• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ٹک ٹاک کو’کینسر‘ قرار دینے والے فیروز خان نے ایپ پر اکاؤنٹ بنالیا

شائع February 2, 2022
اداکار کے اکاؤنٹ کو بلیو ٹک فراہم کردیا گیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکار کے اکاؤنٹ کو بلیو ٹک فراہم کردیا گیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ’ٹک ٹاک‘ کو ماضی میں کینسر قرار دینے والے اداکار فیروز خان نے بھی بالآخر مذکورہ ایپ پر اکاؤنٹ بنالیا۔

پاکستان میں جہاں ٹک ٹاک کو سماجی اخلاقیات کے خلاف قرار دیا جاتا رہا ہے، وہیں مذکورہ ایپ کو کئی شوبز و سیاسی شخصیات سماج کے لیے ’کینسر‘ بھی قرار دیتی رہی ہیں۔

ٹک ٹاک پر ملک میں گزشتہ چند سال سے متعدد بار ’فحاشی‘ پھیلانے کے الزام میں پابندی بھی عائد ہو چکی ہے، تاہم بعد ازاں اس سے پابندی ہٹائی جاتی رہی ہے۔

جارح مزاج تصور کیے جانے والے اداکار فیروز خان بھی ماضی میں ٹک ٹاک کو ’کینسر‘ قرار دے چکے ہیں، انہوں نے دو سال قبل فروری 2020 میں ٹک ٹاک پر اپنی متنازع ویڈیوز شیئر کرنے والی لڑکیوں کی تصاویر ٹوئٹ کرتے ہوئے ایپ کو ’کینسر‘ قرار دیا تھا، تاہم حیران کن طور پر اب انہوں نے اسی پر ہی اپنا اکاؤنٹ بنا ڈالا۔

فیروز خان نے دو دن قبل شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن پر اپنا اکاؤنٹ بنایا اور اسے اب تک ایک لاکھ کے قریب افراد فالو کر چکے ہیں۔

فیروز خان بھی دیگر شوبز شخصیات کی طرح ٹک ٹاک پر بلیو ٹک کے ساتھ شامل ہوئے، یعنی ان کے اکاؤنٹ کو انتظامیہ نے تصدیقی اکاؤنٹ کا لیبل بھی فراہم کردیا۔

فیروز خان نے اپنے اکاؤنٹ پر 2 فروری کی شب تک صرف ایک ویڈیو ہی اپ لوڈ کی تھی، جس میں انہیں صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں غریب افراد میں بریانی تقسیم کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئمہ بیگ نے ٹک ٹاک جوائن کر لیا

فیروز خان کی جانب سے شیئر کی گئی مختصر دورانیے کی ویڈیو میں پس منظر میں عاطف اسلم کا کلام سنائی دیتا ہے اور اداکار اپنی لینڈ کروزر میں بیٹھ کر غریبوں میں کھانا تقسیم کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

اداکار کی پہلی اور اب تک کی واحد ویڈیو کو دو دن کے اندر 17 لاکھ بار تک دیکھا جا چکا ہے۔

فیروز خان سے قبل گزشتہ ماہ 25 جنوری کو گلوکارہ آئمہ بیگ نے بھی ٹک ٹاک جوائن کیا تھا۔

آئمہ بیگ سے قبل شوبز کی متعدد معروف شخصیات نے ٹک ٹاک پر اکاؤنٹ بنا رکھے ہیں جب کہ صدر مملکت اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بوزدار کے نام سے بھی شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپ پر اکاؤنٹس موجود ہیں۔

ٹک ٹاک کو پاکستان میں جہاں متنازع ایپ کے طور پر دیکھا جاتا ہے، وہیں مذکورہ ایپ نئی نسل میں سب سے زیادہ مقبول بھی ہے اور آئے دن اس کے صارفین میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024