• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

قومی ٹیم کے لیے سندھی بولنے والا پہلا کھلاڑی کون تھا؟

شائع December 23, 2021

تقسیمِ ہند اور پاکستان کے قیام کے بعد کرکٹ کا کھیل پنجاب اور کراچی کے علاقوں تک ہی محدود ہوکر رہ گیا۔ 50ء اور 60ء سے 70ء کی دہائی تک صرف پنجاب اور شہرِ کراچی سے تعلق رکھنے والے انٹرنیشنل کھلاڑی قومی ٹیم کا حصہ بنتے رہے اور اس طرح یہ کھیل دیگر صوبوں کے کھلاڑیوں کو مواقع فراہم نہ کرسکا۔

مگر فرسودہ طور سے چلائے جانے والے اس نظام میں تبدیلی کی سخت ضرورت درپیش رہی تاکہ ملک کے چاروں صوبوں کی ٹیم میں نمائندگی ممکن ہوسکے۔

اس مشن کو سرانجام دینے والے شخص پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کے پہلے کپتان عبدالحفیظ کاردار تھے جو نہ صرف اچھے کپتان بلکہ ایک دُور اندیش باصلاحیت شخصیت کے مالک بھی تھے۔ انہوں نے یہ اچھی طرح باور کرلیا کہ جب تک ملک کے ہر کونے سے کھلاڑیوں کی نمائندگی نہیں ہوگی تب تک پاکستان میں کرکٹ اور قومی ٹیم کو بھی فروغ نہیں مل سکتا۔

اس بات کو مدِنظر رکھتے ہوئے انہوں نے مختلف بینکوں اور تجارتی اداروں کی نمائندہ ٹیموں کی تشکیل کا بیڑا اٹھالیا۔ اس اقدام سے نوجوان کھلاڑیوں کو ملازمت کے مواقع پیدا ہوئے اور کھیل میں بہتری لانے کا موقع بھی مل گیا۔

نتیجہ یہ ہوا کہ پاکستان کے ہر علاقے سے کھلاڑی پاکستان کی ٹیم میں سلیکٹ ہونے لگے۔

سندھ، بلوچستان، سرحد یعنی موجودہ خیبرپختونخوا سے بھی پاکستان کے کرکٹرز ابھر کر سامنے آنے لگے۔ سندھ ایک پسماندہ علاقہ ہونے کی وجہ سے ہمیشہ تعصب کا شکار رہا، اور یہاں سے بہت ہی کم کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ کھیل سکے۔

کھیل کی مقبولیت اور کرکٹ میں بڑھتے ہوئے مواقع کا حصہ بننے کے لیے سندھ میں کھیل کو اہمیت دی جانے لگی اور اب اچانک صوبہ سندھ کے متعدد ابھرتے ہوئے کھلاڑی پاکستان کی ٹیم میں وقتاً فوقتاً نظر آنے لگے ہیں۔

ابھی جب چند ہفتے قبل پاکستان کے دورہ بنگلہ دیش میں لاڑکانہ سے آنے والے کھلاڑی شاہنواز دھانی کو تیسرے ٹی20 میں کھلایا گیا تو لوگوں نے یہ معلوم کرنا شروع کیا کہ سندھی بولنے والے کیا یہ پاکستان کے پہلے کھلاڑی ہیں؟ تو مجھے بھی خیال آیا کہ کیوں نہ میں کرکٹ کے شائقین اور سندھ سے تعلق رکھنے والوں کے لیے اس موضوع پر روشنی ڈالوں۔

تقسیمِ ہند سے پہلے سندھ میں کرکٹ یقیناً ایک مقبول کھیل تھا مگر اس کھیل کی زیادہ مقبولیت یو پی، مدراس اور مہاراشٹریہ میں تھی، لیکن اس کے باوجود 1920ء اور 1930ء کی دہائی میں آسٹریلیا کے ایم سی سی یعنی میلبرن کرکٹ کلب کی ٹیمیں سندھ میں کھیلتی رہیں۔ لیکن ان ٹیموں کے خلاف زیادہ تر پارسی اور عیسائی اور کچھ سندھ سے تعلق رکھنے والے دیگر زبان بولنے والے کھلاڑی کھیلتے رہے۔

ایم سی سی کپتان لارڈ ٹینی سن (بائیں) اور بل ایڈرک سندھ کے خلاف بلے بازی کرنے کے لیے جاتے ہوئے
ایم سی سی کپتان لارڈ ٹینی سن (بائیں) اور بل ایڈرک سندھ کے خلاف بلے بازی کرنے کے لیے جاتے ہوئے

اگر حالیہ سالوں کی بات کریں تو شرجیل خان، نعمان علی، محمد حسنین پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے انٹرنیشنل میچوں میں کھیل چکے ہیں اور کچھ سالوں پہلے انیل دلپت اور دانش کنیریا بھی انٹرنیشنل کرکٹ کھیلتے ہوئے نظر آچکے ہیں لیکن ان میں سے کوئی بھی کھلاڑی سندھی بولنے والے گھرانے سے تعلق نہیں رکھتا تھا۔ شرجیل خان سرائیکی، نعمان علی پنجابی اور محمد حسنین راجھستانی بولنے والے گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ دلپت اور کنیریا گوکہ سندھ میں پیدا ہوئے لیکن ان کا تعلق گجراتی بولنے والے گھرانوں سے ہے۔

