• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ٹوئٹس میں الفاظ کسی اور کے سوچ میری ہوتی ہے، وینا ملک

شائع November 1, 2021
وسیم بادامی نے اداکارہ وینا ملک کی ٹوئٹس میں شامل  نامناسب الفاظ دہرائے اور الفاظ کے انتخاب پر بات کی —فوٹو:انسٹاگرام
وسیم بادامی نے اداکارہ وینا ملک کی ٹوئٹس میں شامل نامناسب الفاظ دہرائے اور الفاظ کے انتخاب پر بات کی —فوٹو:انسٹاگرام

پاکستانی اداکارہ وینا ملک نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے متعلق انکشاف کیا ہے کہ ان کے اکاؤنٹ سے کی جانے سے والی ٹوئٹس میں سوچ تو ان کی ہوتی ہے لیکن الفاظ کسی اور کے ہوتے ہیں۔

وینا ملک گزشتہ روز نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کے پروگرام ’ہر لمحہ پُرجوش‘ میں شریک ہوئیں جس میں میزبان وسیم بادامی نے ان کی ٹوئٹس میں شامل نامناسب الفاظ دہرائے اور الفاظ کے انتخاب پر بات کی۔

جس پر وینا ملک نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’جو کچھ ٹوئٹرپر ہوتا ہے وہ ٹوئٹر پر رہنا چاہیے، وسیم بادامی کے شو میں نہیں لایا جانا چاہیے، میں یہ محسوس کرتی ہوں کہ ہر ایک کا اپنا نقطہ نظر ہوتا ہے‘۔

مزید پڑھیں: وینا ملک کی 7 سال بعد اداکاری میں واپسی

اس پر میزبان نے سوال کیا کہ ہر کسی کو اپنی رائے دینے کا حق ہے لیکن کیا آپ کے الفاظ کا انتخاب بہتر ہو سکتا ہے؟ میں آپ کی سوچ پر بات نہیں کررہا۔

جس پر وینا ملک نے کہا کہ ’اگر آپ رات کو رات نہیں کہیں گے تو کیا کہیں گے؟ اندھیرا ہے‘۔

میزبان نے پھر پوچھا کہ آپ کیا کریں گی اگر سامنے والا بھی یہی چیز کرے ؟ جس پر وینا ملک نے کہا کہ ’سامنے والوں کا تو کام ہی یہی ہے، مجھے لگتا ہے کہ میرے الفاظ ابھی بھی بہت مناسب ہیں دراصل حقیقت کہیں زیادہ تلخ ہے۔

پروگرام کے دوران وسیم بادامی نے وینا ملک سے پوچھا کہ ’یہ جو آپ لکھتی ہیں ٹوئٹر پر، یہ آپ کی سوچ ہوتی ہے؟‘اس پر وینا ملک نے کہا کہ ’ہاں یہ سوچ میری ہو سکتی ہے لیکن ضروری نہیں کہ الفاظ بھی میرے ہوں’۔

اس پر وسیم بادامی نے حیرانی کا اظہار کیا اور پوچھا کہ تو ’یہ الفاظ لکھتا کون ہے؟‘، جس پر وینا ملک نے کہا کہ ’اندازہ لگاتے رہیں‘۔

وینا ملک نے کہا کہ ’مجھے اردو اتنے اچھے طریقے سے لکھنی نہیں آتی‘، انہوں نے کہا کہ ’ میں اپنی ٹیم کو بتاتی ہوں کہ جو لوگ سوچتے ہیں جو لوگ کہہ رہے ہیں، وہ لکھ دو تو بنیادی طور پر یہ ہماری عوام کی بات ہے‘۔

وینا ملک نے اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ آؤٹ سورس کردیا؟

جس پر وسیم بادامی نے پوچھا کہ ’ٹوئٹ آپ نہیں کر رہیں اکثر؟‘اس پر وینا ملک نے کہا کہ ’ٹوئٹ میں ہی کررہی ہوں’۔

پھر میزبان نے کہا کہ الفاظ کبھی آپ کے ہیں اور کبھی نہیں جس پر وینا ملک نے کہا کہ جی ایسا ہی ہے۔

وینا ملک نے کہا کہ میں دیکھتی ہوں کہ لوگ کیا کہہ رہے ہیں کیا سوچ رہے ہیں اور پھر اسی حوالے سے ٹوئٹ کرتی ہوں۔

ان کے جواب پر وسیم بادامی نے وینا ملک کی ایک ٹوئٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے کہا کہ عظمت سعید شیخ کو حدیبیہ کی انکوائری کرنی چاہیے۔‘

