• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

سپر ماڈل بیلا حدید اداکاری کرنے کے لیے تیار

شائع April 2, 2022
بیلا حدید ویب سیریز سے اداکاری کا آغاز کریں گی، رپورٹ—فائل فوٹو: بیسٹ امیج
بیلا حدید ویب سیریز سے اداکاری کا آغاز کریں گی، رپورٹ—فائل فوٹو: بیسٹ امیج

متعدد ملٹی نیشنل برانڈز کی تشہیری مہم کا حصہ رہنے والی فلسطینی نژاد امریکی سپر ماڈل بیلا حدید نے تصدیق کی ہے کہ وہ جلد اداکاری کرتی دکھائی دیں گی۔

بیلا حدید کا شمار دنیا کی چند سپر ماڈلز میں ہوتا ہے، وہ معروف ماڈل جی جی حدید کی چھوٹی بہن ہیں، ان کے بھائی انور حدید بھی ماڈل ہیں جب کہ ان کے والد محمد حدید کاروباری شخص ہیں۔

بیلا حدید اور ان کے بہن و بھائیوں کی پیدائش امریکا میں ہی ہوئی ہے، تاہم ان کے والد فلسطین میں پیدا ہوئے تھے جو کم عمری میں ہی امریکا منتقل ہوگئے تھے۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ اداکارہ کا کردار کیا ہوگا؟—فائل فوٹو: رائٹرز
ابھی یہ واضح نہیں کہ اداکارہ کا کردار کیا ہوگا؟—فائل فوٹو: رائٹرز

بیلا حدید نے انتہائی کم عمری یعنی 16 برس کی عمر میں ماڈل کا آغاز کیا تھا اور اب تک انہیں تقریبا ایک دہائی ہو چکی ہے اور وہ درجنوں ملٹی نیشنل برانڈز کی بڑی تشہری مہمات کا حصہ بن چکی ہیں۔

بیلا حدید کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ دو درجن سے زائد بار معروف فیشن میگزین ’ووگ‘ کی سرروق کی زینت بن چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کیا واقعی بیلا حدید نے اسرائیل مخالف پوسٹ ڈیلیٹ کی؟

اب ماڈلنگ کے بعد جلد ہی وہ اداکاری بھی کرتی دکھائی دیں گی اور وہ ایکٹنگ کا آغاز ویب سیریز سے کریں گی۔

بیلا حدید نے انسٹاگرام پوسٹ میں اپنی اداکاری کے آغاز سے متعلق شوبز ویب سائٹ کی خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ جلد اسکرین پر دکھائی دیں گی۔

بیلا حدید کی اداکاری کے آغاز کے حوالے سے شوبز ویب سائٹ ’ورائٹی‘ نے بتایا کہ سپر ماڈل مصری نژاد امریکی اداکار، پروڈیوسر و لکھاری رامی یوسف کی بنائی گئی ’رامی‘ نامی ویب سیریز کے تیسرے سیزن میں دکھائی دیں گی۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’رامی‘ میں بیلا حدید کون سا کردار ادا کریں گی، تاہم اس بات کی تصدیق کردی گئی ہے کہ وہ ویب سیریز کے تیسرے سیزن کا حصہ ہوں گی۔

’رامی‘ نامی ویب سیریز کا پہلا سیزن مئی 2019 میں امریکی اسٹریمنگ ویب سائٹ ’ہولو‘ پر ریلیز کیا گیا تھا، جس کا دوسرا سیزن مئی 2020 میں نشر ہوا تھا اور اب اس کے تیسرے سیزن پر کام کیا جائے گا۔

’رامی‘ کی کہانی مصری نژاد نوجوان کی زندگی کے گرد گھومتی ہے، جس کی پرورش مغربی دنیا کے مہاجر والدین کرتے ہیں، جس وجہ سے انہیں کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ویب سیریز میں دکھایا گیا ہے کہ مغربی دنیا میں کس قدر ایک مسلمان عقیدے کا شخص مسائل میں مبتلا رہتا ہے اور وہ کیسے لوگوں کو یقین دلاتا ہے کہ دنیا کی عارضی زندگی کے بعد ایک ابدی زندگی بھی ہے۔

ویب سیریز کا مرکزی کردار ’رامی‘ ہی ہے، جسے مصری نژاد امریکی اداکار و لکھاری رامی یوسف نے ادا کیا ہے اور وہ مغربی معاشرے کے ہم عمر ان افراد کو دوسری زندگی سے متعلق قائل کرتا دکھائی دیتا ہے، جن کا یقین ہے کہ دنیاوی زندگی کے بعد اور کوئی زندگی نہیں ہوتی۔

ویب سیریز کے تیسرے سیزن میں ’رامی‘ کے کردار کو روحانی سفر ختم کرکے چچا کے ہیروں کے کاروبار میں ہاتھ بٹاتے دکھایا جائے گا۔

ویب سیریز کی دوسری کاسٹ میں عرب نژاد اداکار بھی شامل ہیں اور ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ ’رامی‘ کا تیسرا سیزن کب تک ریلیز ہوگا؟

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024