اس لیے جب زاہد محمود یا شاہنواز دھانی نے قومی ٹیم کی نمائندگی کی تو یہ تاثر پیدا ہوا کہ شاید یہ کھلاڑی قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے پہلے سندھی بولنے والے کھلاڑی ہیں، حالانکہ یہ ٹھیک نہیں ہے۔

درحقیقت پاکستان بننے کے بعد سب سے پہلے سندھی بولنے والے قومی کھلاڑی عبدالقادر تھے۔ 1964ء میں آسٹریلیا کے خلاف کراچی کے ٹیسٹ میں انہوں نے پہلی بار ٹیسٹ میں اوپننگ کرتے ہوئے 95 رنز بنائے مگر بدقسمتی سے وہ رن آؤٹ ہوگئے۔ ان کے اوپننگ پارٹنر خالد عباداللہ نے اس ٹیسٹ میں پہلی بار پاکستان کی طرف سے کھیلتے ہوئے اپنے پہلے ہی میچ میں سنچری بنائی اور قادر کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 249 رنز کا اضافہ کیا۔ عبدالقادر صرف 4 ٹیسٹ کھیلے اور بعدازاں نیشنل بینک آف پاکستان کے وائس پریزیڈنٹ کے عہدے پر فائز ہوئے۔ ان کے 2 اور بھائی عبدالرشید اور عبدالعزیز اگرچہ ٹیسٹ کرکٹ تو نہ کھیل سکے لیکن ایک بڑے عرصے تک فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلتے رہے۔

سندھی بولنے والے قومی کھلاڑی عبدالقادر— کری ایٹو کامنز
سندھی بولنے والے قومی کھلاڑی عبدالقادر— کری ایٹو کامنز

عبدالعزیز قائدِاعظم ٹرافی کے ایک میچ کے دوران آف اسپنر کی گیند دل پر لگنے سے انتقال کرگئے تھے۔ یہ وہ میچ تھا جس میں حنیف محمد نے 'ڈان بریڈمن' کے فرسٹ کلاس کرکٹ کا 452 رنز کا ریکارڈ توڑتے ہوئے 499 رنز بنائے اور وہ 500 رنز مکمل کرنے سے پہلے ہی رن آؤٹ ہوگئے تھے۔ 59ء-1958ء کے سیزن میں کراچی اور بہاولپور کے درمیان یہ میچ KPI گراؤنڈ کراچی میں کھیلا گیا تھا۔

یہ تینوں سندھی بولنے والے بھائی قادر، رشید اور عزیز دل کے مریض تھے اور اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔

دلچسپ بات تو یہ ہے کہ جب بھارت نے اپنی کرکٹ کی تاریخ کا پہلا ٹیسٹ لارڈز کے میدان میں 1932ء میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا تو ان کے اوپننگ بلے باز کراچی کے سندھی بولنے والے کھلاڑی جیومل ناؤمل تھے۔ انہوں نے بھارت کی طرف سے 3 ٹیسٹ کھیلے۔ پاکستان کے قیام کے بعد انہوں نے کراچی میں ہندو جیم خانہ ٹیم کی کپتانی سنبھالی اور 50ء اور 60ء کی دہائی میں وہ پاکستانی کھلاڑیوں کے کوچ بھی رہے اور امپائر بھی۔

1957ء میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے میدان پر جیومل ناؤمل راقم الحروف کی کوچنگ کر رہے ہیں
1957ء میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے میدان پر جیومل ناؤمل راقم الحروف کی کوچنگ کر رہے ہیں

70ء کی دہائی میں وہ بھارت ہجرت کرگئے اور وہیں بمبئی کے شہر میں وفات پائی۔ وہ میرے بھی کوچ رہے اور نہایت نفیس انسان تھے۔

صرف یہی نہیں بلکہ بھارت کے ایک کپتان گلاب رائے ملانی رامچند جو کراچی میں پیدا ہوئے اور پاکستان بننے کے بعد بمبئی چلے گئے تھے، انہوں نے 1952ء سے 1960ء تک بھارت کی طرف سے 33 ٹیسٹ کھیلے۔ انہوں نے ان برسوں میں 2 ٹیسٹ سنچریاں بنائیں اور 41 وکٹیں بھی لیں۔

بنگلہ دیشی بلے باز کو آؤٹ کرنے کے بعد شاہنواز دھانی خوشی مناتے ہوئے—تصویر بشکریہ آئی سی سی
بنگلہ دیشی بلے باز کو آؤٹ کرنے کے بعد شاہنواز دھانی خوشی مناتے ہوئے—تصویر بشکریہ آئی سی سی

