• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

مائیک ٹائیسن پہلی بار بھارتی فلم میں کاسٹ

شائع November 6, 2021
فلم میں اننیا پانڈے بھی ہوں گی—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو: انسٹاگرام
فلم میں اننیا پانڈے بھی ہوں گی—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو: انسٹاگرام

خبریں ہیں کہ سابق امریکی ہیوی ویٹ چیمپیئن باکسر و ریسلر مائیک ٹائیسن جلد ہی پہلی بھارتی فلم میں انڈین ہیرو کو باکسنگ کا مزہ چکھاتے دکھائی دیں گے۔

بھارتی فلم ساز کرن جوہر کی پروڈکشن ’دھرما‘ کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں مائیک ٹائیسن کی پنجا مارنے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی گئی کہ امریکی باکسر بھی آنے والی فلم ’لگر‘ کا حصہ ہیں۔

پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے باکسر کی فلم کی پہلی جھلک انسٹاگرام پر بھی شیئر کی گئی، جس میں مائیک ٹائیسن کو جارحانہ انداز میں پنجا مارتے دکھایا گیا ہے۔

اسی پوسٹر کو خود امریکی باکسر نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کیا اور بھارتی فلم کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کیا۔

اسی حوالے سے ’انڈین ایکسپریس‘ نے بتایا کہ مائیک ٹائیسن کرن جوہر کی پروڈیوس کردہ فلم ’لگر‘ کا حصہ ہوں گے جس میں وجے دیوراکونڈا مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے۔

مذکورہ فلم میں بولی وڈ اداکارہ اننیا پانڈے بھی شامل ہیں اور امکان ہے کہ فلم کو بیک وقت تامل، تیلگو اور ہندی زبان میں ریلیز کیا جائے گا۔

’لگر‘ کی کہانی باکسنگ، ریسلنگ اور آرٹ مارشل کے گرد گھومتی ہے، جس میں ممکنہ طور پر مائیک ٹائیسن اور وجے دیوراکونڈا کی فائیٹ دکھائی جائے گی۔

’لگر‘ کی ہدایات پوری جگناتھ دیں گے جب کہ اسے کرن جوہر کی پروڈکشن کمپنی کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: مائیک ٹائیسن کی 15 برس بعد رنگ میں واپسی، روئے جونز سے مقابلہ برابر

فلم کے مرکزی اداکار وجے دیوراکونڈا نے رواں برس ستمبر میں ہی مائیک ٹائیسن کی باکسنگ فائیٹ کی آڈیو کلپ ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ پہلی بار کسی بھارتی فلم میں امریکی باکسر کو کاسٹ کیا جائے گا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم میں مائیک ٹائیسن کا وجے دیوراکنڈا سے باکسنگ مقابلہ کروایا جائے گا مگر اس حوالے سے فلم کی ٹیم نے کوئی وضاحت جاری نہیں کی۔

مائیک ٹائیسن سے قبل بعض امریکی، چینی و کوریائی باکسرز و ریسلرز کو بھارتی فلموں میں دکھایا جا چکا ہے، تاہم پہلا موقع ہوگا کہ باکسنگ کے سابق چیمپیئن کو حقیقی طور پر دکھایا جائے گا۔

ابھی واضح نہیں ہے کہ ’لگر‘ کو کب تک ریلیز کیا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ اسے آئندہ برس وسط تک جاری کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024