• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

بلدیاتی انتخابات سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کا حکم سپریم کورٹ میں چیلنج

شائع November 9, 2021
کامران بنگش نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کا حکم برقرار رکھا تو انتخابات شیڈول کے مطابق ہوں گے—فائل فوٹو: اے پی
کامران بنگش نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کا حکم برقرار رکھا تو انتخابات شیڈول کے مطابق ہوں گے—فائل فوٹو: اے پی

پشاور: حکومت خیبرپختونخوا نے پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے دیہی اور محلہ کونسلوں کے انتخابات جماعتی بنیادوں پر کروانے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔

ڈان اخبار میں ہونے والی رپورٹ کے مطابق یہ بات خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات کامران بنگش نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کا مؤقف یہ تھا کہ ہائی کورٹ کا حکم واضح نہیں ہے اور اس کے اطلاق کے لیے بلدیاتی ایکٹ میں ترمیم کرنی پڑے گی جس سے بلدیاتی انتخابات کا بروقت انعقاد مشکل ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:پشاور ہائیکورٹ: غیر جماعتی بنیاد پر ولیج کونسل انتخابات غیر آئینی قرار

کامران بنگش کا کہنا تھا کہ اگر سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کا حکم برقرار رکھا تو انتخابات شیڈول کے مطابق 19 دسمبر کو ہی ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نےسپریم کورٹ میں یہ مؤقف اپنایا ہے کہ نئی صورتحال کے پیشِ نظر فیصلے میں یہ واضح نہیں کہ دیہی اور محلہ کونسلوں کے جنرل کونسلرز کا انتخابی عمل کیسا ہوگا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہر سیاسی جماعت 3 ٹکٹ جاری کرے گی اور اس طرح کی صورت میں ایک ہی پارٹی کے 3 امیدوار ایک دوسرے کے خلاف مقابلہ لڑ رہے ہوں گے۔

مزید پڑھیں: کے پی میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کا شیڈول جاری

کامران بنگش نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے بھی ان کے مؤقف کی تائید کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سال 2015 کے بلدیاتی انتخابات میں دیہی اور محلہ کونسلوں کے انتخابات بھی غیر جماعتی بنیادوں پر ہوئے تھے اور یہ ماڈل کامیاب ثابت ہوا تھا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ بلدیاتی ایکٹ میں ترامیم کے علاوہ بھی ہائی کورٹ کے فیصلے کے اطلاق کے لیے نئے اصولوں کا نفاذ درکا ہے اور اس عمل کی تکمیل میں مزید وقت لگے گا۔

یاد رہے کہ 2 نومبر کو تین رکنی لارجر بینچ نے دیہی اور محلہ کونسلوں کے انتخابات غیر جماعتی بنیاد پر کرانے کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو جماعتی بنیاد پر انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن کا خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کیلئے تاریخوں کا اعلان

فیصلے میں کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن جماعتی بنیاد پر الیکشن کرانے کے لیے ضروری اقدامات کرے کیونکہ غیر جماعتی بنیاد پر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئین پاکستان کے آرٹیکل 17 کے خلاف ہے۔

قبل ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 25 اکتوبر کو کے پی میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کا شیڈول جاری کیا تھا۔

ای سی پی سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ 19 دسمبر کو ہو گی۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024