• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

پاکستان میں 2021 میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی فلمیں و ڈرامے

شائع December 8, 2021
سلمان خان کی فلم کو تلاش کیا گیا—اسکرین شاٹ
سلمان خان کی فلم کو تلاش کیا گیا—اسکرین شاٹ

پاکستانی شائقین سال 2021 میں تفریح حاصل کرنے کے لیے گوگل پر متعدد غیر ملکی و مقامی ڈرامے اور فلمیں تلاش کرتے رہے اور سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے ڈراموں میں تین پاکستانی ڈرامے بھی شامل رہے۔

رواں سال پاکستانیوں نے گوگل پر نہ صرف مقامی اور بھارتی فلموں اور شوز کو تلاش کیا بلکہ ہولی وڈ فلموں سمیت جنوبی کورین اور اسپینش فلموں اور ویب سیریز کو بھی تلاش کیا۔

انٹرنیٹ کی سب سے زیادہ معروف سرچ انجن گوگل پر پاکستانی جو ڈرامے اور فلمیں تلاش کرتے رہے، ان کی فہرست درج ذیل ہے۔

دی اٹرنلز - 10

پاکستانی شائقین گوگل پر رواں سال ہولی وڈ سائنس فکشن فلم ’دی اٹرنلز‘ کو بھی تلاش کرتے رہے اور یہ فلم سب سے زیادہ تلاش کی جانے والی فلموں، ویب سیریز اور ڈراموں میں دسویں نمبر پر رہی۔

’دی اٹرنلز‘ کی ہدایات آسکر ایوارڈ یافتہ ایشیائی فلم ساز چلوئے ژاؤ دی تھیں اور اس میں انجلینا جولی، سلمیٰ ہائیک، کٹ ہرنگٹن، گیما چن، رچرڈ میڈن، بولی وڈ کامیڈین ہریش پٹیل، ڈان لی اور پاکستانی نژاد ہولی وڈ اداکار کمیل ننجیانی ایکشن میں دکھائی دیےتھے۔

بلیک وڈو - 09

پاکستانی شائقین نے اسکارلٹ جانسن کی میگا بجٹ فلم ’بلیک وڈو‘ کو بھی زیادہ سرچ کیا اور وہ سب سے زیادہ تلاش کی جانے والی نویں فلم رہی۔

اسکارلٹ جانسن کی فلم کو ابتدائی طور پر 2019 کے آخر میں ریلیز کیا جانا تھا مگر دسمبر 2019 میں چین سے پھیلنے والی کورونا کی وبا کے باعث اس کی نمائش موخر کی گئی تھی، جس کے بعد اسے جولائی 2021 میں ریلیز کیا گیا تھا۔

ارطغرل غازی - 08

سال 2020 میں گوگل پر سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے ترک ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ کی مقبولیت میں رواں سال کمی دیکھی گئی اور اس بار وہ آٹھویں نمبر پر تلاش کیے جانے والا ڈراما رہا۔

ارطغرل غازی کو گزشتہ برس سے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر نشر کیا جا رہا ہے۔

منی ہیسٹ - 07

اس میں کوئی شک نہیں کہ نیٹ فلیکس کی مقبول سیریز ’منی ہیسٹ‘ دنیا میں بھی مشہور ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستانی شائقین بھی رواں سال اسے گوگل پر تلاش کرتے رہے۔

رواں سال حال ہی میں اس سیریز کے پانچویں سیزن کو نشر کیا گیا تھا۔

بگ باس 15- 06

بھارت کے متنازع ترین اور مشہور ترین ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کے 15 ویں سیزن کو بھی پاکستان میں گوگل پر سب سے زیادہ تلاش کیا گیا اور اس نے مقبولیت میں ’ارطغرل غازی‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

رادھے - 05

رواں سال باکستان میں بولی وڈ دبنگ ہیرو سلمان خان کی ایکشن فلم ’رادھے‘ کو بھی تلاش کیا گیا، ان کی فلم تلاش کی جانے والی فہرست میں پانچویں نمبر پر رہی۔

رادھے کو رواں برس کے وسط میں ریلیز کیا گیا تھا۔

رنگ محل - 04

پاکستانی شائقین انٹرنیٹ پر جہاں بولی وڈ فلموں اور غیر ملکی ویب سیریز کو تلاش کرتے رہے، وہیں انہوں نے مقامی ڈراموں کو بھی تلاش کیا۔

پاکستانی شائقین نے رواں برس جیو ٹی وی کے ڈرامے ’رنگ محل‘ کو بھی زیادہ تلاش کیا اور یہ ڈراما فہرست میں چوتھے نمبر پر رہا۔

چپکے چپکے - 03

پاکستانی شائقین نے ’رنگ محل‘ سے زیادہ ہم ٹی وی کے رومانوی ڈرامے ’چپکے چپکے‘ کو تلاش کیا اور یہ ڈراما تلاش کی جانے والی فلموں اور ڈراموں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر رہا۔

خدا اور محبت - 02

جیو ٹی وی کے ڈرامے ’خدا اور محبت‘ نے رواں سال باقی تمام ڈراموں کو شہرت سے پیچھے چھوڑتے ہوئے انٹرنیٹ پر ملک میں سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے ڈراموں کی فہرست میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔

اس ڈرامے کو جہاں پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کیا گیا،وہیں یہ ڈراما بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی تلاش کیا گیا۔

اسکوئڈ گیمز - 01

— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

ستمبر 2021 میں نیٹ فلیکس پر ریلیز ہونے والی ویب سیریز ’اسکوئڈ گیمز‘ جہاں دنیا بھر میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویب سیریز بنی، وہیں اسے پاکستان میں بھی انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔

’اسکوئڈ گیمز‘ کو پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں بھی سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024