• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

علی سیٹھی اور شائے گِل کے ’پسوڑی‘ کا ریکارڈ

شائع February 9, 2022
علی سیٹھی کے مطابق گانے کو کم وقت میں یوٹیوب پر 10 لاکھ بار دیکھا گیا—فوٹو: انسٹاگرام
علی سیٹھی کے مطابق گانے کو کم وقت میں یوٹیوب پر 10 لاکھ بار دیکھا گیا—فوٹو: انسٹاگرام

کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کے تحت ریلیز ہونے والے فوک گلوکار علی سیٹھی و گلوکارہ شائے گِل (Shae Gill) کے گانے ’پسوڑی‘ نے نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

’پسوڑی‘ یوٹیوب پر 10 بار دیکھے جانا والا ’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کا پہلا گانا بن گیا جب کہ اسے تین دن سے بھی کم عرصے میں 30 لاکھ سے زائد بار دیکھ لیا گیا۔

’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کے پہلے گانے ’تو جھوم‘ کو بھی اگرچہ زیادہ دیکھا گیا تھا اور اسے بھی بہت ہی زیادہ پسند کیا گیا تھا مگر اس نے تیز 10 لاکھ بار جانے کا اعزاز حاصل نہیں کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کے گانے ’پسوڑی‘ نے مداحوں کے دل جیت لیے

اردو اور پنجابی زبان کی منفرد شاعری اور موسیقی سے ترتیب دیے گئے ’پسوڑی‘ کی شاعری علی سیٹھی اور فضل عباس نے لکھی ہے جب کہ اسے علی سیٹھی نے ذوالفقار جبار خان المعروف زلفی کے ہمراہ کمپوز کیا ہے۔

’پسوڑی‘ کے پروڈیوسرز میں عبداللہ صدیقی بھی شامل ہیں جب کہ اس میں شائے گِل کی گلوکاری و انداز کو بھی کافی سراہا گیا۔

گانے کو یوٹیوب پر تیزی سے 10 لاکھ بار دیکھے جانے کے حوالے سے علی سیٹھی نے انسٹاگرام پر گانے کی شوٹنگ کی ایک مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مداحوں اور ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔

علی سیٹھی نے یہ انکشاف بھی کیا کہ انہیں ’پسوڑی‘ کے سیٹ پر کورونا بھی ہوگیا تھا مگر زلفی نے سخت فیصلے کرتے ہوئے ان کے گانے کو تیار کرنے کا فیصلہ کیا۔

علی سیٹھی نے یہ انکشاف بھی کیا کہ گانے کی شوٹنگ شروع ہونے سے محض 12 گھنٹے قبل ہی انہوں نے ’پسوڑی‘ کی شاعری لکھ کر مکمل کی۔

انہوں نے عبداللہ صدیقی اور اپنا میک اپ کرنے والے افراد کا شکریہ بھی ادا کیا، ساتھ ہی انہوں نے گلوکارہ شائے گِل کی تعریفیں بھی کیں۔

علی سیٹھی نے شائے گِل کے لیے لکھا کہ انہیں بتایا گیا تھا کہ گلوکارہ پاکستان کی دعا لیپا ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ وہ کسی اور جیسی نہیں، اپنی مثال آپ ہیں، ان جیسا کوئی نہیں۔

علی سیٹھی نے ’پسوڑی‘ کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مذکورہ گانا تیار کرنے سے ثقافتی سرحدوں کو توڑنے کا موقع بھی ملے گا اور وہ کثیر الثقافت کو مزید بہتر انداز میں سمجھ پائیں گے۔

’پسوڑی‘ کو 7 فروری کو جاری کیا گیا تھا اور گانے کے جاری ہونے کے بعد دو دن تک ٹوئٹر پر علی سیٹھی اور شائے گِل سمیت ’پسوڑی‘ کا نام ٹرینڈ کرتا رہا تھا۔

’پسوڑی‘ میں افریقی اور عرب ممالک کے طرز کے سیٹ کو دکھایا گیا ہے اور لوگوں نے گانے کے کلاسیکل انداز کو بھی پسند کیا۔

’پسوڑی‘ سے قبل رواں ماہ یکم فروری کو پنجابی زبان کا گانا ’نیڑے نیڑے وس ڈھولا‘ کو ریلیز کیا گیا تھا، جسے ’دی سوچ بینڈ‘ اور ’بٹ برادرز‘ نے گایا تھا۔

اس سے قبل گریمی ایوارڈ نامزد یافتہ امریکی پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب کی آواز میں ’محرم‘ کو 28 جنوری کو جاری کیا گیا تھا۔ عروج آفتاب کے گانے سے قبل 23 جنوری کو عاطف اسلم اور مومنہ مستحسن کا گانا ’سجن ڈس نہ‘ بھی پنجابی زبان میں ریلیز کیا گیا تھا۔

’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کا دوسرا گانا ’کنا یاری‘ گزشتہ ماہ 19 جنوری کو ایوا بی، کیفی خلیل اور عبدالوہاب بگٹی کی آواز میں جاری کیا گیا تھا۔

کوک اسٹوڈیو کا آغاز 14 جنوری سے عابدہ پروین اور نصیبو لال کے گانے ’تو جھوم‘ سے ہوا تھا، جسے شائقین نے خوب سراہا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024