• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

مریم نواز کے’پرانے پاکستان‘ میں جہاز اترنے کے بیان پر حنا بیات ناخوش

شائع March 27, 2022
حنا خواجہ بیات نے مریم نواز کے بیان پر ویڈیو جاری کی—فائل فوٹو: فیس بک/ ٹوئٹر
حنا خواجہ بیات نے مریم نواز کے بیان پر ویڈیو جاری کی—فائل فوٹو: فیس بک/ ٹوئٹر

سینیئر اداکارہ حنا خواجہ بیات نے پاکستان مریم نواز کے اس بیان پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے جس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا تھا کہ پاکستان کا جہاز کسی وقت بھی ’پرانے پاکستان‘ میں اتر سکتا ہے۔

حنا خواجہ بیات نے انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو جاری کرتے ہوئے مریم نواز کے بیان پر اپنا رد عمل دیا اور دعا مانگی کہ خدا نہ کرے کہ پاکستان کا جہاز کبھی اس پرانے پاکستان میں اترے، جسے مریم نواز اور ان کی اتحادی پارٹیوں نے تباہ کیا۔

حنا خواجہ بیات نے اپنے مختصر ویڈیو میں کہا کہ انہوں نے آج تک کبھی کسی کے بارے میں کوئی سخت الفاظ استعمال نہیں کیے مگر انہیں مریم نواز نے مجبور کردیا کہ وہ ایسے جملے استعمال کریں۔

اداکارہ نے مریم نواز کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کے بیان پر ’آپ کے منہ میں خاک‘۔

حنا خواجہ بیات نے مریم نواز کو مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ ’خدا نہ کرے کہ بقول آپ کے کہ پاکستان کا جہاز اس پرانے پاکستان میں اترے، جسے آپ نے اور آپ کی اتحادیوں نے بنایا تھا‘۔

سینیئر اداکارہ نے دعا مانگی کی ’خدا ہمارے پاکستان کی حفاظت کرے، ملک کے اندر اور باہر بیٹھے دشمنوں سے اور پاک فوج کی بھی حفاظت کرے‘۔

حنا خواجہ بیات نے محب وطن سیاستدانوں اور لیڈروں کی حفاظت کی بھی دعا مانگی اور کہا کہ ایسی دعا ہر محب وطن پاکستانی مانگ رہا ہے۔

سینیئر اداکارہ نے اپنی ویڈیو میں کسی محب وطن پاکستانی سیاستدان کا نام نہیں لیا، تاہم انہوں نے مریم نواز کا نام لے کر ان پر تنقید کی۔

حنا خواجہ بیات کی ویڈیو کو بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی شیئر کیا گیاجب کہ دیگر افراد نے بھی ان کی ویڈیو کو شیئر کیا۔

ان سے قبل 25 مارچ کو مریم نواز نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پاکستانیوں کو تیار رہنے کے لیے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’عوام سیٹ بیلٹ باندھ لیں، کیوں کہ پاکستان کا جہاز کسی وقت بھی پرانے پاکستان میں اتر سکتا ہے‘۔

خیال رہے کہ ’نیا پاکستان‘ کی اصطلاح عام طور پر پی ٹی آئی کے کارکنان اور حمایتی استعمال کرتے ہیں، کیوں کہ عمران خان وزیر اعظم بننے سے قبل ’نیا پاکستان‘ بنانے کے وعدے کرتے تھے۔

عمران خان کی جانب سے وزیر اعظم بن جانے کے بعد پی ٹی آئی دعویٰ کرتی ہے کہ اب ’نیا پاکستان‘ بن چکا۔

جب کہ ان کی حریف جماعتیں اور سیاستدان ’پرانے پاکستان‘ کی اصطلاح عمران خان کے اقتدار میں نہ رہنے والے پاکستان کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024