• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کیلئے60 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی منظوری

شائع December 8, 2021
اے ڈی بی نے پاکستان کو سماجی تحفظ میں تعاون کے لیے قرض کی منظوری دی ہے—فائل/فوٹو: اے ایف پی
اے ڈی بی نے پاکستان کو سماجی تحفظ میں تعاون کے لیے قرض کی منظوری دی ہے—فائل/فوٹو: اے ایف پی

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان میں سماجی تحفظ پروگرام کی توسیع اور استحکام کے لیے 60 کروڑ 30 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔

اے ڈی بی سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کیش کی مشروط منتقلی کے تحت یہ قرض احساس پروگرام پر عمل درآمد، قومی سماجی تحفظ اور غربت کے خاتمے کی حکمت عملی میں معاون ہوگا۔

مزید پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 50 کروڑ ڈالر امداد کی منظوری دے دی

بیان میں کہا کہ سماجی تحفظ پروگرام کے تحت اے ڈی بی مستقل بنیاد پر 60 کروڈ ڈالر قرض اور 30 لاکھ ڈالر گرانٹ ایشین ڈیولپمنٹ فنڈ سے فراہم کرے گا اور ایجوکیشن ایبو آل فاؤنڈیشن کی 2 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی گرانٹ کی نگرانی کرے گا۔

اے ڈی بی کے ڈائریکٹر وسطی اور مغربی ایشیا یوگینی ذوکوف کا کہنا تھا کہ پروگرام پاکستان میں ترجیحی طور پر ‘احساس’ کے ساتھ سماجی تحفظ میں اے ڈی بی کی فعالیت میں اہم تبدیلی کا عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ اے ڈی بی کے تعاون سے کیش کی غیرمشروط منتقلی کی ترسیل ہوگی جو تعلیم، صحت سمیت دیگر ضروری اشیا کے لیے مشروط کیش فراہمی پر توجہ دے گا، جس سے ترقی کے ذریعے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ سہولت احساس پروگرام کے مقاصد کے لیے معاونت کرے گا جس کے تحت پرائمری اور سیکنڈری تعلیم اور دسویں جماعت تک غریب خاندانوں کے بچوں خاص کر لڑکیوں کی رسائی اور صحت کی سہولیات بہتر کرنے کے لیے کیش کی فراہمی کو توسیع دی جارہی ہے۔

اے ڈی بی نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے پرائمری سطح پر زائد عمر کے بچوں کے لیے پروگرامز میں تیزی لانے کے اقدامات کے لیے مشروط کیش کی فراہمی بھی ہوگی۔

بینک نے کہا کہ اس پروگرام سے مستقبل میں مشکلات دور کرنے، رسک منیجمنٹ، مالی انتظام سمیت دیگر معاملات پر بہتری لانے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 10 ارب ڈالر امداد دے گا

موسمیاتی تبدیلی سے نبردآزما ہونے کے لیے اس پروگرام کے ذریعے پاکستان کی مدد ہوگی اور اس کے لیے اقدامات کرنے اور پہلے سے خبردار کرنے کے لیے نظام وضع کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور غربت مٹاؤ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ اے ڈی بی ایک آزمایا ہوا اور پرانا شراکت دار ہے، یہ پروگرام اے ڈی سی بے برسوں کی شراکت کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں ان شعبہ جات پرتوجہ مرکوز کی گئی ہے جہاں ہم سمجھتے ہیں کہ بینک اپنا زیادہ اثر ڈال سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام والدین کو اپنے بچے خاص کر لڑکیوں کی اسکول کی تعلیم کے لیے مراعات دیتا ہے اور پاکستان کے اضلاع میں بچے اور ماں کی بہتر خوراک کے لیے کیش کی مشروط منتقلی میں معاون ہوگا جو اہم ضرورت ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے رواں برس اگست میں کووڈ-19 ویکسین کی خریداری میں مدد اور ویکسینیشن پروگرام پر عمل درآمد کی صلاحیت بہتر بنانے کے سلسلے میں پاکستان کے لیے 50 کروڑ ڈالر امداد کی منظوری دے دی تھی۔

مزید پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک کا ترقی پذیر ممالک کیلئے 20 ارب ڈالر کے پیکج کا اعلان

بینک کے صدر مساتسوگو اسکاوا نے ایک بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کے لیے قرض ایشیائی ترقیاتی بینک کی 9 ارب ڈالر کی ایشیا پیسیفک ویکسین تک رسائی کی سہولت کے تحت منظور کیا گیا جہاں اس پروگرام کو دسمبر 2020 میں شروع کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ یہ منصوبہ کووڈ-19 ویکسین کی 3 کروڑ 98 لاکھ خوراکوں کے ساتھ ساتھ حفاظتی بکس اور سرنجوں کی خریداری کے لیے پاکستان کے پروگرام کی معاونت کرے گا۔

ان کا اس بات پر زور تھا کہ یہ منصوبہ پاکستان میں کمزور طبقوں کی حفاظت میں مدد کرے گا، یہ ترقیاتی پارٹنر پیکیج کا ایک لازمی جزو ہے جس سے حکومت کو وبائی امراض کے صحت، معاشرت اور معیشت پر مرتب ہونے والے اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے سربراہ نے پاکستان کو اس امر میں مکمل حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت پوری آبادی کی ویکسینیشن کا ارادہ رکھتی ہے، حکومت 18 سال سے زائد عمر کے 11 کروڑ 90 لاکھ افراد کی ویکسیشنیشن کی کوشش کرے اور اس سلسلے میں صحت کے رضاکاروں، بزرگوں، کمزور طبقوں بشمول مہاجرین کو ترجیح دی جائے۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024