ثمینہ کو شادی کی پیش کش کی تو وہ حیران رہ گئی تھیں، منظر صہبائی

شائع November 12, 2021
دونوں کے مطابق انہیں اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ لوگ کیا کہ رہے ہیں—اسکرین شاٹ
دونوں کے مطابق انہیں اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ لوگ کیا کہ رہے ہیں—اسکرین شاٹ

سینیئر اداکار منظر صہبائی نے کہا ہے کہ جب انہوں نے ثمینہ احمد کو شادی کی پیش کش کی تو انہوں نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے ان سے پوچھا کہ کیا کہ رہے ہیں؟

منظر صہبائی اور ثمینہ احمد نے زائدالعمری میں اپریل 2020 میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران لاہور میں سادگی سے نکاح کیا تھا۔

بڑھاپے میں دونوں کی شادی پر جہاں کئی لوگوں نے حیرانگی کا اظہار کیا تھا، وہیں بہت سارے لوگوں نے ان کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا تھا۔

شادی کے ڈیڑھ سال بعد اب دونوں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ دونوں کے درمیان کس وقت تعلقات استوار ہوئے اور کیوں انہوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔

’بی بی سی اردو‘ کو دیے گئے انٹرویو میں دونوں نے بتایا کہ دونوں کی پہلی ملاقات ‘دھوپ کی دیوار‘ کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی۔

منظر صہبائی نے بتایا کہ انہوں نے شوٹنگ کے دوران ثمینہ احمد کو دیکھتے ہی ان سے پوچھا تھا کہ وہ یہاں ادھر کیا کر رہی ہیں؟ یہاں کیا ہے؟

ان کی بات کے دوران ثمینہ احمد نے ہنستے ہوئے بتایا کہ منظر صہبائی کی جانب سے ایسا کہنے پر وہ ان سے متعلق سوچنے لگیں کہ ’عجیب انسان ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ ثمینہ احمد اور اداکار منظر صہبائی رشتہ ازدواج میں منسلک

منظر صہبائی نے بتایا کہ اس کے بعد ہی انہوں نے ثمینہ احمد کو شادی کی پیش کش کی، جس پر وہ حیران رہ گئیں اور ان سے تعجب سے پوچھا کہ وہ کیا کہ رہے ہیں؟

ثمینہ احمد کے مطابق پہلی ملاقات کے بعد ان دونوں کا موبائل فون پر رابطہ رہا، جس کے بعد ہی انہوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔

منظر صہبائی کا کہنا تھا کہ انہوں نے تین بار ثمینہ احمد سے شادی سے متعلق پوچھا، جس پر انہوں نے ان سے سوال کیا کہ ’کیا کہ رہے ہو؟ جس پر انہوں نے انہیں جواب دیا کہ نکاح کے لیے پوچھنا پڑتا ہے۔

دونوں نے اپریل 2020 میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے اپریل 2020 میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

منظر صہبائی نے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں نے دنیا اور لوگوں کا نہیں بلکہ صرف اپنا سوچا اور اسی لیے ہی انہوں نے شادی کی۔

ان کے مطابق انہیں اس کی کوئی پرواہ نہیں کہ دنیا اور لوگ ان سے متعلق کیا کہتے ہیں؟

ساتھ ہی دونوں نے بتایا کہ ان کی شادی کے فیصلے پر نہ صرف ان کے دوست اور جاننے والے بلکہ ان کے بچے بھی خوش ہوئے۔

مزید پڑھیں: نکاح کی خوبصورت تصویر کے ساتھ ثمینہ اور منظر مداحوں کے شکرگزار

ایک سوال کے جواب میں ثمینہ احمد نے زائدالعمر افراد کے کرداروں سے متعلق بھی بات کی اور بتایا کہ عمر رسیدہ افراد کے لیے بنائے گئے تقریبا تمام کردار ایک جیسے ہی ہوتے ہیں۔

انہوں نے شکوہ کیا کہ زائدالعمر افراد کے کرداروں کو اہمیت نہیں دی جاتی اور ایسے لوگوں کو صرف والد اور والدہ کے کردار دیے جاتے ہیں۔

منظر صہبائی اور ثمینہ احمد درجنوں ڈراموں، فلموں اور ویب سیریز میں کام کر چکے ہیں۔

یہ ثمینہ احمد کی دوسری شادی ہے، انہوں نے پہلی شادی پاکستانی فلم ساز فریدالدین احمد سے کی تھی، تاہم کچھ سالوں بعد ان دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی، ان دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے۔

ان کے کیریئر پر نظر ڈالی جائے تو 71 سالہ ثمینہ احمد نے 18 سال کی عمر میں پی ٹی وی کے ڈراموں میں کام کرنے کے ساتھ شوبز میں کیریئر کا آغاز کیا۔

ابتدا میں وہ کئی سنجیدہ ڈراموں میں جلوہ گر ہوئیں تاہم بعدازاں ان کی کامیڈی اداکاری کو بےحد پسند کیا گیا، وہ ’اکڑ بکڑ‘، ’الف نون‘ اور ’سچ گپ‘ جیسے ڈراموں میں مزاحیہ اداکاری کرچکی ہیں۔

انہوں نے اپنے کیریئر میں سنو چندا، آنگن، گل رانا، فیملی فرنٹ، ڈولی کی آئے گی بارات، داستان اور سنگت جیسے ڈراموں میں کام کیا، وہ فلم ناراض، دختر اور لوڈ ویڈنگ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

دوسری جانب 71 سالہ منظر صہبائی نے اپنے کیریئر میں ’بول‘، ’ماہ میر‘ اور ’زندہ بھاگ‘ جیسی فلموں میں کام کرچکے ہیں، ڈراموں کی بات کی جائے تو ’الف‘ ڈرامے میں منظر صہبائی کی اداکاری کو خوب سراہا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024