• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

حکومت کا خاتمہ، پی ٹی آئی کا 13اپریل سے ملک گیر احتجاجی مظاہرے شروع کرنے کا اعلان

شائع April 11, 2022
کراچی میں تحریک انصاف کے حامی 10اپریل کو اپنی حکومت کی برطرفی کے خلاف مظاہرے کررہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
کراچی میں تحریک انصاف کے حامی 10اپریل کو اپنی حکومت کی برطرفی کے خلاف مظاہرے کررہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے اپنی حکومت کے خاتمے اور آنے والی حکومت کی تشکیل کے خلاف بدھ (13 اپریل) سے ملک گیر احتجاجی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں نئی آنے والی حکومت کی قیادت مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کریں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اتوار کو ڈان کو بتایا کہ ہم بدھ سے پشاور سے ملک گیر مہم شروع کرنے جا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: عمران خان کو وزرات عظمیٰ سےہٹائے جانے کے خلاف پی ٹی آئی کا ملک گیر احتجاج

دریں اثنا سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے ملک بھر سے ان کی حمایت اور آنے والی حکومت کی مخالفت میں احتجاج کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ یکجہتی کے اظہار اور امریکی حمایت سے مقامی میرجعفروں کے بل پر حکومت بدلنے اور ضمانتوں پر رہا ڈاکوؤں کے بے حمیت ٹولے کو اقتدار دلوانے کے خلاف جذبات سےبھرپور احتجاج کے لیے بڑی تعداد میں نکلنے پر میں اہلِ پاکستان کا مشکور ہوں، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ملک وبیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے اسے پوری شدت سے مسترد کردیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ معزول وزیراعظم بدھ کو پشاور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اتوار کو عمران خان کی زیر قیادت پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پارٹی کے تمام اراکین قومی اسمبلی اور ان کے اتحادی پیر کو نئے وزیراعظم کے انتخاب کے بعد مستعفی ہو جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے استعفے دیے تو ان حلقوں میں ضمنی انتخاب کروائیں گے، احسن اقبال

تاہم پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پارٹی نے اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

اس سے قبل اتوار کو وفاقی دارالحکومت میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ملک بھر میں عوامی جلسے کیے جائیں گے، قوم ’کرپٹ اور امپورٹڈ‘ حکومت کو قبول نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کال پر اتوار کو ملک کے تمام حصوں سے لوگ سڑکوں پر نکل آئے تھے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے کہا کہ یہ ایک اچھی علامت ہے کہ اتوار کی رات 12 بجے ملک کی عدالتیں کھل گئیں اور سوال کیا کہ پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کے خلاف گھروں سے باہر نکلنے والوں کے ساتھ ایسا کیوں نہیں ہو سکتا؟۔

مزید پڑھیں: گورنر خیبر پختونخوا کا مستعفی ہونے کا فیصلہ، عمران اسماعیل بھی پیروی کیلئے تیار

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ عمران خان کو قتل اور ان کے اور ان کے خاندان کے خلاف ’گندی‘ مہم شروع کرنے کی سازش کی گئی ہے۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ سوشل میڈیا پر عمران خان کی کردار کشی کی حامل جعلی ویڈیوز چلائی جائیں گی۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024