوسری خواتین کے ساتھ جنسی تعلقات کے الزامات بھی لگائے تھے جب کہ یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ وہ انہیں بچے کے اخراجات تک ادا نہیں کرتے۔

راون بن عبداللہ نہ صرف کویت اور لبیا بلکہ پورے مشرق وسطیٰ میں مشہور ہیں، انہیں بولڈ انداز کی وجہ سے کافی شہرت حاصل ہے۔

راون بن عبداللہ کو امریکی اداکارہ بروک شیلڈز کی ہم شکل ہونے کی وجہ سے انہیں عرب دنیا کی بروک شیلڈز بھی کہا جاتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024