• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

حکومت بلوچستان کو آٹے کی قیمت مستحکم کرنے کی ہدایت

شائع February 9, 2022
رواں ہفتے ایس پی آئی میں 1.35 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے — فوٹو: پی آئی ڈی
رواں ہفتے ایس پی آئی میں 1.35 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے — فوٹو: پی آئی ڈی

نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی (این پی ایم سی) نے کوئٹہ میں آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت بلوچستان کو ہدایت کی ہے کہ صوبے میں آٹے کی قیمت میں استحکام پیدا کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر خزانہ شوکت ترین کے زیر صدارت اجلاس میں حکومت بلوچستان کو احکامات دیے گئے کہ قیمت مستحکم کرنے کے لیے گندم کا ذخیرہ کریں اور اسے روزانہ آٹے کی ملز کو بھیجیں۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ملک کے دیگر حصوں میں آٹے کی قیمت مستحکم ہے کیونکہ یہاں مناسب ذخیرہ موجود ہے۔

سرکاری اعلان کے مطابق این پی ایم سی کو آگاہ کیا گیا کہ گزشتہ ہفتے چینی کی قیمت میں کچھ اضافہ دیکھا گیا ہے۔

وزیر خزانہ نے وزارت صنعت و پیداوار کو ہدایت کی کہ چینی کا ذخیرہ بڑھانے کی حکمت عملی کو تیز کیا جائے، اجلاس کے دوران این پی ایم سی کو دالوں کی قیمتوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ دال مونگ کی قیمت مستحکم ہے جبکہ دیگر دالوں کی قیمت میں کچھ اضافہ ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: آٹے کی قیمت میں اتار چڑھاؤ روکنے کیلئے ملز مالکان سبسڈائزڈ نرخ پر گندم کی فراہمی کے خواہاں

وزیر خزانہ نے صوبوں کو ہدایت دی کہ ذخیرہ اندوزی اور سپلائی میں پیش آنے والی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے دالوں کی قیمتیں کنٹرول کی جائیں۔

وزارت صنعت و پیداوار کے سیکریٹری نے صوبائی حکام کے تعاون سے مارکیٹ میں خوردنی تیل کی منصفانہ قیمت یقینی بنانے سے متعلق اجلاس کو آگاہی فراہم کی۔

شوکت ترین نے وزارت کو ہدایت کی کہ خوردنی تیل کی مختلف برانڈز کی طلب و رسد کے رجحان پر کام کرتے ہوئے بڑھتی ہوئی قیمتوں کو روکنے کے لیے اصلاحی اقدامات اٹھائیں۔

اجلاس کو پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا میں اجناس کی قیمتوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، اس دوران غور کیا گیا کہ پاکستان میں روز مرہ استعمال ہونے والی بنیادی اشیا کی قیمتیں خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے کم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا صوبوں کیلئے گندم کی یکساں قیمت مقرر کرنے پر غور

اس سلسلے میں این پی ایم سی کو ملک بھر میں سستا اور سہولت بازار میں کم قیمت میں اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

فنانس ڈویژن کے اقتصادی مشیر نے اجلاس کو ہفتہ وار ایس پی آئی کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے مقابلے رواں ہفتے حساس قیمت انڈیکس (ایس پی آئی) میں 1.35 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران 23 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں، تاہم 6 اشیا کی قیمتوں میں کمی سے ایس پی آئی میں 0.17 فیصد کمی دیکھی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024