’پھر ملیں گے‘ سے ’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کا اختتام
رواں برس جنوری میں شروع ہونے والے ’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کا آخری گانا ’پھر ملیں گے‘ ریلیز کردیا گیا۔
تقریبا گزشتہ دو ماہ کے دوران ’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کے مجموعی طور پر 13 گانے جاری کیے گئے، جن میں سے آخری گانے کو 22 مارچ کو جاری کیا گیا۔
’پھر ملیں گے‘ میں فیصل کپاڈیا اور ’ینگ اسٹنرز‘ بینڈ نے آواز کا جادو جگایا ہے اور گانے کو فوک ریپنگ میں جاری کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کا انگریزی و اردو گانا ’گو‘ ریلیز
گانے کو جاری کرتے ہوئے کوک اسٹوڈیو انتظامیہ نے تصدیق کی کہ اسی سے شو کا اختتام ہوا اور اب وہ شائقین سے نئے موسیقاروں اور گلوکاروں کے ساتھ ’پھر ملیں گے‘۔
’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کے اختتام کے حوالے سے پروڈیوسر عبداللہ صدیقی نے بھی جذباتی پیغام شیئر کیا اور لکھا کہ جب انہوں نے پہلی بار ’پھر ملیں گے‘ کی موسیقی اور بول سنے تھے، اس وقت ہی انہوں نے ذوالفقار علی جبار المعروف زلفی خان کے ساتھ مشورے سے طے کیا تھا کہ مذکورہ گانے کو سیزن کا آخری گانا ہونا چاہیے۔
مزید پڑھیں: ’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کا گیارہواں گانا ’ٹھگیاں‘ ریلیز
انہوں نے ’پھر ملیں گے‘ کی تعریف کرتے ہوئے سیزن 14 میں آواز کا جادو جگانے والے تمام گلوکاروں، شاعری لکھنے والے نغمہ نگاروں اور موسیقاروں کا بھی شکریہ ادا کیا، ساتھ ہی انہوں نے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
کوک اسٹوڈیو کے آخری گانے ’پھر ملیں گے‘ سے قبل سیزن کا بارہواں گانا ’گو‘ عاطف اسلم اور عبداللہ صدیقی کی آواز میں 18 مارچ کو جاری کیا گیا تھا۔
سیزن کے گیارہواں گانے ’ٹھگیاں‘ کو 13 مارچ کو قرة العین بلوچ اور زین زوہیب کی آواز میں جاری کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ مومنہ مستحسن کا گانا ’بے پروا‘ ریلیز
اس سے قبل دسویں گانے ’بے پروا‘ کو مومنہ مستحن کی آواز میں 7 مارچ کو جاری کیا گیا تھا۔
’بے پروا‘ سے قبل گزشتہ ماہ 28 فروری کو ’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کے نویں گانے ’معزز صارف‘ کو ریلیز کیا گیا تھا، جسے میشا شفیع اور ان کے فارس شفیع نے گایا تھا۔
’معزز صارف‘ سے قبل 21 فروری کو کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کا آٹھواں گانا ’پیچھے ہٹ‘ ریلیز کیا گیا تھا، جسے جسٹن بیبیز اور حسن رحیم نے گایا تھا۔
مزید پڑھیں: ’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ میشا شفیع اور ان کے بھائی فارس شفیع کا گانا ریلیز
اس سے قبل کوک اسٹوڈیو کے ساتویں گانے ’یہ دنیا‘ کو 12 فروری کو جاری کیا گیا تھا، جسے یوزک بینڈ ’قراقرم‘ کے شیری خٹک نے طلحہٰ انجم اور فارس شفی کے ساتھ گایا تھا۔
کوک اسٹوڈیو کے اب تک کے سب سے مقبول گانے ’پسوڑی‘ کو کو علی سیٹھی اور شے گل کی آواز میں گزشتہ ماہ سات فروری کو جاری کیا گیا تھا، ’پسوڑی‘ کوک اسٹوڈیو کا سب سے زیادہ تیزی سے 10 لاکھ بار دیکھا جانے والا گانا بھی بنا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کا گانا ’پیچھے ہٹ‘ ریلیز
’پسوڑی‘ سے پہلے یکم فروری کو پنجابی زبان کا گانا ’نیڑے نیڑے وس ڈھولا‘ کو ریلیز کیا گیا تھا، جسے ’دی سوچ بینڈ‘ اور ’بٹ برادرز‘ نے گایا تھا۔
اس سے قبل گریمی ایوارڈ نامزد یافتہ امریکی پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب کی آواز میں ’محرم‘ کو 28 جنوری کو جاری کیا گیا تھا۔ عروج آفتاب کے گانے سے قبل 23 جنوری کو عاطف اسلم اور مومنہ مستحسن کا گانا ’سجن ڈس نہ‘ بھی پنجابی زبان میں ریلیز کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: ’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کا چھٹا گانا ’یہ دنیا‘ ریلیز
’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کا دوسرا گانا ’کنا یاری‘ گزشتہ ماہ 19 جنوری کو ایوا بی، کیفی خلیل اور عبدالوہاب بگٹی کی آواز میں جاری کیا گیا تھا۔
کوک اسٹوڈیو کا آغاز 14 جنوری سے عابدہ پروین اور نصیبو لال کے گانے ’تو جھوم‘ سے ہوا تھا، جسے شائقین نے خوب سراہا تھا۔