وزیر اعظم کے سٹیزن پورٹل کے ذریعے پنجاب سے موصول ہونے والی 97 فیصد شکایات حل
وفاقی محکموں نے بڑے پیمانے پر عوام کی مشکلات کا ازالہ کرتے ہوئے پنجاب سے موصول ہونے والی 32 ہزار 102 شکایات میں سے 31 ہزار 565 یعنی (97 فیصد) شکایات حل کردیں۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وفاقی محکموں کے صوبائی سربراہان اور علاقائی افسران نے یہ بات گورنر پنجاب چوہدری سرور کے زیر صدارت وزیر اعظم کے سیٹیزن پورٹل سے متعلق اجلاس میں کہی، گورنر پنجاب کو وفاقی محکموں کے کام کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
اجلاس میں گورنر پنجاب کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر راشد منصور، خصوصی سیکریٹری عمر سعید، سوئی گیس، نادرا، واپڈا اور ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈپارٹمنٹ کے چیف ایگزیکٹو سمیت 26 وفاقی محکموں کے صوبائی سربراہان نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں: سٹیزن پورٹل پر درج 2 لاکھ سے زائد شکایات کا دوبارہ جائزہ لینے کا فیصلہ
گورنر نے افسران کو زیادہ سے زیادہ شکایات کا ازالہ کرنے کا عمل یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی بھی کی۔
گورنر پنجاب کو بریفنگ دی گئی کہ گزشتہ 3 ماہ کے دوران پنجاب کے وفاقی محکموں کو 32 ہزار 109 شکایات موصول ہوئیں، جس میں سے 31 ہزار 365 کو حل کردیا گیا ہے جبکہ 544 مختلف عدالتی معاملات کے سبب تاخیر کا شکار ہیں۔
گورنر نے لاہور میں نادرا کے ریجنل ہیڈ آفس کا سہولت سینٹر قائم کرنے کے اقدامات کو سراہا، اس کے ذریعے وراثت اور جانشینی سرٹیفیکٹ حاصل کیا جاسکتا ہے۔
اس موقع پر گورنر چوہدری سرور نے تمام محکموں کو بروقت عوامی شکایات حل کرنے کے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی۔
پاور کمپنیوں کے سربراہان کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے گورنر نے زور دیا کہ اوور بلنگ اور بجلی کے میٹر نصب کرنے کے حوالے سے درپیش مسائل کو جلد ازا جلد حل کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان سٹیزن پورٹل: شکایت کنندگان میں طلبا اور تاجروں کی تعداد سب سے زیادہ
انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام سرکاری اداروں کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کے لیے مسائل پیدا کرنے کے بجائے انہیں سہولت فراہم کریں۔
لائیو اسٹاک
پنجاب کے لائیو اسٹاک اور ڈیری ڈیولپمنٹ کے وزیر سردار حسنین بہادر دریشک نے دعویٰ کیا ہے کہ دودھ اور گوشت کی پیداوار بڑھانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں کیونکہ حکومت نے لائیو اسٹاک، ڈیری اور پولٹری کے شعبوں کو کامیاب بنانے کا عزم کیا ہے۔
انہوں نے یہ بات سرمایہ کاری و تجارت بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام پبلک پرائیویٹ اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