’کبھی گجرات گیا نہ کوتلی ہوں، اعجاز اسلم
ڈراموں کے مقبول اداکار اعجاز اسلم نے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر خود سے متعلق غلط معلومات پھیلائے جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ زندگی میں کبھی بھی صوبہ پنجاب کے شہر گجرات نہیں گئے۔
اعجاز اسلم نے انسٹاگرام پر خود سے متعلق انٹرنیٹ پر پھیلنے والی غلط خبروں اور معلومات کے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے اس پر برہمی کا اظہار کیا۔
اعجاز اسلم نے جن خبروں اور معلومات کے اسکرین شاٹ شیئر کیے، ان میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اداکار صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں پیدا ہوئے اور ان کی اصل ذات ’کوتلی‘ ہے۔
اداکار نے جو اسکرین شاٹ شیئر کیے ان میں اداکار کی عمر 61 برس بتائی گئی تھی جب کہ ان کا قد بھی بتایا گیا تھا۔
ساتھ ہی انٹرنیٹ پر دستیاب غلط معلومات کی بنیاد پر ایک شخص کی جانب سے خود سے متعلق کی گئی ٹوئٹ کا اسکرین شاٹ بھی اعجاز اسلم نے شیئر کیا۔
جس ٹوئٹ کا اسکرین شاٹ اداکار نے شیئر کیا، اس میں اعجاز اسلم کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں 61 سالہ شخص قرار دیا گیا تھا، ساتھ ہی ان کی تعریف کی گئی تھی انہوں نے خود کو زائدالعمری میں بھی جوان بنا رکھا ہے۔
مذکورہ ٹوئٹ میں کہا گیا تھا کہ عام طور پر لوگ گلوکار شہزاد رائے اور اداکارہ ماہ نور بلوچ کو زائد العمر ہونے کے باوجود جوان اور پرکشش قرار دیتے ہیں مگر وہ اعجاز اسلم کی طرف نہیں دیکھتے جو 61 برس کی عمر میں بھی جوان نظر آتے ہیں۔
اعجاز اسلم نے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے انٹرنیٹ پر شوبز شخصیات سے متعلق دستیاب غلط معلومات پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور اس بات پر بھی افسوس کیا کہ 2022 میں بھی لوگ اداکاروں کو عمر کا طعنہ دیتے دکھائی دیتے ہیں۔
اداکار نے لکھا کہ اب زمانہ آگے نکل چکا، اب کسی کو عمر کا طعنہ دے کر انہیں شرمندہ نہیں کیا جانا چاہیے، اب 2022 چل رہا ہے اور تاحال لوگ دوسروں کو عمر کے طعنے دیتے دکھائی دیتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ انٹرنیٹ پر ان سے متعلق دستیاب معلومات غلط ہے، کیوں کہ ان کی پیدائش صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ہوئی تھی۔
اداکار نے واضح کیا کہ وہ آج تک ’گجرات‘ نہیں گئے اور نہ ہی ان کی ذات ’کوتلی‘ ہے اور یہ بھی کہ ان کی عمر 61 سال نہیں ہے۔
جہاں اداکار نے خود سے متعلق معلومات کی وضاحت کی، وہیں اداکار نے اپنی عمر سے متعلق درستگی نہیں کی۔
اعجاز اسلم سے قبل بھی متعدد شوبز شخصیات اس بات کا شکوہ کر چکی ہیں کہ انٹرنیٹ اور خصوصی طور پر وکی پیڈیا پر ان سے متعلق دستیاب معلومات غلط ہے اور شوبز پیجز بھی ان سے متعلق غیر مصدقہ معلومات شیئر کرتے رہتے ہیں۔