اسی طرح ایک اور بھارت کے کھلاڑی Ranomal Hotchand Punjabi بھی کراچی کے سندھی بولنے والے کھلاڑی تھے جو بھارتی ٹیم کی نمائندگی کے لیے 1955ء میں پاکستان کے دورے پر آئے تھے۔ انہوں نے بھارت کی طرف سے 5 ٹیسٹ کھیلے اور وہ 90 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔

شاہنواز دھانی سے پہلے عبدالقادر تو کھیلے ہی تھے لیکن قومی ٹیم سے جڑنے والے حالیہ کھلاڑیوں میں لیگ اسپنر زاہد محمود بھی ہیں جن کا تعلق ضلع دادو سے ہے اور زیادہ تر کرکٹ وہ حیدرآباد میں کھیلے ہیں۔ شاہنواز دھانی تو حالیہ دورے میں بنگلہ دیش میں کھیلے لیکن اسی سال ان سے پہلے زاہد محمود جنوبی افریقہ کے خلاف قومی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

زاہد محمود
زاہد محمود

سندھ سے تعلق رکھنے والا کوئی ضروری نہیں کہ وہ سندھی بولنے والے گھرانے سے تعلق رکھتا ہو لیکن یہ بہت ہی حوصلہ افزا تبدیلی ہے کہ اب سندھی بولنے والے کھلاڑی پاکستان کی طرف سے ٹی20، ایک روزہ اور ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔

میں آپ کو یہ بھی بتاتا چلوں کہ پاکستان کے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ قائدِاعظم ٹرافی کا جب سب سے پہلا میچ 1953ء میں بہاولپور کے خلاف کھیلا گیا تھا اس وقت سندھ کے کپتان شاہ مردان شاہ پیر آف پگاڑا تھے۔ انہیں کرکٹ کا بہت شوق تھا اور ان کی اپنی ٹیم بھی تھی جس میں حنیف محمد جیسے پاکستان کے نامور کھلاڑی بھی شامل رہے تھے بلکہ پیر صاحب ایک بار 1956ء میں حیدرآباد میں سندھ کی طرف سے ایم سی سی 'اے' ٹیم کے خلاف بھی کھیلنے گئے۔ وہ سندھی بولنے والے حُر قبیلے کے سردار اور پیر تھے جن کی کرکٹ کے کھیل میں بھی سرپرستی ہمیشہ شامل رہی۔

سندھی بولنے والے کھلاڑی زاہد محمد اور شاہنواز دھانی—قمر احمد
سندھی بولنے والے کھلاڑی زاہد محمد اور شاہنواز دھانی—قمر احمد

چند روز پہلے قائدِاعظم ٹرافی کے ایک میچ کے دوران شاہنواز دھانی اور زاہد محمود سے ملاقات ہوئی۔ جب انہیں یہ بات معلوم ہوئی کہ میں بھی سندھ اور حیدرآباد کی طرف سے کھیل چکا ہوں تو دونوں نے انتہائی مسرت کا اظہار کیا۔ شاہنواز دھانی نے کہا کہ لوگ انہیں دھانی سمجھتے ہیں لیکن ان کے نام کا صحیح تلفظ ڈہانی ہے اور انہیں بڑی خوشی ہے کہ وہ پاکستان کی طرف سے کھیل رہے ہیں۔ زاہد محمود کے خیالات بھی کچھ ایسے ہی تھے۔

قمر احمد

قمر احمد بطور صحافی 450 ٹیسٹ میچ کور کر چکے ہیں جو ایک ریکارڈ ہے۔ اس کے علاوہ آپ 740 ون ڈے میچز اور 12 میں سے 9 آئی سی سی ورلڈ کپ کور کرچکے ہیں۔ آپ نے 32 سال تک بی بی سی انگریزی، اردو اور ہندی سروس کے لیے کرکٹ رپورٹنگ کی ہے۔علاوہ ازیں آپ رائٹرز، اے ایف پی، دی ٹائمز، دی ڈیلی ٹیلی گراف لندن اور دی گارجئین جیسے اداروں سمیت وسڈن الماناک دی بائبل آف دی گیم کے لیے بھی رپورٹنگ کرچکے ہیں۔ آپ کی خود نوشت سوانح حیات ’فار مور دین اے گیم‘ کےعنوان سے شائع ہوئی ہے۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (2) بند ہیں

یمین الاسلام زبیری Dec 25, 2021 08:09am
یہ جان کر بڑی خوشی ہوئی کہ سندھ کرکٹ کے کھلاڑی پیدا کر رہا ہے۔ ان کی تعداد لیکن ابھی بھی بہت کم ہے وہٓاں سے اور بھی آنے چاہیے ہیں۔ آپ نے بلوچستان کا نہیں بتایا، وہاں سے خاص بلوچی بولنے والے کتنے لوگ آئے یا ابھی ابھی ان کی نمائندگی باقی ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ پنجاب اور سرحد سے تو بہت اعلیٰ کرکٹر آرہے ہیں، کراچی سے بھی۔
طارق حسن میمن Dec 26, 2021 01:24am
Buhat achi information di hai aap ne apney article mein

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024