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

وسیم بادامی نے سوال کیا کہ حدیبیہ کیا ہے اور (سپریم کورٹ کے سابق جج) عظمت سعید شیخ کون ہیں؟ مگر وینا ملک نے سوال کیا کہ یہ ٹوئٹ انہوں نے کب کی؟ اور یہ کون سی ٹوئٹ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مجبوری کے تحت مختصر لباس پہننے والی شوبز خواتین سے ہمدردی ہے، وینا ملک

میزبان نے کہا کہ آپ بتائیں ورنہ لوگ یہ کہیں گے کہ وینا ملک نے اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ آؤٹ سورس کردیا، اپنی خدمات پیش کردیں، اس پر وینا ملک نے کہا کہ ایسا نہیں ہے۔

وسیم بادامی کی جانب سے ٹوئٹس پڑھ کر سنانے پر وینا ملک نے کہا کہ ’ایک نیوز آئی تھی عظمت سعید شیخ کے بارے میں، اس پر بہت شور بھی ہوا تھا تو میں نے اسے جیسے تھا ویسے ہی لکھ دیا تھا‘

میزبان نے پوچھا کہ کیا خبر آئی تھی، تو انہوں نے کہا کہ ’جو ٹائٹل آپ نے بتایا یہی نیوز آئی تھی، بس میں نے چیخیں شامل کردی‘۔

’ارنب گوسوامی ڈراما کنگ ہیں‘

بعدازاں ٹوئٹر پر پرویز ہود کی ٹوئٹ سے متعلق سوال کرنے پر وینا ملک نے میزبان کو ٹوکتے ہوئے پوچھا کہ ’کیا یہ شو میرے ٹوئٹر کے بارے میں ہے‘؟

پروگرام کے دوسرے سیگمنٹ میں میزبان کی جانب سے سوال کرنے پر بھارتی اینکر ارنب گوسوامی کو ڈراما کنگ قرار دیا اور کہا کہ وہ اتنا زیادہ جھوٹ بولتے ہیں اور انہیں اپنے جھوٹ پر شرم بھی نہیں آتی۔

پاکستانی ٹک ٹاکرز سے متعلق سوال کے جواب میں وینا ملک نے کہا کہ پاکستانی ٹک ٹاکرز بڑے معصوم ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں وینا ملک نے کہا کہ میں ٹوئٹر سے بہت بیزار ہوگئی ہوں، آج کم ٹوئٹس کرتی ہوں۔

’عامر لیاقت کو فلموں میں کام کرنا چاہیے‘

جب میزبان نے وینا ملک سے معروف اسکرپٹ رائٹر خلیل الرحمٰن قمر اور سماجی کارکن ماروی سرمد سے متعلق سوال کیا تو وینا ملک نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ خلیل الرحمٰن قمر دور حاضر کے ایک بہت بڑے فلاسفر ہیں۔

وینا ملک نے کہا وہ صرف ایک مصنف ہی نہیں بلکہ بہت بڑے فلاسفر ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ انہیں بہت لمبے عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔

ماروی سرمد کے بارے میں وینا ملک نے کہا کہ میں تو ان کا نام بھی نہیں لینا چاہتی، انہیں خواتین کے حقوق کو ایسے استعمال نہیں کرنا چاہیے تھا۔

—فائل فوٹو: انسٹاگرام
—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں جلد ایک این جی او لانچ کرنے والی ہوں جو خواتین اور بچوں کے حقوق سے متعلق ہوگی۔

شوبز میں ڈریس کوڈ کے بیان سے متعلق سوال پر وینا ملک کا کہنا تھا کہ جیسے ڈاکٹرز کے لیے ڈریس کوڈز ہوتے ہیں، اسکولز میں بچوں کے لیے ڈریس کوڈز ہوتے ہیں ویسے ہی انڈسٹری میں بھی ہونے چاہئیں۔

مزید پڑھیں: وینا ملک کورونا وائرس سے متاثر

جس پر وسیم بادامی نے سوال کیا کہ یہ ڈریس کوڈ کون نافذ کرے گا جس پر وینا ملک نے کہا تھا کہ حکومت نافذ کرے گی۔

ایک اور سیگمنٹ میں کرکٹر محمد عامر سے متعلق سوال پر انہیں ایک بہترین پرفارمر قرار دیا جبکہ اینکر عامر لیاقت سے متعلق کہا کہ وہ بہت بڑے اینٹرٹینر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تفریحی صنعت میں جتنی معلومات ان کے پاس ہیں اتنی معلومات بہت کم شخصیات کے پاس ہے، مجھے لگتا ہے انہیں فلموں میں کام کرنا چاہیے۔

وینا ملک نے انکشاف کیا کہ عامر لیاقت نے ان کے ساتھ فلم کرنے کا وعدہ کیا تھا مگر پتا نہیں کیوں نہیں کی، شاید وہ مصروف ہوگئے اس لیے نہیں کی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024